Friday, 29 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Ibn e Fazil
  4. Aik Mumkina Taqreer

Aik Mumkina Taqreer

ایک ممکنہ تقریر

بسم اللہ الرحمن الرحیم۔ ایاک نعبد وایاک نستعین۔۔

میرے پاکستانیو! آپ کو کیا لگتا ہے کہ حکومت کو احساس نہیں کہ ملک بری طرح ڈینگی کی لپیٹ میں ہے، ہسپتال مریضوں سے بھرے پڑے ہیں اور وبا کسی طرح قابو میں نہیں آرہی۔

سب سے پہلے تو میں یہ کلئیر کردوں کہ اس وبا کے پھیلانے میں سراسر شہباز شریف کا ہاتھ ہے۔ اگر شہباز شریف ڈینگی ختم کرنے کے معاملے میں اس سے آدھا بھی سنجیدہ ہوتا جتنی ہماری حکومت غریبوں کو میرا مطلب ہے غربت کے خاتمے کے لئے سیریس ہے تو وطن عزیز میں اج ایک بھی ڈینگی مچھر نہ ہوتا۔

اور دوسری بات کہ ہم بالکل بھی آرام سے نہیں بیٹھے۔ اصل بات یہ ہے کہ انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ آف صوفی ازم کی چیئرپرسن کے مطابق انسانوں کا محض اپنے ذاتی فائدہ کے لیے مچھروں یا دوسری مخلوق کو زہر سے مارنا درست عمل نہیں، سو اس واسطے ہم نے ملک بھر میں جاری مچھر مار سپرے مہم روک دی ہے۔

لیکن ہماری وزارت سائنس نے دن رات محنت کر کے اس کا زبردست قابل عمل دیرپا حل تلاش کیا ہے۔ ہم نے پچاس کروڑ کی خطیر رقم خرچ کرکے جنوبی افریقہ سے کربغوزہ نسل کے لاکھوں مینڈک منگوائے ہیں۔ اور آپ کو بالکل بھی شرمندہ ہونے کی ضرورت نہیں یہ پچاس کروڑ ہم نے دنیا سے بھیک مانگ کر اکٹھا نہیں کیے بلکہ اس میں سے بیس کروڑ ہم نے مینٹل ہیلتھ کے بجٹ سے لیے ہیں اور تیس کروڑ پرائمری ایجوکیشن کے بجٹ سے۔ (کیونکہ اگر ان دونوں میدانوں میں اتنا زیادہ بجٹ درست استعمال ہوگیا تو ایسے فیصلے کرنے والے حکمران اور ان فیصلوں کا دفاع کرنے والے عوام کہاں سے میسر آئیں گے)

اگلے ہفتے سے ہماری ٹائیگر فورس ہر گھر میں پانچ مینڈکیاں اور اور ایک میندک کا پیکٹ پہنچائے گی۔ ان کو آپ نے فرج کے سب سے نیچے والے خانے رکھنا ہے۔ اور صبح سورج طلوع ہوتے وقت اور شام کو سورج غروب ہوتے وقت گھر میں چھوڑنا ہے۔ یہ مینڈک سارے مچھر کھاجائیں گے۔ اس طرح دو تین ماہ میں پورا ملک مچھروں سے پاک ہوجائے گا۔ البتہ ان مینڈکوں کو تلف کرنے کے لیے پھر ہم آسٹریلیا سے کنڈیلے چوہے منگوائیں گے۔ کنڈیلے چوہوں کوکیسے تلف کرنا ہے اس پر کام ہورہا ہے۔

میرے پاکستانیو جب میں آپ سے کہتا ہوں کہ آپ نے گھبرانا نہیں۔۔ تو یہ محض تسلی نہیں ہوتی بلکہ اسکے پیچھے ہماری اسی طرح کی عرق ریزی اور محنت شاقہ ہوتی ہے۔۔ اللہ آپ سب کا حامی وناصر ہو۔

پاکستان پائندہ باد

(اس قدر اہم قومی معاملہ پر تحریر ھذا تپ سہ ہندسہ میں مبتلا سپردقلم کی گئی اور وسیع تر ملکی مفاد میں شائع کی جارہی ہے۔)

Check Also

Bushra Bibi Aur Ali Amin Gandapur Ki Mushkilat

By Nusrat Javed