Rishta Wo Jo Waqt Na Samajh Paya
رشتہ جو وقت نہ سمجھ پایا

"محبت کا دکھ رلا نہیں دیتا، خاموش کر دیتا ہے اور خاموشی وہ صدمہ ہے جس کی آواز برسوں گونجتی ہے"، محبت میں ناکامی صرف ایک واقعہ نہیں ہوتا، یہ ایک مکمل ادھورا سفر ہے۔ ایسا سفر جس میں ہم منزل سے پہلے کسی سنسان موڑ پر چھوڑ دیے جاتے ہیں، نہ کوئی نقش رہتا ہے، نہ آواز، نہ سایہ۔
جب کوئی شخص مخلص ہوتا ہے، تو وہ صرف ساتھ نہیں دیتا، وہ آپ کے اندر بس جاتا ہے۔ آپ کی عادتوں میں، دعاؤں میں، خوابوں میں اور پھر اگر وہ چلا جائے، تو صرف ایک شخص نہیں جاتا، خود کا ایک حصہ ساتھ لے جاتا ہے اور شاید یہی سب سے بڑی سزا ہے۔۔
محبت میں ناکامی نہیں، بلکہ کسی مخلص انسان کا بچھڑ جانا۔ ایسا شخص جو آپ کی خاموشی کو سمجھتا تھا، جو آپ کی آنکھوں سے دل کا حال پڑھ لیتا تھا، جو آپ کو آپ سے بہتر جانتا تھا۔۔ جب وہ رخصت ہوتا ہے، تو آپ تنہا نہیں ہوتے، آپ ادھورے ہو جاتے ہیں۔
ہم دنیا سے لڑ سکتے ہیں، حالات سے، وقت سے، یہاں تک کہ اپنی تقدیر سے بھی۔ لیکن ہم اُس خاموشی سے نہیں لڑ سکتے جو کسی مخلص انسان کے چلے جانے کے بعد ہماری زندگی کا حصہ بن جاتی ہے۔
رشتوں میں سب سے اہم چیز خلوص ہے، وہ بےلوثی جس میں نہ کوئی شرط ہوتی ہے، نہ کوئی حساب۔ جس میں بس ایک شخص کا ہونا کافی ہوتا ہے۔ لیکن یہ المیہ ہے کہ ہم اُس خلوص کو اُس وقت تک سمجھ نہیں پاتے، جب تک وہ ہم سے چھن نہ جائے۔
ہم اکثر بہت کچھ کہنا چاہتے ہیں، لیکن وقت پر کہہ نہیں پاتے۔ ہم چاہتے ہیں کہ سامنے والا ہمارا دل خود ہی پڑھ لے۔ ہم انا کی دیواریں کھڑی کر دیتے ہیں اور خلوص۔۔ وہ دب کر رہ جاتا ہے۔
پھر ایک دن ایسا آتا ہے، جب سب کچھ ختم ہو چکا ہوتا ہے اور ہمارے پاس صرف ایک سوال رہ جاتا ہے: "کیا سب کچھ بچایا جا سکتا تھا؟"
ہاں، بچایا جا سکتا تھا۔۔
اگر ہم وقت پر سمجھ لیتے کہ رشتوں کو دلیل نہیں، دل کی جگہ چاہیے۔ اگر ہم اپنے اندر کی خاموشی کو زبان دے دیتے۔ اگر ہم اپنی ضد سے زیادہ، سامنے والے کے جذبے کو اہمیت دے دیتے۔
محبت کا اصل امتحان تب نہیں ہوتا جب سب کچھ ٹھیک چل رہا ہو۔ بلکہ تب ہوتا ہے جب سب کچھ بکھر رہا ہو اور آپ پھر بھی اُس ایک شخص کا ہاتھ تھامے رکھیں۔ اگر آپ کی زندگی میں کوئی مخلص انسان موجود ہے۔ جو آپ کے درد کو اپنا سمجھے۔ جو آپ کو بنا سنوارنے کی کوشش کرے۔ جو آپ کے بغیر مکمل نہ ہو۔ تو اُس کی قدر کریں۔
کیونکہ وقت کا سب سے تلخ سبق یہی ہے کہ: "کچھ لوگ دوبارہ نہیں ملتے"۔

