Friday, 18 October 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Dr. Nawaz Amin
  4. Simurgh Ki Talash

Simurgh Ki Talash

سیمرغ کی تلاش

ایک مرتبہ تمام پرندے ایک جگہ اکٹھے ہوئے اور سوچا کہ جس طرح ہر جاندار کا ایک بادشاہ ہے ہمیں بھی اپنے بادشاہ کو تلاش کرنا چاہیے لیکن اس سے متعلق انہیں کوئی معلومات نہیں تھی کہ ان کا بادشاہ کون ہے اور وہ کہاں رہتا ہے۔ تمام پرندے اپنے بادشاہ کی تلاش کے لیے ہدہد کے پاس گئے جو کہ ایک عقلمند پرندہ تھا۔ اس نے انہیں بتایا کہ ان کے بادشاہ کا نام سیمرغ ہے اور بادشاہ کی تمام خصوصیات کا بھی ذکر کیا جس کے بعد تمام پرندوں کی جستجو اور زیادہ بڑھ گئی۔

ہدہد نے بتایا کہ ان کا بادشاہ سیمرغ یہاں سے بہت دور پہاڑوں پر موجود ایک محل میں رہتا ہے لیکن اس تک پہنچنے کے لیے سات دشوار وادیوں سے گزرنا پڑتا ہے جو کہ انتہائی خطرناک ہیں تمام پرندوں نے عہد کیا کہ وہ ہدہد کی رہنمائی میں اپنے بادشاہ کو ضرور تلاش کریں گے لہذا انہوں نے اس دشوار سفر کا آغاز کیا۔ سفر کے آغاز میں پرندوں کی تعداد کئی ہزار میں تھی جب وہ پہلی دشوار وادی میں داخل ہوئے تو بہت سے پرندے ساتھ چھوڑنے لگے لیکن آخر کار کچھ پرندے ان سات وادیوں کو عبور کرنے کے بعد محل میں پہنچے پر کامیاب ہو گئے۔ جب وہ محل میں داخل ہوئے تو ان کی تعداد صرف تیس رہ گئی تھی۔ محل میں پہنچنے کے بعد انہوں نے ہدہد سے پوچھا کہ ان کا بادشاہ کہاں ہے۔

ہدہد نے انہیں کچھ دیر انتظار کرنے کو کہا اور بتایا ابھی تھوڑی ہی دیر میں ان کی ملاقات سیمرغ سے ہوگی۔ تمام پرندے سیمرغ کے انتظار میں بادشاہ کے محل میں مختلف جگہ پر بیٹھ گئے۔ بہت عرصہ گزرنے کے بعد جب وہاں کوئی نہ ایا تو وہ تمام ایک دوسرے کی طرف دیکھنے لگے تو ان پر یہ بات اشکار ہونے لگی کہ حقیقت میں ہم تیس پرندے ہی سیمرغ ہیں جو محل تک پہنچے ہیں۔ سیمرغ کے معنی فارسی میں تیس پرندے کے ہی ہیں۔

یہ حکایت فرید الدین عطار نے نو سال قبل اپنی مثنوی منطق الطیر میں رباعیات کی صورت میں لکھی جس کا ترجمہ انگریزی میں بھی "The Conference of the Birds" اور "Bird Parliament" کے نام سے ہوا ہے۔ اپنے بادشاہ کو تلاش کرنے کے لیے ہم سب کو مشکل ترین وادیوں سے گزرنا پڑتا ہے اور تب ہی جا کر ہم اپنے سیمرغ یا بادشاہ کو تلاش کر پاتے ہیں اور یہ سیمرغ در حقیقت ہم خود ہی ہوتے ہیں جو تمام دشوار خطرات کے باوجود اس سفر کو مکمل کر لیتے ہیں۔

Check Also

Frame Se Bahir

By Farhat Abbas Shah