Sunday, 22 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Basharat Hamid
  4. Mehanga Construction Rate

Mehanga Construction Rate

مہنگا کنسٹرکشن ریٹ

اکثر یہ ہوتا ہے کہ جب کوئی کلائنٹ کنسٹرکشن ریٹ پوچھنے کے لئے رابطہ کرتا ہے تو ہم چار پانچ بنیادی باتیں پوچھتے ہیں۔ جن میں پلاٹ کا سائز، اس کی لوکیشن، شہر، سوسائٹی، سڑک سے پلاٹ کی موجودہ گہرائی اور اس کے اوپر جو کچھ تعمیر کرنا ہے، اس کا نقشہ شامل ہوتے ہیں۔

ان معلومات کے بغیر جو بھی کنٹریکٹر حضرات ریٹ دیتے ہیں وہ یا تو بیچ میں چھوڑ کر بھاگ جانے والے ہوتے ہیں اور یا پھر معاہدے میں کچھ چیزیں خفیہ رکھنے والے۔ اسی لئے وہ کم ریٹ دے کر کلائنٹ گھیر لیتے ہیں اور جب کلائنٹ ایک بار پھنس جائے تو پھر وہ کہاں اور کیسے بھاگ سکتا ہے۔۔

ایسے معاہدوں کا انجام پھر لڑائی جھگڑے اور پنچائتیں ہی ہوا کرتی ہیں۔

سادہ سی بات ہے کہ جتنا میٹیریل سائٹ پر لگنا ہے وہ تو لگنا ہی لگنا ہے۔ وہ کسی کنٹریکٹر کو مفت میں تو ملتا نہیں۔

اس کے بعد آ جاتا ہے لیبر کی ورکنگ کا معاملہ۔۔ اب ایک بندہ تجربہ کار ٹیم کے ساتھ کام کرتا ہے اور دوسرے کے پاس گزارا کرنے والی ٹیم ہے دونوں کے کام کی کوالٹی اور مہارت ایک جیسی نہیں تو ان دونوں کے ریٹ ایک جیسے کیسے ہو سکتے ہیں۔۔ ظاہر سی بات ہے کہ جو اچھا کام کر رہا ہے وہ پیسے بھی اچھے ہی لے گا۔ اس بات کو کم لوگ ہی سمجھتے ہیں اور وہ سستے بندے کو ہائر کرکے کام خراب بھی کروا لیتے ہیں اور مہنگا بھی پڑتا ہے۔ لیکن اس صورت میں پھر شرمندگی سے بچنے کے لئے کسی کو بتاتے بھی نہیں کہ ان کے ساتھ کیا ہوا ہے۔

اسی لئے ہم سب سے درخواست کرتے ہیں کہ صرف سستا بندہ مت دیکھیں۔۔ مہنگی سوسائٹی میں پلاٹ لیا ہے تو گھر بناتے وقت کوالٹی پر کمپرومائز نہ کریں۔ ہر ایک کا بجٹ محدود ہی ہوتا ہے۔ لیکن جتنا خرچہ آنا ہے وہ تو ارینج کرنا ہی پڑے گا۔

جو آپ کو کم ریٹ دے رہا ہے۔ اس سے میٹیریل اور لیبر کا اسٹیمیٹ ضرور پوچھیں پھر آپ کو اندازہ ہوگا کہ وہ کہاں سے کم کر رہا ہے۔ ایک اور پریکٹس بھی عام طور پر کی جاتی ہے کہ میٹیریل آپ کو شروع میں کم بتایا جاتا ہے اور بعد میں پھر مزید منگوا لیا جاتا ہے۔ اس وقت آپ کے پاس دوسرا کوئی آپشن نہیں بچتا۔

ہماری پریکٹس یہ ہے کہ ہم ہر نقشے کا تجزیہ کرکے اس کا سارا میٹیریل اور لیبر کی کاسٹ کیلکولیٹ کرتے ہیں اور اپنا مناسب سا مارجن رکھ کر ریٹ دے دیتے ہیں۔۔ اس کے علاوہ بھی ایک دو اور ماڈلز ہیں جن پر ہم کام کرتے ہیں۔

گزارش یہی ہے کہ گھر کی تعمیر میں صرف سستا کنٹریکٹر نہ دیکھا کریں بلکہ دو تین بندوں سے ریٹ لیں۔۔ ان کا تفصیلی جائزہ لیں پھر فیصلہ کریں۔ جس پراجیکٹ پر دو کروڑ لگنا ہے اگر کوئی کہے کہ میں ڈیڑھ کروڑ میں بنا دوں گا تو اسے کام دینے سے پہلے اس فرق کا تجزیہ ضرور کریں۔ یہ یاد رکھنا بہت ضروری ہے کہ ایک بار کسی سے کام شروع کروا لیا اور بعد میں محسوس ہوا کہ بندہ ٹھیک نہیں تو پھر اس سے پیچھا چھڑانا بھی آپ ہی کو مہنگا پڑے گا۔

کئی لوگ یہ بھی کرتے ہیں کہ کسی اور کے پراجیکٹس کو اپنا ظاہر کرکے کلائنٹ کو جھوٹ اور چرب زبانی سے مطمئن کر لیتے ہیں۔ بہرحال ہمارے معاشرے میں اچھے برے لوگ ہر شعبے میں موجود ہیں۔ اچھے بندے کی پہچان اور اس کی تلاش کے لئے کچھ محنت تو کرنا ہی پڑے گی۔۔

اور یہ بات بھی ذہن میں رہے کہ سچائی کے ساتھ کام کرنے والے کا ریٹ کسی بھی صورت مارکیٹ کے بازاری ریٹ جیسا نہیں ہوگا۔ اگر کوالٹی کا کام چاہیئے تو ریٹ بھی اسی حساب سے ملے گا۔ ورنہ سستا کام کروا کے ساری عمر کا پچھتاوا بھی مقدر بننے کا امکان رہے گا۔

Check Also

Falasteenion Ko Taleem Bacha Rahi Hai (1)

By Wusat Ullah Khan