Sunday, 22 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Basharat Hamid
  4. Dhund Mein Driving

Dhund Mein Driving

دھند میں ڈرائیونگ

آج کل پنجاب میں شدید دھند کے دن چل رہے ہیں اور اس موسم میں رات کا سفر بے حد مشکل ہوتا ہے۔ بسوں اور ٹرکوں والے ڈرائیورز چونکہ سڑک سے بلندی پر ہوتے ہیں تو ان کو سڑک پھر بھی کسی حد تک نظر آ رہی ہوتی ہے۔ لیکن کار ڈرائیورز کو دھند کے سوا کچھ نظر نہیں آتا۔

دھند کی شدت کی وجہ سے رات کو موٹرویز بھی بند کر دی جاتی ہیں۔ کیونکہ ہائی سپیڈ روڈز پر کسی بھی وجہ سے ٹریفک سلو ہو جائے تو ویزیبلیٹی کم ہونے کی وجہ سے حادثات ہونے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔

دھند کے دنوں میں سفر پر انتہائی ناگزیر صورت میں ہی نکلنا چاہیئے۔۔ شوقیہ سفر سے گریز کرنا بہتر ہے۔۔ خواہ مخواہ خود کو مصیبت میں ڈالنا بے وقوفی ہے۔

کوشش کریں کہ سفر کا آغاز اور اختتام دن کی روشنی میں ہی ہوتاکہ رات کو دھند میں پھنسنے سے بچ سکیں۔

موٹروے پر سفر شروع کرنے سے قبل 130 پر کال کرکے موٹروے کھلی ہونے کی تسلی کر لیں۔

پچھلی رات کا موسم ذہن میں رکھتے ہوئے اپنے سفر کو ترتیب دیں۔

اگر آپ نے سفر ہی شام کو لیٹ شروع کیا ہے تو یاد رکھیں کہ دھند زیادہ ہونے کی صورت میں موٹر وے بند کر دی جاتی ہے اور ٹریفک کو قریبی ایگزٹ پر اتار دیا جاتا ہے۔ اب آپکی قسمت ہے کہ آپ ان راستوں سے کتنا واقف ہیں اور اس ایگزٹ سے کسی مین روڈ تک کتنا سفر مزید کرنا پڑتا ہے اور سڑک کی صورتحال کیسی ہے۔

عمومی طور پر ایسی سڑکوں پر رہنمائی کے لیے سائن بورڈ بھی نہیں ہوتے اور اگر ہوں بھی تو دھند میں نظر نہیں آتے۔

اگر آپ گوگل نیویگیشن استعمال کرتے ہیں تو آپ کو بخوبی تجربہ ہوگا کہ کئی جگہ تو یہ بہت بہترین رہنمائی کرتے ہوئے اچھے راستے سے منزل پر پہنچا دیتی ہے۔ لیکن کئی بار بہت گندے اور خراب راستے میں پھنسا بھی دیتی ہے۔ اس لئے دھند میں موٹروے سے اتر کر گوگل پر بھروسہ کرنا کہیں پھنسا بھی سکتا ہے۔

گاڑی کی فوگ لائٹس بھی شدید دھند میں زیادہ موثر ثابت نہیں ہوتیں۔

اگر ہیڈ لائٹس پر پیلا پیپر لگا ہوا ہے تو یہ بھی ایک حد تک ہی فائدہ دیتا ہے۔

دھند کے موسم میں رات کے وقت اکیلے سفر کرنے سے گریز کریں۔ دھند میں پھنس جانے کی صورت میں ساتھ ایک بندہ ہو تو سڑک کے اوپر رہ کر گاڑی چلانے میں مددگار ہو سکتا ہے کہ وہ سڑک کا دھیان رکھے اور ڈرائیور کو متنبہ کرتا رہے تاکہ گاڑی سڑک سے نیچے نہ اترے۔

پاکستان میں یہی موسم گنے کی فصل کی شوگر ملز تک ٹرانسپورٹیشن کا بھی ہوتا ہے۔ موٹروے پر تو گنے کے ٹرالرز کو جانے کی اجازت نہیں، لیکن دوسری سڑکوں اور جی ٹی روڈ پر یہ پوری سڑک پر قابض ہوتے ہیں اور چند ٹکے ڈیزل بچانے کے لئے ایک ٹریکٹر کے پیچھے دو دو اور تین تین ٹرالیاں بے ہنگم طریقے سے کھینچ رہے ہوتے ہیں اور حادثات کا باعث بنتے ہیں۔

اسی طرح بڑے ٹریلر بھی دھند میں کار ڈرائیورز کے لئے مسائل پیدا کرتے ہیں۔

ان نکات کو ذہن میں رکھتے ہوئے اپنا سفر بروقت شروع کریں۔۔ لیٹ ہو جانے کی صورت میں کسی جگہ رات قیام کر لیں۔ بلاوجہ دھند میں رسک لینا عقل مندی نہیں ہے۔

Check Also

Police Muqable Ka Tashweesh Naak Pehlu

By Hameed Ullah Bhatti