Saturday, 23 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Azhar Hussain Bhatti
  4. Nokri Kabhi Bhi Jhoot Bol Kar Na Choren

Nokri Kabhi Bhi Jhoot Bol Kar Na Choren

نوکری کبھی بھی جھوٹ بول کر نہ چھوڑیں

ہمارے ہاں یہ عام عادت بن چکی ہے، کہ جب کوئی نوکری چھوڑنے لگتا ہے تو سچ نہیں بتاتا۔ وہ پہلے ایک چھٹی کرکے اپنا انٹرویو دے کر آتا ہے اور اگر سیلیکٹ ہو جائے تو پچھلی کمپنی کو بیماری کی درخواست تھما دیتا ہے۔ کبھی خود کی بیماری کی تو کبھی والدہ کی یا والد بھی بیمار کرنے سے ذرا نہیں ہچکچاتا۔ وہ دوسری کمپنی میں نوکری کرنا شروع کر دیتا ہے۔ پہلی کمپنی کو اِس لیے سچ نہیں بتاتا کہ وہ پھر چھٹی نہیں کرنے دیتے اور مہینے کا نوٹس مانگتے ہیں۔

تاکہ کسی نئے آدمی کو ہائر کرکے اُسے ٹرینڈ کیا جا سکے۔ اِسی طرح وہ دونوں کمپنیوں سے اُسی ماہ کی تنخواہیں وصول کرتا ہے۔ وہ اُس ایک مہینے میں کچھ دن پہلی کمپنی اور کچھ دن دوسری کمپنی میں کام کرتا ہے۔ ایسا کرنے سے وہ دو جگہوں میں بٹ کے رہ جاتا ہے۔ لیکن سچ نہیں بولتا۔ اگر پروفیشنلی دیکھا جائے تو یہ کتنی بری بات ہے۔ آپ نے جہاں کچھ مہینے یا کچھ سال کام کیا ہوتا ہے، وہیں دوسری نوکری مل جانے کی خوشی میں دھوکہ دینے سے بھی باز نہیں آتے۔

کیا ہی اچھا ہو کہ اگر آپ پہلی کمپنی کو ایک مہینے کا نوٹس دیں اور ہو سکتا ہے کہ پہلی کمپنی آپ کو جانے ہی نہ دے اور آپ کا پیکج بھی اچھا کر دے۔ اور اگر وہ ایسا نہیں بھی کرتی تو بطور اچھے انسان اور پروفیشنلزم کو فالو کرتے ہوئے، آپ کو چاہیے کہ آپ پورا مہینہ ایمانداری کے ساتھ کام کرکے دکھائیں۔ یہ چیز آپ کو مضبوط اور آپ کے اچھے کردار کی نشاندہی کرتی ہے۔ جہاں سے روزی روٹی کا بندوبست ہو رہا ہو وہاں پہ جھوٹ، مکاری اور فریب سے کام نہ لیا کریں۔

بلکہ پوری دیانت داری اور مخلص رہ کر اپنے طے شدہ کام کو روزانہ کی بنیاد پر مکمل کیا کریں۔ ایسا کرنے سے لوگ آپ کی عزت کرنے لگتے ہیں اور یہ سمجھتے ہیں کہ یہ شخص قول و فعل اور کردار کا بڑا اچھا ہے۔ آپ کی یہ اچھائی اور مخلص پن آپ کو کبھی ناکام نہیں ہونے دیتا۔ آپ اپنے پروفیشن میں نیک نامی کما لیتے ہیں، تو ایسا کرنے سے آپ کو ہی فائدہ ملتا ہے۔ آپ جہاں مرضی اور جیسا مرضی کام کریں، بس دھوکہ دہی اور مکاری سے باز رہیں۔ دل و جان سے محنت کرتے رہیں اور یہ یاد رکھیں کہ اللہ کبھی کسی کی محنت کو رائیگاں نہیں جانے دیتا۔

Check Also

Adab

By Idrees Azad