Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Basharat Hamid
  4. Kuch Aadatein Aur Purani Yaadein

Kuch Aadatein Aur Purani Yaadein

کچھ عادتیں اور پرانی یادیں

میری جیب میں ہر وقت ایک عدد بال پوائنٹ یا پنسل ضرور ہوتی ہے یہ میرے جیب میں موجود سامان کا مستقل حصہ ہے۔ جس روز کبھی جیب میں رکھنا بھول جاؤں اس روز ایسے محسوس ہوتا ہے جیسے پتہ نہیں کیا کمی رہ گئی ہو۔ چاہے کبھی لکھنے کی ضرورت پڑے یا نہ پڑے لیکن میں پنسل رکھتا ضرور ہوں۔ بار ہا ایسا ہوا کہ راہ چلتے ہوئے یا کسی بھی محفل میں کسی کو کچھ لکھنے کی ضرورت پڑ گئی لیکن پنسل کے لئے مجھ سے ہی رابطہ کرنا پڑا۔ اس وقت دس بیس روپے کی یہ پنسل بہت قیمتی محسوس ہوتی ہے۔

مجھے یہ عادت اپنے والد محترم سے ملی۔ وہ ہر وقت جیب میں ایگل کا پین رکھا کرتے تھے۔ اس کے علاوہ بھی بہت سی عادات انہی کی تربیت کا نتیجہ ہیں۔ وقت کے بہت پابند تھے بلکہ ایڈوانس چلنے کے عادی تھے جس وجہ سے کسی کام سے بھی لیٹنہ ہوتے۔

زندگی کا ڈسپلن میں ان سے سیکھا۔ جو کام بھی انہوں نے اپنے ذمہ لیا پھر پوری کوشش سے اسے مکمل کیا۔ کسی سے جھوٹ اور غلط بیانی نہیں کرتے تھے نہ کبھی کسی کو دھوکہ دیا نہ کسی کا برا چاہا۔ حساس طبعیت تھے اسی لئے جلدی پریشان ہو جاتے تھے شاید یہ مسئلہ بھی انہی سے ہم تک منتقل ہوا۔

غصے کے بہت تیز تھے اور طبعیت میں سختی بھی بہت رہی، لیکن آخری چند سالوں میں یہ عادتیں تبدیل ہوگئیں تھیں۔ 2006 میں انہیں ساتھ عمرے پر لے کر گیا تھا اور مجھ سے کوئی پوچھے کہ زندگی کا سب سے بہترین لمحہ کونسا ہے تو میرا جواب یہ ہوگا کہ جب والد محترم کو عمرہ کروایا۔ ان کو گھٹنوں کی تکلیف تھی زیادہ چل پھر نہیں سکتے تھے اور نہ زیادہ دیر کھڑے رہ سکتے تھے۔ سارا سفر انکو ویل چیئر پر کروایا اور خوب دعائیں لیں۔

میرے لئے سب سے بڑی اطمینان کی بات یہی ہے کہ میرے والد محترم مجھ سے راضی اس دنیا سے گئے۔۔ اللہ انکی مغفرت فرمائے جنت الفردوس میں اعلٰی مقام عطا فرمائے اور روز محشر ہم سب کو معاف کرکے جنت میں اکٹھا فرمائے۔

Check Also

Gumshuda

By Nusrat Sarfaraz