Saturday, 11 January 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Azhar Hussain Bhatti
  4. Kya Aap Waqai Sanjeeda Hain?

Kya Aap Waqai Sanjeeda Hain?

کیا آپ واقعی سنجیدہ ہیں؟

اگر ہم کسی سے اُس کے گولز کے متعلق سوال کریں کہ کیا آپ سیریس ہیں؟ تو آگے سے جواب ملتا ہے کہ جی جی بالکل میں سیریس ہوں۔ بالکل ایسے ہی کسی دو پیار کرنے والوں سے بھی اگر یہی سوال دوہرایا جائے گا تو بھی یہی جواب ملے گا کہ ہم ایک دوسرے کے بِنا نہیں رہ سکتے۔ ہم ایک دوسرے کے ساتھ بہت زیادہ سیریس ہیں۔

لیکن وہ جھوٹ بول رہے ہوتے ہیں۔ اصل میں وہ سیریس لفظ سے واقف ہی نہیں ہوتے۔ گولز سیٹ کرنے والے چند دنوں میں ہی اپنے اہداف بھول جاتے ہیں اور محبت کرنے والے چند مہینوں میں ہی بچھڑ چکے ہوتے ہیں۔ آئیے یہ سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں کہ کسی چیز کو لیکر یہ کہنا کہ میں بہت سیریس ہوں، کس حد تک ہماری زندگی پر اثر انداز ہوتا ہے۔

فرض کریں کہ آپ کسی فیورٹ بندے کی شادی پر ہیں اور اسٹیج پر ڈانس کرنے میں مصروف ہیں۔ وہی ڈانس جو کہ آپ نے کافی دنوں میں پریکٹس کرکے سیکھا ہے۔ اور اب آپ شادی کو خوب انجوائے کرنے میں بزی ہیں۔ اچانک ایک فون آتا ہے کہ آپ کے چھوٹے بھائی کا روڑ ایکسیڈینٹ ہوگیا ہے اور آپ کا بھائی سیریس حالت میں ہسپتال میں ایڈمٹ ہے۔ آپ یہ سنتے ہی فوراً اپنا فیورٹ فنکشن چھوڑ کر بھائی کی طرف نکل جاتے ہیں۔ آپ کا یوں نکلنا سیریس حالت کو ظاہر کرتا ہے۔ اور بھائی کو ہسپتال میں جو آکسیجن لگی ہوئی ہے وہ بھی سیریس حالت کی ترجمانی کر رہی ہوتی ہے۔

سیریس حالت میں آپ ایزی محسوس نہیں کرتے۔ آپ کا فوکس کوئی شادی، فنکشن، یا کسی ٹرپ پر نہیں ہوتا۔ اگر بھائی ہسپتال میں ایڈمٹ ہے تو سارا فوکس صرف بھائی پر ہوتا ہے۔ آپ اُس کی میڈیسن، دیکھ بھال، کئیر میں سارا وقت گزارتے ہیں۔ اور تب تک سکون سے نہیں بیٹھتے جب تک کہ بھائی ٹھیک ہو کر گھر واپس نہیں آ جاتا۔

آپ سیریس ہیں اور آپ کو اپنا ہدف اچھی طرح معلوم ہے کہ بھائی کی تندرستی تک ہسپتال رہنا ہے، دعائیں کرنی ہیں، صدقہ دینا ہے، نمازیں پڑھنی ہیں، وقت پر دوائیں دینی ہیں، ڈاکٹر کی بتائی گئی خوراک کھلانی ہے۔ تاکہ بھائی جلد سے جلد ٹھیک ہو جائے اور زندگی میں سکون آ جائے اور زہنی پریشانی سے بھی چھٹکارہ حاصل کیا جا سکے۔

آپ پوری دلجمعی سے اپنے بھائی کی کئیر کرتے ہیں۔ بالکل لاپرواہی نہیں دکھاتے۔ اور یہی عمل سیریس نیس کہلاتا ہے کہ آپ اپنے ہدف، اپنے گولز کو لیکر پوری طرح چاک و چوبند اور سنجیدہ ہیں۔

اب آپ سوچیں کیا ہم اپنے اہداف کو لیکر واقعی سیریس ہیں یا بس لفظوں کی حد تک یہ کہہ دیتے ہیں کہ ہاں جی ہم سیریس ہیں۔

یاد رکھیں۔ کسی بھی گول یا ہدف کو آپ تب تک حاصل نہیں کر سکتے جب تک کہ آپ پوری طرح سیریس نہیں ہو جاتے اور اُسے زندگی کا قیمتی وقت اور اپنی مکمل توجہ نہیں دیتے۔

اب سوچئے کہ کیا آپ واقعی سنجیدہ یا سیریس ہیں؟

Check Also

Shahbaz Sharif Ba Muqabla Imran Khan

By Najam Wali Khan