Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Basharat Hamid
  4. Market Ka Chalan Aur Is Se Be Niazi

Market Ka Chalan Aur Is Se Be Niazi

مارکیٹ کا چلن اور اس سے بے نیازی

قرآن مجید میں اللہ تبارک و تعالٰی نے بالکل واضح فرما دیا ہے کہ ہم لازماً تمہیں آزمائیں گے دشمن کے خوف کی کیفیت سے۔۔ بھوک سے۔۔ مال و جان اور پھلوں کی کمی سے۔۔ ان حالات میں صبر کرنے والوں کو خوشخبری ہے۔۔ یہ وہ لوگ ہیں جنہیں جب کوئی مصیبت اور آزمائش آ پہنچتی ہے تو وہ کہہ اٹھتے ہیں کہ ہم اللہ ہی کی طرف سے آئے ہیں اور اسی کی جانب لوٹ جانے والے ہیں۔۔

اب ان آیات کی روشنی میں دیکھیے۔۔ ہم اگر روزگار کے لئے کوئی جاب یا کاروبار شروع کرتے ہیں تو دیکھتے ہیں کہ یہاں تو جھوٹ کا غلبہ ہے۔۔ ہر بندہ کہتا کچھ ہے اور کرتا کچھ ہے۔۔

ان حالات میں سچ بول کر۔۔ سچ بتا کر ہم اپنی چیز کو فروخت یا اپنی سروسز مہیا کر ہی نہیں پا رہے۔۔ تو کیا کریں۔۔

آسان حل یہی لگتا ہے کہ جیسے دوسرے کر رہے ہیں ہم بھی ویسے ہی کرنے لگیں تو کام چل نکلے گا۔۔ لیکن اگر ہم اللہ اور رسول اللہ صل اللہ علیہ والہ وسلم پر ایمان رکھنے والے ہیں تو اوپر مینشن کی گئی آیات ہمارے ہی لئے ہیں۔

یہ جان لینا چاہیئے کہ سچ کے راستے پر آزمائش ضرور آئے گی۔۔ اور کامیاب۔۔ جھوٹ بول کر سودا بیچنے والے نہیں بلکہ سچ والے ہی ہوں گے۔۔ کچھ ہی عرصہ بعد لوگ خود دوسروں کو بتانے لگیں گے کہ یہ چیز لینی ہے یا یہ کام کروانا ہے تو فلاں جگہ فلاں بندے کے پاس آنکھیں بند کرکے چلے جاؤ وہ سچی بات کہے گا اور کوئی دو نمبری نہیں کرے گا۔۔

آج بھی دیکھ لیں۔۔ جو لوگ اچھی نیت کے ساتھ کاروبار کر رہے ہیں یا کوئی سروس دے رہے ہیں ان کے پاس فرصت ہی نہیں۔۔ جبکہ جھوٹ پر یقین رکھنے والے کام بھی کئے جا رہے ہیں اور رو بھی رہے ہیں کہ پوری نہیں پڑ رہی۔۔

یہ فیصلہ ہم نے کرنا ہے کہ شارٹ ٹرم فائدہ لینا ہے یا لانگ ٹرم۔۔ رزق اللہ دیتا ہے۔۔ کوئی کسٹمر کوئی دوکاندار یا کوئی اور نہیں دیتا۔۔ یہ نکتہ ذہن میں بیٹھ جائے اور اس پر یقین پختہ ہو جائے تو بندہ ان دو نمبریوں سے بے نیاز ہو جاتا ہے اور اللہ اس کے تھوڑے رزق میں بھی برکت ڈال دیتا ہے۔

Check Also

Bloom Taxonomy

By Imran Ismail