1.  Home/
  2. Blog/
  3. Basharat Hamid/
  4. Multinational Company Ki Projects Offer

Multinational Company Ki Projects Offer

ملٹی نیشنل کمپنی کی پراجیکٹس آفر

کچھ عرصہ قبل ایک نمبر سے واٹس ایپ میسج ملا کہ سیالکوٹ، منڈی بہاؤالدین اور چکوال میں بیس پچیس ماڈل گھروں کی تعمیر کروانی ہے اور ساتھ ہی تین چار صفحات کی 2 ڈی ڈرائینگز بھی بھیج دی گئیں۔ پھر میسج ملا کہ اپنا ریٹ دیں۔ میں نے جواب دیا کہ بھائی صاحب پہلی بات تو یہ ہے کہ ڈرائنگز ادھوری ہیں دوسری بات یہ کہ ہم موقع دیکھے بغیر ریٹ نہیں دے سکتے۔ تیسری بات یہ کہ بغیر میٹنگ کئے ہم ریٹ کی کوٹیشن نہیں دے سکتے۔

بھائی صاحب کہنے لگے کہ یہ ملٹی نیشنل کمپنی ہے اور جنوبی افریقہ میں اس کا ہیڈ آفس ہے یہاں پاکستان میں سب آفس پسرور ضلع سیالکوٹ میں ہے۔ اگر لیبر ریٹ پر کام کریں گے تو دس فیصد اور اگر ود میٹیریل کام کریں تو چالیس فیصد ایڈوانس پیمنٹ کریں گے باقی ساتھ ساتھ کرتے رہیں گے۔ (اتنی ایڈوانس پیمنٹ تو کوئی بھی نہیں کرتا کجا کوئی ملٹی نیشنل کمپنی کرے۔۔ کمپنیز تو کام پہلے اور پیمنٹ بعد میں کرتی ہیں)

ساتھ ہی اپنی ویب سائٹ کا ایڈریس بھیج دیا اور کہا تین چار گھنٹے بعد چیک کرلیں ابھی لڑکے اس پر کام کر رہے ہیں۔ میں نے چند گھنٹے بعد ویب سائٹ اوپن کی تو پہلی نظر میں سمجھ آ گئی کہ یہ ملٹی نیشنل کمپنی دراصل کیا ہے۔ جتنے بڑے دعوے ویب سائٹ پر کر رکھے تھے اس لحاظ سے تو کمپنی کا لوکل آفس کسی بڑے شہر میں ہو تو سمجھ بھی آتا ہے یہ کیسی ملٹی نیشل کمپنی ہے جس کو پاکستان کے تحصیل ہیڈکوارٹر پسرور کے سوا کوئی اور شہر نہیں ملا جہاں اپنا دفتر بنا لیتی۔۔

اتنی بڑی کمپنی اور اتنی لوکل قسم کی سائٹ کہ انگریزی بھی غلط لکھی ہوئی اور انٹرنیٹ سے تصویریں اور کچھ الٹا سیدھا مواد لے کر لگایا ہوا۔۔ اور ملٹی نیشنل کمپنی کا ای میل ایڈریس بھی یاہو ڈاٹ کام پر بنا ہوا۔۔ یعنی صحیح بےوقوف بنانے کا انتظام کیا ہوا۔ ڈومین بھی ایک سال پرانا اور کراچی کے کسی بندے نے لیا ہوا تھا، جبکہ ویب سائٹ اسلام آباد سے بنائی گئی تھی۔

خود موصوف نے اپنا وزٹنگ کارڈ ٹائپ جو چیز بھیجی وہ بھی کمپیوٹر سکرین شاٹ تھا۔ جس پر ان کا عہدہ اسسٹنٹ مینجر لکھا ہوا تھا۔ میں نے انہیں میسج کیا کہ جناب میں خود 11 سال ملٹی نیشنل کمپنی میں رہا ہوں اور بہت اچھی طرح سارے معاملات کو سمجھتا ہوں۔۔ ملٹی نیشنل کمپنی میں ایک حرارکی ہوتی ہے مختلف شعبہ جات ہوتے ہیں اور پورا ایک سیٹ آپ ہوتا ہے۔۔ اس طرح صرف اسسٹنٹ مینجر بغیر کسی ڈیپارٹمنٹ کے۔۔ کوئی چیز نہیں ہوتی۔۔

ویب سائٹ پر جس طرح گولڈ مائننگ، ویلفیئر، پٹرولیم، ہوٹلز، ولاز، ٹیکسٹائل، آرگینک ایگری فارمز کے شعبے لکھ کر یہ ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی کہ بہت بڑی کمپنی ہے وہیں اسی ویب سائٹ میں تھوڑی سی کامن سینس والا بندہ ان کے بلنڈرز بخوبی پہچان سکتا ہے۔

میں نے بغور جائزہ لے کر ان کو میسج کیا کہ جناب آپ کی کمپنی ہی مشکوک ہے اور ہم ایسے مشکوک لوگوں کے ساتھ کام نہیں کر سکتے اس لئے ہماری طرف سے معذرت ہے۔ جواب ملا کہ ٹھیک ہے کون سا کوئی زبردستی ہے۔۔

یہ ساری کہانی لکھنے کامقصد یہ ہے کہ کام کی ہر آفر ایسی نہیں ہوتی کہ بندہ سوچے سمجھے بغیر اس کی جانب دوڑ پڑے۔ کچھ نہ کچھ صورتحال کا جائزہ لے کر ہی فیصلہ کرنا چاہیئے ورنہ کسی دھوکے میں پھنس بھی سکتے ہیں۔

Check Also

Danda Peer Aye Shuf Shuf

By Zafar Iqbal Wattoo