Friday, 10 January 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Azhar Hussain Bhatti
  4. Sarsari Kaam Ka Sarsari Natija

Sarsari Kaam Ka Sarsari Natija

سرسری کام کا سرسری نتیجہ

دنیا میں جتنے بھی لوگ کامیاب ہوئے ہیں وہ سرسری نہیں ہوئے۔ یاد رکھیں کہ کامیابی کسی رینڈم کلک پہ لی گئی کوئی تصویر نہیں ہے جو اچھی آ جائے۔ سرسری کاموں کے نتائج بھی سرسری ہی نکلا کرتے ہیں۔ کامیابی جوئے میں نہیں ملتی۔ اس کے لیے بڑے پاپڑ بیلنے پڑتے ہیں۔

شاید یہ بات مستنصر حسین تارڑ صاحب کی ہے کہ ایک دفعہ شام کو کچھ دوست اُن سے ملنے گھر آئے تو وہ نہ مل سکے کیونکہ اُن کی بیگم صاحبہ نے صاف منع کر دیا کہ اِس وقت وہ صرف اور صرف خود کو وقت دیتے ہیں یعنی وہ اِس ٹائم مطالعہ کرتے ہیں۔ مستنصر حسین تارڈ صاحب کی یہ عادت تھی کہ وہ روزانہ شام کو کمرے میں بند ہو جایا کرتے اور کسی سے کوئی رابطہ نہ کرتے اور صرف اور صرف مطالعہ کو وقت دیتے اور نتائج اب آپ کے سامنے ہیں۔

تارڑ صاحب نے سرسری پڑھ کر اِتنے شاہکار ناول نہیں لکھے بلکہ روزانہ کی بنیاد پر اپنا بہترین وقت اور بھرپور توجہ کی قربانی دی، تب جا کر اُنہیں یہ دنیا مستنصر کے نام سے جانتی ہے۔ کیا ہم لوگ ایسا کرتے ہیں؟ یقیناً نہیں۔ ہم جس بھی فیلڈ میں کامیاب ہونا چاہتے ہیں ہمیں اُس کو وقت دینا پڑتا ہے اب یہ آپ پہ منحصر ہے کہ آپ چوبیس گھنٹوں میں کون سا اور کتنا وقت اپنی پسندیدہ فیلڈ کو دے سکتے ہیں۔ آپ جتنی اہمیت اپنی فیلڈ کو دیں گے اُتنی ہی واپس ملے گی۔

آپ سوچ لیں اور فیصلہ کر لیں کہ میں نے روزانہ شام 7 سے 9 خود کو وقت دینا ہے اور پھر اِس بات پہ مہر ثبت کر دیں، اِس فیصلے پہ تالا لگا دیں کہ 7 سے 9 پھر دنیا کی کوئی بھی طاقت آپ کے خیالات کو نہیں بھٹکا سکتی۔ آپ کی سوچیں منتشر نہیں ہو سکتیں۔ آپ نے روزانہ دو گھنٹے دینے ہی دینے ہیں پھر چاہے جو مرضی ہو جائے۔

آپ جب خود سے یہ وعدہ کر لیتے ہیں تو کامیابی بھی خود کو آپ کے سپرد کرنے کا فیصلہ کر لیتی ہے۔ سنجیدگی کے مثبت نتائج آنا شروع ہو جاتے ہیں۔ آپ کے زندگی میں بدلاؤ آنے لگتا ہے۔ آپ پہلے سے کہیں زیادہ میچور ہونے لگتے ہیں۔ ترقی کی سیڑھیاں ایک ایک زینہ چڑھنا شروع ہو جاتے ہیں۔ ایسا تب ہی ممکن ہو پاتا ہے جب آپ سنجیدہ ہوتے ہیں۔ جب آپ چیزوں کو اور اپنے مستقبل کو سرسری سا نہیں لیتے۔

یاد رکھیں کہ اگر کامیابی کا ذائقہ چکھنا ہے تو وقت اور توجہ کی فصل بونی پڑے گی وگرنہ لاپرواہی کے بیچ سوائے بےمقصد بوٹیوں اور جھاڑیوں کے کچھ پیدا نہیں کیا کرتے۔

Check Also

Bulbul To Chehke Hai

By Abu Nasr