Mubadiat e Islamiat
مبادیاتِ لسانیات

زبان کا سائنسی مطالعہ لسانیات کہلاتا ہے۔ پروفیسر مرزا خلیل احمد بیگ، ڈاکٹر مسعود حسین خاں کے لائق شاگرد ہیں اور دورِ حاضر میں اردو کے سب سے بڑے ماہرِ لسانیات۔ اُن کی تصانیف اردو میں لسانی مطالعات پر اُن کی دسترس اور رسوخ فی العلم کی مظہر ہیں۔ اُن کی بہت سی کتابوں کے ساتھ ساتھ 2008ء میں "اردو کی لسانی تشکیل" کا نیا ایڈیشن اور 2024ء کے اواخر میں "اردو زبان کی تاریخ" شائع ہوئیں تو طلبہ و اساتذہ میں ہاتھوں ہاتھ لی گئیں۔
اِن ذکر کردہ دونوں کتابوں کا حوالہ ہمارے دور کی تحریروں میں کثرت سے دیا جا رہا ہے اور مجھ طالبِ علم کو بھی اِن سے بہت فائدہ ہوا۔ آخرالذکر کتاب لسانیات کے خصوصی حوالے سے زبانِ اردو کی تاریخ ہے جو زبان کے سائنسی مطالعے پر بنیاد کرتی ہے۔ یہ وہ موضوع ہے جو عام طور پر شعری و ادبی حوالوں کے ساتھ لکھا اور پڑھایا جاتا ہے۔
اواخر 2025ء میں مرزا خلیل احمد بیگ کی کتاب "مبادیاتِ لسانیات" شائع ہوئی۔ نام سے ظاہر ہے کہ یہ ایک جامع نصابی تصنیف ہے۔ اِس میں لسانیات کے بنیادی تصورات، اصول اور شاخوں کو خالص سائنسی، منظم اور سادہ انداز میں ذکر کیا گیا ہے۔ یہ کتاب اردو کے موجودہ علمی منظر نامے میں ایک قابلِ قدر اضافہ ہے۔
زبان کیا ہے؟ زبان کا انسانی ذہن، نفسیات اور سماج سے تعلق، اطلاقی و توضیحی لسانیات، زبان کے مختلف نظاموں (صوتیات، صرفیات، نحویات اور معنویات)، وغیرہ، علمِ لسانیات کے وہ موضوعات ہیں جن پر انگریزی و اردو میں اب خاصا مواد مل جاتا ہے۔ مصنوعی ذہانت کے پلیٹ فارمز پر بھی اِن موضوعات بہت کچھ مہیا ہے۔ ڈاکٹر مرزا خلیل احمد بیگ کی "مبادیاتِ لسانیات" اِس مہیا body of knowledge پر یہ اضافہ کرتی ہے کہ اِس میں لسانیات کے بارے میں روایتی یا جذباتی نقطۂ نظر کے بجائے مکمل طور پر سائنسی اور غیر جانبدارانہ مواد ہے، جسے سادہ اسلوب اور منظم انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
لسانیات چونکہ ایک مشکل اور اردو میں غیر روایتی مضمون ہے اِس لیے اِس کی تفہیم کے مسائل بھی موضوعِ گفتگو رہتے ہیں۔ پروفیسر مرزا خلیل احمد بیگ کا ایک نمایاں وصف پیچیدہ لسانی نظریات اور تکنیکی اصطلاحات کو بالکل سامنے کے الفاظ میں بیان کرنا ہے۔ مسلم یونیورسٹی علی گڑھ کے شعبۂ لسانیات میں اُن کا وسیع تدریسی تجربہ اور اُن کا سادہ اسلوب "مبادیاتِ لسانیات" کو عام قاری اور محققین کے لیے یکساں مفید اور قابلِ فہم بناتا ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر علی رفاد فتیحی جیسے ماہرِ لسانیات نے بھی "مبادیاتِ لسانیات" کا نہایت اچھا تعارف کرایا ہے۔ دنیائے اردو کو اِس اہم کتاب کی اشاعت بہت مبارک۔ یہ کتاب ایجوکیشنل پبلیشر نئی دہلی سے شائع ہوئی ہے۔

