Saturday, 23 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Azhar Hussain Bhatti
  4. Mehnat Ki Raftar Barhani Parti Hai

Mehnat Ki Raftar Barhani Parti Hai

محنت کی رفتار بڑھانی پڑتی ہے

مجھے عادت ہے کہ میں جہاں بےحد پڑھنے کی کوشش کرتا ہوں وہیں پہ بڑے بڑے نامور لوگوں کے انٹرویوز بھی ضرور سُنتا ہوں۔ میں انوپم کھیر جو کہ ایک انڈین اداکار ہیں اُن کے شو میں آئے کنگ خان کا انٹرویو دیکھ رہا تھا۔ انوپم کھیر یعنی میزبان اپنے شو میں آئے مہمان شاہ رُخ خان سے پوچھتے ہیں کہ آپ اِتنے مشہور کیسے ہیں؟

شاہ رخ خان جواب دیتا ہے کہ میں محنت بہت کرتا ہوں تو انوپم کھیر پھر سے سوال کرتا ہے کہ کیسی محنت شاہ رُخ؟ محنت تو سب ہی کرتے ہیں؟ تو شاہ رخ خان کہتا ہے کہ موقع پانے کے لیے تو سب ہی محنت کرتے ہیں، مگر موقع حاصل کر لینے کے بعد میری جتنی محنت کوئی نہیں کرسکتا۔ اور یہی وہ چیز ہے جو شاہ رُخ خان کو باقی اداکاروں سے ممتاز کرتی ہے۔ اُسے کنگ خان بناتی ہے۔

انوپم جی ایک اور سوال پوچھتے ہیں کہ آپ نے ممبئی آ کر کہا تھا کہ میں یہاں کا سب سے بڑا آدمی بنوں گا، اداکار بنوں گا تو پھر ایسا کب آپ کو لگا کہ آپ نے وہ مقام پا لیا ہے تو شاہ رخ کا جواب یہاں بھی سنہری حروف میں لکھے جانے کے قابل ہے۔ وہ کہتا ہے کہ میرے خیال میں مقام تک پہنچ جانے سے آپ رُک جاتے ہیں۔ جو مقام تک پہنچ جاتا ہے وہ مر جاتا ہے۔ سچ پوچھیں تو مجھے لگتا ہے کہ میں نے ابھی تک کوئی مقام حاصل نہیں کیا۔ میں کامیاب نہیں ہوا۔

شاہ رخ خان کا یہ انٹرویو کئی کتابوں پر بھاری ہے۔ پوری لائبریری کی طرح ہے۔ چالیس سالہ زندگی جتنے بڑے سبق اس چالیس منٹ کے پروگرام میں شاہ رخ خان نے مفت میں بتا دیے ہیں اور یہ سچ ہے کہ ہمارے ہاں صرف موقع پانے تک کی ہی جدوجہد کی جاتی ہے اور موقع حاصل کرنے کے بعد سمجھتے ہیں کہ بس کام ہوگیا ہے جبکہ اصل محنت شروع ہی موقع ملنے کے بعد ہوتی ہے کیونکہ موقع پالینے کے بعد کی جانے والی محنت ہی یہ فیصلہ کرتی ہے کہ آیا آپ اُس موقع کے اہل بھی ہیں یا نہیں؟

میں اکثر یہ بات کرتا ہوں کہ کامیاب ہونا اہم نہیں ہوتا۔ کامیابی کو قائم کیے رکھنا اہم ہوتا ہے اور مسلسل کامیاب رہنا آپ کی محنت اور تگ و دو پر منحصر کرتا ہے۔ ہمارے آس پاس ایسے کئی واقعات روزانہ کی بنیاد پر سننے کو مل جاتے ہیں کہ فلاں شخص تو بڑا کامیاب تھا، اب بہت پیچھے رہ گیا ہے۔ سب کچھ کھو بیٹھا ہے۔ یا فلاں شخص کو کتنا بڑا موقع ملا تھا آگے جانے کا، کامیاب ہونے کا مگر وہ اُس موقع سے بھرپور فائدہ نہیں اُٹھا پایا۔ ایسا تب ہی ہوتا ہے جب آپ موقع ملنے کے بعد ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر بیٹھ جاتے ہیں۔

کامیابی کے کئی اصولوں میں سے ایک اصول محنت کا ہوتا ہے جو کسی بھی مقام پر جا کے چھوڑا نہیں جا سکتا کیونکہ جہاں آپ نے محنت کو الوداع کہا، کامیابی آپ کو خدا حافظ کہہ کر چلی جاتی ہے تو بس محنت کرتے رہیں اور کسی ایک کامیابی پر اکتفاء نہ کریں، یہ مت سوچیں کہ سب کچھ حاصل کر لیا ہے۔ کیونکہ بقول شاہ رخ خان کسی مقام پر پہنچ جانے کی سوچ آپ کو مار دیتی ہے۔ اِسی لیے خوب محنت کرتے جائیں اور کامیابیاں سمیٹتے چلے جائیں۔

Check Also

Time Magazine Aur Ilyas Qadri Sahab

By Muhammad Saeed Arshad