Friday, 10 January 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Azhar Hussain Bhatti
  4. Meri Dusri Shadi Ke Khawab

Meri Dusri Shadi Ke Khawab

میری دوسری شادی کے خواب

میں غالباً ساتویں کلاس میں تھا۔ ماں جی نے کہا کہ پتر جب تم دس جماعتیں پڑھ لو گے تب تمہاری شادی کروا دوں گی اور یہ کم بخت وقت تھا کہ کچھوے سے بھی سست چل رہا تھا۔ شادی کر لینے کی جلدی اَنگ اَنگ میں روزانہ انگڑائیاں لیتی تھی مگر جب آدمی بےبس ہو تو کیا کر سکتا ہے۔ اِسی دوران ایک ہاتھ دیکھنے والے نے میرا ہاتھ پکڑا، اور لگا میری لکیروں سے الجھنے۔ کبھی دونوں ہاتھوں کو ایک ساتھ ملا کر لکیریں دیکھتا تو کبھی عجیب سی نظروں سے میرا چہرہ تکنے لگ جاتا۔

دو چار منٹ کی تگ و دو کے بعد بولا کہ بچے تمہاری تین شادیاں ہونگی۔ میری تو ساری باچھیں کھل گئیں کہ ماں جی نے صرف ایک شادی کا لارا لگایا ہوا ہے اور یہاں تو پورا چھپڑ پھٹنے والا ہے۔ بادشاہ ہوتا تو یقیناً حکم صادر کر دیتا کہ اِس آدمی کو انعام میں اشرفیوں سے بھرے بیس اونٹوں سے نواز دیا جائے۔ لیکن تب تو جیب میں کھوٹے سکے بھی نہیں ہوتے تھے تو خاموش رہا۔

بابا جی پھر گویا ہوئے۔

ایک شادی تمہاری پسند سے ہوگی۔

ایک تمہارے والدین کی پسند سے اور ایک دلہن خود چل کر تمہاری زندگی میں آئے گی۔

میں نے تب ہی سوچ لیا تھا کہ جو خود چل کر آئے گی اُسے زیادہ پیار سے رکھوں گا۔ لیکن تب بچہ تھا آئیڈیا ہی نہیں تھا کہ ایک شادی ہی سب پہ بھاری ہوتی ہے۔

۔۔

میٹرک کیا، اُس سے بھی آگے کا سب پڑھ لیا لیکن پھر بھی شادی نہ ہوئی۔ پھر کچھ سال نوکری کی تو تب جا کر ہوئی۔ اب ماشاءاللہ سے دو بچے بھی ہو گئے ہیں۔ ایک بیٹا، ایک بیٹی۔ لیکن باقی دو شادیوں کی آس جیسے اب ختم ہوتی جا رہی ہے۔ روزانہ صدقہ بھی دینا شروع کیا تھا کہ شاید کسی انہونی یا اَڑچل کی وجہ سے شادیاں رکی ہوئی ہیں تو صدقے سے ٹل جائیں گی۔ لیکن پھر کسی سیانے نے سمجھایا کہ بیوی سے بڑی بلا کون ہوتی ہے۔ شادی نہ ہونے کی اصل رکاوٹ تو خود تمہارا صدقہ ہے جس کی وجہ سے دونوں شادیاں رکی پڑی ہیں۔

پھر صدقہ دینا چھوڑ دیا لیکن مجال ہے کوئی آثار نظر آ رہے ہوں۔ اب تو دل نے اندر ہی اندر سے جیسے یہ تسلیم کرنا شروع کر لیا ہے کہ وہ بابا جھوٹا تھا۔ بیوی کبھی سخت بیمار ہو جائے تو دوسری شادی کے کچھ کچھ چانسز نظر آنے لگتے ہیں وگرنہ تو اس دل نے اب خود کو سمجھا لیا ہے کہ ایک پر ہی گزارہ کرنا پڑے گا۔

Check Also

Sain Pir De Pandare Mithe Chol Khao

By Syed Mehdi Bukhari