Saturday, 06 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Haseeb Ahmad
  4. Bunyan Marsoos

Bunyan Marsoos

بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص

11 مئی کی صبح تاریخ میں ایک ایسے باب کے طور پر لکھی جائے گی جہاں پاکستان نے ایک مرتبہ پھر دنیا کو دکھا دیا کہ وہ نہ صرف ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست ہے بلکہ سیسہ پلائی دیوار کی طرح اپنے دفاع کے لیے تیار بھی ہے اور یکجان بھی۔

گزشتہ شب بھارت نے ایک بار پھر اپنی روایتی بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جدید ڈرونز اور میزائلوں کے ذریعے پاکستان کی فضائی حدود کی سنگین خلاف ورزی کی۔ یہ حملے راولپنڈی، اسلام آباد اور حساس دفاعی تنصیبات کے گرد کیے گئے۔ دشمن کا گمان تھا کہ رات کی تاریکی میں وہ پاکستان کو حیرت زدہ کرکے نقصان پہنچا سکتا ہے، مگر وہ بھول گیا تھا کہ پاکستان کی فضاؤں میں سونے والے نہیں، جاگتے محافظ پہرہ دے رہے ہیں۔

آپریشن بُنُيَانٌ مَّرُصُوُص – ایک ایمان افروز ضرب

فجر کی اذانوں کے ساتھ ہی، جب قوم وضو کر رہی تھی، سجدوں میں تھی، پاک فضائیہ کے شاہینوں نے "آپریشن بُنُيَانٌ مَّرُصُوُص" کا آغاز کیا۔ یہ نام صرف ایک کارروائی کی علامت نہیں بلکہ ایک پیغام تھا، جیسا کہ قرآن میں فرمایا گیا: "كَأَنَّهُم بُنُيَانٌ مَّرُصُوُصٌ"، گویا وہ سیسہ پلائی دیوار ہوں۔

یہ آپریشن صرف عسکری ردعمل نہیں، ایک نظریہ تھا۔ ایک سبق، جو دشمن کے غرور کے لیے کافی تھا۔ JF-17 تھنڈر طیاروں نے برق رفتاری سے پرواز کی، دشمن کی حدود میں داخل ہوئے اور بھارتی ریاست گجرات میں واقع اُس ایئر بیس کو نشانہ بنایا جو پاکستان پر کیے گئے حملے میں استعمال ہوا تھا۔ نشانہ عین درست، کارروائی مکمل اور واپسی محفوظ۔

پاکستان نے اس جوابی کارروائی میں صرف اور صرف فوجی اہداف کو نشانہ بنایا۔ نہ کوئی شہری ہلاکت، نہ انفراسٹرکچر کو بلاجواز نقصان۔ یہ ایک ذمہ دار قوم کا عسکری طرزِ عمل تھا، جو اقوامِ عالم کے لیے بھی ایک مثال ہے۔

دشمن کی جدید ریڈار ٹیکنالوجی کو بے اثر کرتے ہوئے، پاک فضائیہ نے مکمل فضائی برتری حاصل کی اور کامیاب واپسی کے بعد پاکستان نے دنیا کو دکھا دیا کہ ہم امن کے داعی ضرور ہیں، مگر اپنی خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرتے۔

آپریشن "بُنُيَانٌ مَّرُصُوُص" نے صرف دشمن کے ٹھکانوں کو نہیں، بلکہ اس کے ناپاک عزائم کو بھی تباہ کیا۔ اس قوم نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ جب وقت آتا ہے تو 24 کروڑ دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، ایک ہی صدا بلند ہوتی ہے – لبیک یا وطن!

یہ دن تاریخ میں یاد رکھا جائے گا:

جب دشمن نے حملہ کیا۔

جب قوم نے سجدے میں رب سے مدد مانگی۔

اور جب ہمارے شاہینوں نے جواب میں دشمن کے اندر جا کر ضرب لگائی۔

ایک ایسی ضرب، جو صرف ہتھیاروں سے نہیں بلکہ ایمان، مہارت اور اتحاد سے دی گئی۔

یہ پاکستان ہے یہاں اذان کے ساتھ عزم بھی جاگتا ہے۔

یہ "بُنُيَانٌ مَّرُصُوُص" ہے، سیسہ پلائی دیوار، جو ہر حملے کو روکنے کی قدرت رکھتی ہے۔

دشمن سن لے ہم امن چاہتے ہیں، مگر بزدلی سے نہیں، برابری سے، عزت سے اور اگر جنگ مسلط کی گئی۔

تو جواب وہی ہوگا، فجر کے وقت، خاموش مگر کاری ضرب۔

کیونکہ ہم "بُنُيَانٌ مَّرُصُوُص" ہیں!

Check Also

Bani Pti Banam Field Marshal

By Najam Wali Khan