Awaz e Lashaoor
آوازِ لاشعور

رات تین سے پانچ بجے کے درمیان، جب ہم گہری نیند سے ہلکی نیند کی طرف منتقل ہوتے ہیں، تو ہمارے دماغ کے لاشعوری خیالات، شعوری سطح کے قریب تر ہوتے ہیں۔ سائنسدانوں کے مطابق، ہلکی نیند یا REM نیند کے اس مرحلے کے دوران ہمارا دماغ تیز فہم ہو جاتا ہے، اکثر پٹھے تقریباً مفلوج ہو جاتے ہیں، ہم خواب بھی اسی مرحلہ کے دوران دیکھتے ہیں اور ہماری آنکھیں تیزی سے دایئں بایئں حرکت کرتی ہیں۔ اسی لیے اسے Rapid eye movement sleep کہتے ہیں اور اسی دوران ہمارا دماغ تمام معلومات کو پروسیس کرتا ہے اور ان سے نئے روابط بناتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اگر ہم سونے سے قبل کسی خاص سوال پر توجہ مرکوز کرکے سو جائیں، تو دماغ نیند کے دوران اس سوال پر کام کرتا ہے اور رات تین سے پانچ بجے کے درمیان، جاگنے پر اسکا وہ جواب پیدا کرتا ہے۔ جو ہمیشہ درست اور لازوال ہوتا ہے۔ تاریخی اور نفسیاتی دونوں حوالوں سے بھی اس کی اہمیت ہے۔ قدیم تہذیبوں میں، رات کی خاموشی اور گہری نیند کو روحانی تجربات اور بصیرت حاصل کرنے کا وقت سمجھا جاتا تھا۔ قدیم مصری اور یونانی تہذیبوں میں، رات کی خاموشی کو کائنات سے رابطہ قائم کرنے کا موزوں وقت سمجھا جاتا تھا۔
یہ خیال پیش کیا جاتا ہے کہ منطقی فیصلے کے مقابلے میں لاشعوری فیصلے، جو دل کی گہرائیوں سے آنے والی آواز ہیں، بعض معملات میں زیادہ درست اور دائمی ہوتے ہیں۔ ہم دیکھتے ہیں کہ روزمرہ زندگی میں شعوری فیصلوں کے نتائج اس لیے بھی نامناسب برآمد ہو جاتے ہیں کہ ان میں اکثر بیرونی عوامل، جذبات اور منطقی غلطیاں شامل ہوتی ہیں، جو رائے قائم کرنے میں خطا کا باعث بنتی ہیں۔ لیکن بعض ایسے سوالات، جن کے منطقی جوابات حاصل ہونے میں دشواری محسوس ہو، انکے لاشعور سے درست جواب حاصل ہونے کے امکانات موجود ہوتے ہیں۔
لاشعور یا دل کی گہرائیوں سے آنے والے جوابات منطقی نہیں ہوتے، اسی لیے ان میں گہری سچائی پوشیدہ ہوتی ہے، جو ہماری صحیح راستے پر رہنمائی کرتے ہیں۔ لاشعور سے درست حقائق حاصل کرنے میں سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہمیں جو معلومات درکار ہیں، سونے سے قبل اپنے ذہن میں اس سوال کو واضح کریں۔ رات کے تین سے پانچ بجے کے درمیان جاگنے کا ارادہ کریں۔ جاگنے پر لاشعور سے آنے والی بصیرت کو کسی قسم کی منطقی سوچ کے بغیر واضح محسوس کریں۔ یہ طریقہ ہمیں اپنے لاشعور کی گہرائیوں تک رسائی فراہم کرتاہے اور ہمیں اپنی زندگی میں مثبت تبدیلی پیدا کرنے کی رہنمائی فراہم کر سکتا ہے۔