1.  Home/
  2. Blog/
  3. Ibn e Fazil/
  4. Awargi e Tafakur

Awargi e Tafakur

آوارگیِ تفکر

ایک، دو۔تین چار پانچ چھ ۔ایک دو تین چار پانچ چھ سات آٹھ نو دس۔ایک دو تین چار پانچ چھ سات۔

چھ دہائے ساٹھ۔تے ساٹھ ساتے چار سو بیس۔تقریباً ڈھائی کلو۔ایک اینٹ کا وزن ہوتا ہے۔گویا ایک ٹن سے زیادہ وزن ڈال رکھا ہے اس لوڈر رکشہ والے نے۔توبہ یہ پاکستانی بھی نا۔یہ پانچ سو کلو کیلئے ڈیزائن ہوا ہے اب اگر اچانک بریک لگانا پڑی تو یا سلپ کریگا یا غیرمتوازن ہوکر گرے گا اور پھر الزام قدرت پر آئے گا کہ قسمت میں یہی لکھا تھا ۔دیکھو ذرا اچھا بھلا سمجھدار آدمی دکھائی دیتا ہے۔سوٹڈ بوٹڈلیکن ون وے کے خلاف آرہا ہے اور کس قدر مطمئن ہے۔اللہ ہدایت دے اب جرم جرم ہی نہیں لگتا۔

اوہ اوہ۔دھیان سے بھائی توبہ ہے ابھی محترمہ کا دوپٹہ موٹرسائیکل کے پہیہ میں آتے آتے بچا۔یہ خواتین نہیں معلوم کیوں ایک طرف ٹانگیں کرکے بیٹھتی ہیں ۔حالانکہ کہیں پڑھا تھا کہ ہندوستانی خواتین جو ساڑھی پہنتی ہیں چونکہ ان کیلئے ساڑھی میں دونوں اطراف ٹانگیں کرکے بیٹھنا ممکن نہیں ہوتا اس لیے ان کی۔سہولت کیلئے یہ مشکل طریقہ ایجاد کیا گیا۔

مگر ہماری خواتین تو ساڑھی نہیں پہنتیں ۔نہیں معلوم شاید ان کو لگتا ہو کہ مردوں کی طرح بیٹھنے سے اسلام کو کوئی گزند پہنچنے کا خطرہ ہو۔حالانکہ ایران اور ملائشیا میں ہم نے خواتین کو بالکل مردوں کی طرح دونوں اطراف ٹانگیں کیے بیٹھے دیکھا ہے ان کا اسلام شاید ہمارے والے سے مضبوط ہوگا۔اچھا دفع کرو جی سانوں کیہہ اف خدایا یہ لڑکے بھی ون وہیلنگ سے باز نہیں آتے۔کس قدر سختی کررکھی ہے سرکار نے پھر بھی۔

اگر انہیں کوئی باقاعدہ موٹر سپورٹس کیلئے جگہ دے دی جائے تو شاید یہ سڑکوں پر اس طرح اپنی اور لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ڈالنے سے بچ جائیں ۔جانے کیوں مجھے لگتا ہے کہ جب تک ہمارے پاس وسائل نہیں مساجد اور مدرسوں کی طرح کھیل کے میدان بھی چندہ جمع کر کے بنائے جائیں تو اللہ کریم خوش ہی ہوں گے۔

بھائی رفتار پر دھیان دو آگے سپیڈ کیمرہ ہے۔کہیں پھر سے چالان نہ ہوجائے۔آج لیٹ ہوگیا ہوں ۔نہیں معلوم فیکٹری کے کاریگر دھیان سے کام بھی کررہے ہیں کہ نہیں ۔

یار یہ رنگ روڈ بھی ویسے کمال کی نعمت ہے۔شہباز شریف نے بے تحاشہ اچھے کام۔کیے ہیں ویسے وہ الگ بات ہے کہ ہمیں ان سے اصولی اختلاف ہے۔عمران خان کی حکومت بھی بہت سے میگا پراجیکٹس کررہی ہے ایسی بات نہیں ابھی کل ہی دیکھا تھا سڑک کے ساتھ ساتھ فٹ پاتھ پر روغن کیا جارہا تھاتوبہ ہے اس اشارہ پر آج پھر اسقدر ہجوم ہے۔دس منٹ تو کہیں نہیں گئے۔جی جی۔ہیلو ہیلو۔آواز آرہی ہے

آج صبح فیکٹری جاتے ہوئے راستہ کی خودکلامی۔

Check Also

9 May Ki Maafi Nahi

By Saira Kanwal