Friday, 10 January 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Azhar Hussain Bhatti
  4. Kya Aap Kabhi Sirf Khuda Se Milne Gaye Hain?

Kya Aap Kabhi Sirf Khuda Se Milne Gaye Hain?

کیا آپ کبھی صرف خدا سے ملنے گئے ہیں؟

ہم مسلمان ہیں، ہمارا یہ ایمان ہے کہ اللہ ایک ہے اور حضرت محمدؐ اللہ کے آخری رسول ہیں۔ اللہ نے ہمارے لیے قرآن مجید نازل فرمایا اور رسول اکرمؐ کی زندگی مبارک کو ہمارے لیے بہترین نمونہ بنا کر پیش کیا۔

خدا کہتا ہے کہ اگر مجھ سے ملنا ہے تو نماز پڑھو۔ ہم مسلمان مسجد جاتے ہیں، وضو کرتے ہیں اور نماز پڑھتے ہیں۔ تو کیا ہم واقعی تب اللہ سے ملاقات کرتے ہیں؟

کیا آپ کے دل میں کبھی یہ خیال آیا کہ میں آج صرف اور صرف خدا سے ملاقات کروں گا۔ نماز کے دوران کسی اور خیال کو دل میں بھٹکنے بھی نہیں دوں گا؟

اگر نہیں کیا تو کبھی ایسا کریں کہ اپنا سب سے نیا سوٹ نکالیں، نہائیں دھوئیں، تازہ دم ہوں، وہی نیا سوٹ پہلی بار پہنیں، پرفیوم لگائیں، بال اچھے سے بنائیں۔ ایک دم لش پش ہو کر اللہ سے ملنے چلے جائیں۔ یہ یاد رکھیں کہ آج کی ساری تیاری صرف اللہ سے ملنے کی ہے اور خوب تیار ہو کر اللہ کے روبرو ہونا ہے۔ ملاقات کے دوران دل یا ذہن میں کوئی اور خیال بھی نہ آنے پائے۔ صرف اور صرف اللہ سے باتیں کرنی ہیں۔

اپنی کسی پریشانی، کسی مانگ کا اظہار نہیں کرنا۔ اپنے رولے نہیں بتانے۔ اپنی تکلیفوں کا ذکر نہیں کرنا۔ بس اللہ سے اُس کی بڑائی، اُس کی شان، رحمدلی اور رحمت کی باتیں کرنی ہیں۔ اُس ذات سے اُس کے پیارے محبوب کی باتیں کرنی ہیں۔ یقین کریں کہ، ایسا کرنے سے بڑا مزہ آئے گا۔ آپ بہت سکون محسوس کرنے لگیں گے۔

خوشی سے سینہ چوڑا ہو جائے گا۔ اللہ راضی ہوگا۔ وہ آپ کو وہ سب کچھ دے دے گا جو جو آپ چاہ رہے ہوتے ہیں کیونکہ اللہ خوش ہوتا ہے کہ میرا بندہ آج صرف مجھ سے ملنے آیا ہے۔ اس کے دل میں کوئی کھوٹ نہیں ہے۔ وہ خالص مجھ سے مخاطب ہے۔ مجھ سے میری باتیں کر رہا ہے۔ میرے محبوب کا ذکر کرتا رہا ہے تو تب اللہ فرماتا ہے کہ اے فرشتو، جاؤ اِس بندے کو خوش کر دو۔ اس پہ انعامات کی بارش کر دو۔

کبھی ایسا کریں کہ صرف اللہ سے ملنے جائیں۔ اپنی دنیاوی باتیں، اپنے دکھ درد مسجد کے باہر چھوڑ کر اندر داخل ہوں۔ جب آپ اللہ کے گھر میں پہلا قدم رکھیں تو آپ سر سے پاؤں تک دنیاوی سوچوں سے بالکل پاک ہو چکے ہوں۔ زندگی میں ایک بار سہی مگر اللہ سے ایک ایسی خالص ملاقات تو ضرور کریں۔ یقین کریں زندگی کا سارا بوجھ کندھوں سے اُتر جائے گا۔ آپ خود کو ہلکا محسوس کریں گے۔

میری مانیں تو کبھی ایسا کریں، کہ تیار ہو کر صرف اللہ سے خالص ملاقات کریں۔ مزہ نہ آئے تو پھر کہنا۔

Check Also

Apni Auqat Mein Raho

By Tehsin Ullah Khan