Saturday, 21 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Basharat Hamid
  4. Daraz Ka Boycott

Daraz Ka Boycott

دراز کا بائیکاٹ

کل صبح میں آفس جانے کے لیے گھر سے نکل کر گاڑی میں بیٹھا ہی تھا کہ میرے فون پر ایزی پیسہ سے میسج آیا کہ دراز پر آپ کا آرڈر کامیابی سے مکمل ہوگیا ہے اور ایک ہزار روپے کٹ گئے۔۔

ابھی میں سوچ ہی رہا تھا کہ میں نے کب دراز پر کچھ آرڈر کیا ہے اتنے میں پھر ایک ہزار کٹ جانے کا میسج موصول ہوگیا۔۔ میں نے فوری دراز ایپ کھول کر دیکھی کہ کیا چیز آرڈر ہوگئی ہے۔۔ تو پتہ چلا کہ کسی نے میرے دراز اکاؤنٹ سے ٹیلی نار لوڈ آرڈر کرکے میرے ایزی پیسہ اکاؤنٹ جو کہ دراز ایپ کے ساتھ لنک تھا اس سے پیسے ایک ٹیلی نار نمبر پر لوڈ کی صورت میں ٹرانسفر کئے ہیں۔

میرے اکاؤنٹ میں 3500 سے کچھ اوپر روپے پڑے تھے۔ پہلی تین ٹرانزیکشن ایک ایک ہزار کی ہوئیں جب ہزار سے کم رقم رہ گئی تو پھر سو سو کرکے باقی رقم بھی نکال لی گئی۔ نہ مجھے کوئی ایزی پیسہ سے پن کوڈ لگانے کا میسج آیا۔۔ نہ کسی بھی قسم کی کال آئی نہ میں نے کسی انجان لنک پر کلک کیا۔۔

میں نے فوری ایزی پیسہ ہیلپ لائن پر اور دراز کی ہیلپ لائن پر کال کی اور شکایت درج کروا دی۔ دراز والوں نے کہا سکرین شاٹ بھیجیں اور آدھے گھنٹے بعد دوبارہ کال کریں۔ میں نے سکرین شاٹ بھیجنے کے بعد کال کی تو جواب ملا ہم اس پر کچھ نہیں کر سکتے آپ ایف آئی اے کو رپورٹ کریں، حالانکہ یہ سراسر دراز کا قصور ہے کہ انکی ایپ کی سیکورٹی کمپرومائز ہوئی ہے۔

ایزی پیسہ والوں نے پہلے تو شکایت درج کر لی لیکن شام کو بغیر کچھ کئے کلوز بھی کر دی۔ دوبارہ رابطہ کرنے پر مفت مشورہ یہ دیا گیا کہ آئندہ احتیاط کریں اور اپنا اکاؤنٹ کسی ایپ کے ساتھ لنک مت کریں۔ اس سے زیادہ ہم کچھ نہیں کہہ سکتے۔

سوال یہ ہے کہ دراز والوں نے جب موبائل فون لوڈ بھی سیل کرنا شروع کیا ہے تو باقی چیزوں کے آرڈر کی طرح اس میں آرڈر کینسل کرنے اور ری فنڈ لینے کا آپشن کیوں نہیں دیا۔ اس طرح تو کوئی بھی دراز کا بندہ یا ہیکر کسی بھی لنکڈ اکاؤنٹ سے پیسے چوری کر سکتا ہے۔

اللہ کا شکر ہے کہ میرے اکاؤنٹ میں اتنی زیادہ رقم نہیں تھی لیکن کسی زیادہ رقم والے اکاؤنٹ کے ساتھ بھی یہ مسئلہ بن سکتا ہے۔

Check Also

Ayaz Melay Par

By Muhammad Aamir Hussaini