Zindagi Ki Asal Fatah
زندگی کی اصل فتح

زندگی کا میدان اکثر میلہ نہیں، معرکہ ہوتا ہے۔ یہاں داد کم اور تنقید زیادہ ملتی ہے۔ کچھ لوگ تو ایسے بھی ہوتے ہیں کہ جن کی آنکھوں میں صرف تمسخر کی چمک ہوتی ہے۔ وہ ہماری شکست پر قہقہے لگاتے ہیں، ہمارے خوابوں کو مذاق بنا دیتے ہیں اور ہماری کوششوں کو بےوقعت سمجھ کر کچل دینا چاہتے ہیں۔
ایسے لمحے زندگی کے سب سے کٹھن امتحان ہوتے ہیں۔ جب ہمارے پاس کچھ بھی نہ ہوتا، نہ دولت، نہ مقام، نہ سہارا، نہ شاباشی۔ صرف ہم ہوتے ہیں، ہماری تنہائی، ہمارے آنسو اور ہماری تھکی ہاری ہمت ہوتی ہے۔ یہی وہ لمحہ ہوتا ہے کہ جب ایک انسان ٹوٹ سکتا ہے یا خود کو جوڑ کر ایک نئی جنگ لڑ سکتا ہے مگر تمہیں اٹھنا ہے، لیکن کیسے؟
نہ آنکھوں میں نمی کو بہنے دو، نہ دل کے شکستہ ہونے کو ظاہر ہونے دو۔ اندر ٹوٹتے رہو مگر چہرے پر خاموشی کی چادر اوڑھ لو۔ یہ دنیا تمہاری کہانی کے پس منظر کو نہیں دیکھتی، یہ صرف تمہارا نتیجہ دیکھتی ہے۔ اس لیے اپنے زخموں کو چھپاؤ نہیں، ان سے سیکھو۔ اپنے درد کو کمزوری مت سمجھو، کیونکہ یاد رکھو، یہی تمہارا ایندھن بنے گا۔
جب سب مذاق اُڑا رہے ہوں، تب تم خود پر یقین رکھو، اپنے ہر ٹھوکر کو ایک سبق سمجھو، ہر انکار کو تحریک بناؤ اور ہر ہار کو ایک نئی شروعات کا موقع جانو۔ یاد رکھو، تمہاری ہمت تمہاری سب سے بڑی دولت ہے۔
زندگی کی جنگ جیتنے کے لیے تمہیں دوسروں سے نہیں، خود سے مقابلہ کرنا ہے۔ ہر صبح ایک نیا عزم لے کر اٹھو۔ ہر دن خود کو بہتر بنانے کی کوشش میں لگ جاؤ۔ خاموشی سے محنت کرتے رہو، کیونکہ تمہاری کامیابی ہی تمہارے خلاف بولنے والوں کو خاموش کرے گی اور جب تم اس مقام پر پہنچو گے جہاں تمہاری کامیابی ایک حقیقت ہوگی، تو وہی لوگ جو تم پر ہنستے تھے، تمہاری مثالیں دیں گے۔
تو لڑو، خود سے، حالات سے اور تنقید سے۔ کیونکہ زندگی کی اصل فتح اسی وقت ملتی ہے جب تم مایوسی کے اندھیرے سے اُمید کا چراغ خود روشن کرتے ہو۔۔!

