1.  Home
  2. Blog
  3. Dr. Rabia Khurram
  4. Aik Behan Ka Khat Fuji Bhai Ke Naam

Aik Behan Ka Khat Fuji Bhai Ke Naam

ایک بہن کا خط فوجی بھائی کے نام

میرے پیارے فوجی شیر دل جوان

میرے ڈھول سپاہی میری قوم کے جری جوان

میرے ملک کے لعل

تمہارا جذبہ، پاک آرمی میں شامل ہونے کا جذبہ، اس کی شدت سے واقف ہوں۔ آرمی میں شامل ہونے والا ہر نوجوان ایک سے جذبات سے گزرتا ہے۔ جوش ولولہ قربان ہونے کی خواہش۔"خاکی" میرا آئیڈیل۔ خاکی سے محبت میرے دل میں ایمان کی طرح مؤجزن ہے۔ تمہارے جذبے نے میرے ایمان کو استقامت بخشی۔ میرے برادر تمہارے دل میں ہر وقت "شوق شہادت " نے تمہیں وہ بیداری بخش دی ہے جو عام آدمی کی سوچ سے بھی بالا تر ہے۔

جب موت محبوب بن جائے تو یہ محبوب رگوں میں دوڑتے خون کی گواہی چاہتا ہے۔ اس پر اپنے تازہ گرم جوان" شہید لہو" کی مہر ثبت کرنا ہر بہادر فوجی کا خواب ہوتا ہے۔ تمہارا خواب بھی یہی ہے۔ لیکن!ذرا ٹھہرو، دیکھوگھر پر ماں اکیلی تو نہیں، اس کی خدمت کے لیے کسے چھوڑ کر آئے ہو؟ ضعیف باپ اپنی کمزور بصارت سے کس کی راہ تکتا رہتا ہے؟ اگر تو تمہارے ماں باپ کے پاس اور جوان بیٹے ہیں تو جاو، مادرِوطن کو اپنے لہو کا خراج، شہادت کی موت کی صورت ادا کرو۔ لیکن اپنے ماں باپ کو بڑھاپے، ضعف و کمزوری میں، بےآسرا تنہا و اکیلا کر کے شہادت قبول کرنا کہیں تمہارا ذمہ داری سے فرار نہ لکھا جائے۔

شہید کی موت قوم کی حیات ہے۔ بے شک! لیکن اس قوم کو اپنے تمام ہی جوان شہید نہیں چاہیے۔ اس قوم کو غازی جوان بھی درکار ہیں۔ لڑو اور جیتو اور جیت کر واپس آو۔ اٹھے ہوئے سر اور تنی ہوئی گردن کے ساتھ، ہم سب مائیں بہنیں اور بیٹیاں تمہاری جیت اور درازی ِعمر کے لئے دعاگو ہیں۔ ہاں جہاں جان دیے بغیر ملک کی آن نہ بچتی ہو، وہاں جان کی کوئی بات نہیں " دے دو"۔ ربّ سے ہمیشہ کی زندگی کا سودا کر لو۔ بہادری اور استقامت کے ساتھ اللہ تمہارا حامی و ناصر ہو۔

تمہاری سرفرزای کے لیے ہمیشہ دعاگو

تمہاری بہن

ڈاکٹر رابعہ خرم درانی

Check Also

Pakistan Se Baramad Kiye Jane Wala Chawal

By Zafar Iqbal Wattoo