Saturday, 04 May 2024
  1.  Home/
  2. Blog/
  3. Azhar Hussain Bhatti/
  4. Musalsal, Lagatar Karte Rahen

Musalsal, Lagatar Karte Rahen

مسلسل، لگاتار کرتے رہیں

زندگی خدا کا دیا ہوا ایک انتہائی حسیں تحفہ ہے۔ اب یہ ہم پہ منحصر کرتا ہے کہ ہم اس کے ساتھ کیسا سلوک کرتے ہیں۔ اس حسین تحفے کو کیسے اور کب تک مسلسل اور لگاتار خوبصورت رکھ پاتے ہیں۔

زندگی اِس "مسلسل" لفظ کے گرد ہی گھومتی ہے۔ ہمارے کرم اور اعمال کے نتائج اِسی سرگرمی سے جڑے ہوتے ہیں جو کہ ہم اپنی زندگی میں مسلسل کر رہے ہوتے ہیں۔

ہم نیک یا بری عادات میں کیسے پڑتے ہیں؟ جب ہم کسی بھی چیز کو مسلسل اور لگاتار کرنے لگتے ہیں۔ وہی کام وہی چیزیں ہماری عادات بن جاتی ہیں اور ہمارا حاصل پھر اِنہیں عادات کے بھروسے چلتا ہے۔

بس آج ہی سگریٹ پی رہا ہوں۔ دوستوں نے کہہ دیا تھا، ورنہ کہاں پیتا ہوں۔ لیکن اگر آپ اِنہیں دوستوں کی سنگت میں مسلسل رہنے لگیں تو آپ سگریٹ کے پکے عادی بن جاتے ہیں اور یوں ایک کام کے لگاتار کرتے رہنے سے اُس کے نتائج آنا شروع ہوتے ہیں اور اِسی وجہ سے آپ سگریٹ نوش بن جاتے ہیں۔

پانی کی ایک بوند، ننھی بوند میں کتنی طاقت ہوتی ہے؟ کچھ بھی نہیں لیکن وہ مسلسل پڑتے رہنے سے پتھر پہ بھی نشان ڈال دیتی ہے۔ تین چار بوند گرنے سے، ٹکرانے سے پتھر کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔ شروعات میں ہو سکتا ہے کہ شاید پتھر، پڑنے والی ننھی بوند پہ ہنستا بھی ہو کہ اوہ چھوٹی سی نازک سی جان تُو میرا کیا بگاڑ لے گی؟ لیکن بوند کا تسلسل اور لگاتار گرتے رہنا پتھر کو مات دے دیتا ہے۔

ایک دن کی ورزش سے شاید جسم کو کوئی فرق نہ پڑتا ہو، مگر مسلسل ورزش سے ایتھلیٹ وجود میں آتے ہیں۔ مسلسل کی پریکٹس سے ہی محمد علی، بروس لی جیسے بڑے نام پیدا ہوئے ہیں۔

دانتوں کو ایک دن برش کرنے سے فرق نہیں پڑتا، دانتوں کو اچھا اور منہ کو بدبو سے دور رکھنا ہو تو مسلسل روزانہ کی بنیاد پہ دانتوں کو برش سے صاف کرنا پڑتا ہے۔ ورنہ منہ بدبو چھوڑنے لگ جائے گا۔ دانت پیلاہٹ سے بھر جائیں گے اور لوگ دور رہنے لگیں گے۔

دنیا میں جیت کے تسلسل کو برقرار رکھنا ہے تو مسلسل نامی اِس جادو کی انگوٹھی کو اپنی مٹھی میں کرنا پڑے گا۔ ورنہ ہاتھ خالی اور زندگی بدحالی کی طرف سفر کرنا شروع کر دے گی۔

یاد رکھیں، آپ نے مثبت کام کو مسلسل کرنا ہے جبکہ منفی کام کو سرے سے ہی نہیں کرنا۔ کیونکہ منفی کام مسلسل کرنے سے زندگی ایسے نقصانات کر بیٹھتی ہے جس کا ازالہ بعد ممکن نہیں رہتا۔ جیسے مسلسل سگریٹ آپ کے پھیپھڑے تباہ کر دیتی ہے۔

تو، پھر جو بھی کریں لگاتار کریں مگر مثبت کریں نہ کہ منفی۔

Check Also

Kitabon Ki Faryad

By Javed Ayaz Khan