Thursday, 09 May 2024
  1.  Home/
  2. Blog/
  3. Ibn e Fazil/
  4. Anokhe Karobar

Anokhe Karobar

انوکھے کاروبار

لاہور کے ایک پررونق چوک میں بریانی کی ایک بڑی دکان کھولی گئی۔ بہت خوبصورت زیبائش اور زبردست فرنیچر کے ساتھ پورے کروفر کے ساتھ کاروبار کا آغاز کیا گیا۔ معیار اچھا تھا اور ماحول بھی صاف ستھرا تھا سو آغاز سے ہی خاصا رش ہونا شروع ہوگیا۔ نئی فیکٹری سے کچھ ہی فاصلے پر تھا سو ہم نے بھی کبھی کبھار منگوانا شروع کر دیا۔

لیکن دو تین بار تجربہ ہوا کہ بریانی کے ساتھ جو رائتہ کا پیکٹ آتا اس میں رائتہ آدھے سے زیادہ جما ہوا ہوتا۔ غالباََ وقت کی قلت کے باعث رائتہ رات کو ہی بنا کر پیکنگ کر کے فریزر میں رکھ دیا جاتا۔ جو صبح تک آدھا یا کبھی کبھی آدھے سے زیادہ جم جاتا۔ صبح اسی طرح جما ہوا رائتہ گاہکوں کو دے دیا جاتا۔ ہمیں جما ہوا رائتہ کھاتے ہوئے کافی الجھن ہوتی تو ایک دو بار آفس بوائے کو کہلا بھیجا کہ رائتہ چیک کر کے لانا جما ہوا نہ ہو لیکن وہ پھر جما ہوا ہی لے آیا۔

سرزنش کی تو کہا کہ ان کے پاس سارے رائتے ایسے ہی ہوتے ہیں۔ ہم نے کہہ دیا کہ دوبارہ ان سے بریانی نہیں لانا۔ بات ذہن سے نکل گئی۔ دو تین ماہ بعد وہاں سے گزر ہوا تو دیکھا کہ بریانی کی دکان کی جگہ میڈیکل سٹور کھلا ہوا تھا۔ تجسس ہوا تو گاڑی روک کر دکان کے باہر کھڑے ٹھیلے والے سے پوچھا بھائی یہاں بریانی کی دکان ہوتی تھی کیا ہوئی؟ کہنے لگا صاحب پتہ نہیں کیا ہوا جس تیزی سے چلی تھی اسی تیزی سے بند ہوگئی۔

ہم نے جی میں سوچا کہ آپ کو نہیں پتہ بھائی صاحب لیکن ہمیں کچھ کچھ معلوم ہے کہ کیا ہوا۔ کبھی کبھار ثانوی اشیاء کا کم تر معیار اصل چیز کے کاروبار کو بھی لے ڈوبتا ہے۔

اس ایک کہانی میں دو بڑے سبق ہیں۔ ایک یہ کہ محبوب سے بھی نازک مزاج ہوتا ہے گاہک، اور دوسرا یہ کہ بریانی بیچنے والوں کو اچھے معیار کا رائتہ بنا کر پیک کر کے بیچنے کی گنجائش موجود ہے۔ کاروبار میں ہر شخص آسانی چاہتا ہے، وقت کی بچت چاہتا ہے۔ کسی بھی کاروبار کو اگر قابل بھروسہ بزنس پارٹنرز مل جائیں تو اس میں سب کا بھلا ہوتا ہے۔ اپنے ارد گرد کاروبار میں مشغول لوگوں کے مسائل پر نظر رکھیں، کچھ لوگوں کے مسائل دیگر لوگوں کے لیے کاروبار کے مواقع بن سکتے ہیں۔

ایک اور مثال دیکھیں۔ ایک ہمارے جاننے والے کام کی تلاش میں تھے۔ قدرت نے ذہن میں ڈالا انہوں نے ہنڈیا کے لیے تیار بھنا ہوا مصالحہ بنانے کا تجربہ کیا۔ خشک ٹماٹر، ادرک کا پاؤڈر، لہسن کا پاؤڈر، تلے پیاز، اچھی کوالٹی کا گھی نمک مرچ اور چنیدہ مصالحہ جات کے ساتھ تھوڑی سی مشق کے بعد بن گیا۔ بھنا مصالحہ لے کر وہ ایک کینٹین پر گئے۔ کینٹین والے نے تھوڑا سا مصالحہ ڈالا، چکن پکایا بہت اچھا بنا۔ اس کی پیاز، ادرک، ٹماٹر، مصالحہ جات لانے، انہیں دھونے چھیلنے بنانے پکانے کی ساری مشقت سے جان چھوٹ گئی اس نے فوراً ایک کنستر کا آڈرد دے دیا۔

چند ماہ میں کام اتنا بڑھ گیا کہ کئی ملازم رکھنا پڑے۔ اب ماشاءاللہ بہت سے بڑے اداروں کو بھنا ہوا تیار مصالحہ فراہم کیا جا رہا ہے۔ مزے کہ بات ہے کہ بھنے ہوئے مصالحہ کی تیاری کے اس تخیل پر کچھ عرصہ پہلے بھی کسی نے مشاورت کی۔ ہم نے کہا بہت اچھا آئیڈیا ہے۔ لوگوں کو آسانی چاہیے۔ لیکن وہ خائف رہے اور کام نہیں کر پائے۔ آج ان کی کامیابی کو دیکھ کر ہمت پکڑ رہے ہیں۔

تو ثابت ہوا کہ ضروری نہیں کہ کوئی بہت بڑی سائنس یا کوئی بہت پیچیدہ ہنر سے ہی کاروبار میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ کسی کاروبار کا مسئلہ حل کر کے آپ بطریق احسن شاندار روزگار حاصل کر سکتے ہیں، بس غور کہ عادت اپنا لیں۔

Check Also

Kya Aap Ki Job Mehfooz Hai?

By Qamar Naqeeb Khan