Monday, 23 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Haris Masood
  4. Khamosh Qatil

Khamosh Qatil

خاموش قاتل

رات کا وقت ہے میں اپنی فیملی کے ساتھ گاڑی میں اپنے گھر کی طرف گامزن تھا، اچانک آنکھوں میں تیز روشنی کی جھماکا ہوا اور چند لمحوں کے لئے آنکھیں چندھیانے کے سبب تقریباً نا بینا ہو گیا تھا۔ جب حواس واپس آئے تو پتہ چلا کہ ایک موٹر سائیکل سوار صاحب نے بہت تیز جگمگانے والی ایل ای ڈی لائٹ لگائی تھی۔ وہ صاحب تو تیزی سے چھلاوے کی مانند ہوا ہو گئے اور ہم جو تیز روشنی کے مُعاملے میں خاصے حسّاس ہیں مائیگرین کے درد میں مُبتلا ہوگئے۔ مائیگرین ہمارا ایسا دوست ہے جو آتا بھی اپنی مرضی سے ہے اور جاتا بھی اپنی مرضی سے۔ یقین جانیں اُس شب ہم وہاں سے سیدھا ہسپتال گئے اور ایک ٹیکہ لگوا کر گھر واپس آئے۔ اور اگلا دِن بھی خاصی ابتلا میں گُزرا۔ اُن صاحب کو اِس بات کا اِدراک بھی نہ ہوگا کہ اُن کی شوبازی کی وجہ سے مُجھ سمیت کتنے افراد کے ساتھ کیا کُچھ ہوا ہوگا۔

ہمارے ایک عزیز دوست گاڑیوں اور اُن کو اپنے مرضی کے مُطابق تبدیلی لانے کے شائق ہیں۔ باقی گاڑی بہت خوبصورت و سیرت لگتی ہے لیکن اُس میں لگائی جانے والی روشنی جس کو پیار سے ایچ آئی ڈی کہتے ہیں انتہائی فضول لگتی ہے۔ جب بھی انسانی آنکھ پر تیز روشنی کی رو ٹکراتی ہے پُتلی تیزی سے پھیل جاتی ہے جس کے باعث چند لمحوں کے لئے ہی صحیح دیکھنے کا عمل بُری طرح مُتاثر ہوتا ہے۔ اور کسی بھی جان لیوا حادثے کے لئے ایک لمحہ بھی کافی ہوتا ہے۔

اسی طرح اکثر ڈرائیور حضرات جن کے گاڑیوں میں ایچ آئی ڈی یا ایل ای ڈی نہیں ہوتی وہ بھی ہالوجن لیمپ جو آنکھوں کے لیئے کم نقصان دہ ہے اُس کو بھی ہائی بیم میں جلا کر ڈرائیونگ کرتے ہیں۔ یقین جانئے کئی دفعہ ہم اپنا ہاتھ نکال کر اشاروں سے سمجھاتے ہیں کہ بھائی لائٹ ہلکی کر لو لیکن مزے کی بات ہے اُن کو ہمارا اشارہ نظر نہیں آتا تو فائدہ ایسی تیز روشنی کا۔

میرا سوال پہلے اُن حضرات سے ہے جو ایسا عمل کرتے ہیں کیا آپ کو ایسی روشنی استعمال کرنے سے زیادہ نظر آتا ہے اور کیا آپ کو نظر زیادہ آنے کا قیمت دوسرے کی جان و مال ہے۔ اگر آپ ایسا صرف اپنی گاڑی یا موٹر سائیکل کی نمود و نمائش کے لئے کرتے ہیں تو یقین جانئے کوئی آپ جیسا ہی رشک کرتا ہوگا باقی سمجھدار لوگ تو آپ کو مُغلظات سے نوازتے ہیں۔

دوسرا سوال قانون نافذ کرنے والے اِداروں سے ہے کیا آپ اِس صریح جُرم کو روک نہیں سکتے۔ کیا یہ غیر مُحتاط ڈرائیونگ کے ذمرے میں نہیں آتا۔ کیا یہ انسانی جان سے کھیلنا نہیں ہے۔ یہ بھی ایسا فعل ہے جس سے آہنی ہاتھ سے نپٹا جانا ضروری ہے۔

ایپی لیپسی (مرگی) اور مائیگرین دونوں ایسے جسمانی مسائل ہیں جِن کا حملہ تیز روشنی یا پُتلی کا سرعت کے ساتھ پھیلاؤ ہو سکتا ہے۔ یہ کسی بھی حادثے کا مؤجب بن سکتا ہے، اور ہوسکتا ہے ہے وہ آپکی گاڑی میں لگی لائیٹ کی وجہ سے ہو اور آپ کو پتہ بھی نہ چلے اور آپ کسی خاندان کی تباہی کے ذمہّ دار بن جائیں۔ میری تمام ایسی سواریوں کے مالکان سے گُذارش ہے کہ اپنی اور دوسروں کی زندگی پر رحم کرکے یہ بیہودہ لائٹیں اُتروا دیں۔

اللہ آپکی اور ہم سب کی جان و مال کی حفاظت فرمائے۔

Check Also

Pakistan Ke Door Maar Missile Programme Se Khatra Kis Ko Hai

By Nusrat Javed