Saturday, 28 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Azhar Hussain Bhatti
  4. Kisi Had Tak

Kisi Had Tak

کسی حد تک

ہمارا یہ معاشرہ مثبت نشوونما کے حوالے سے بہت پیچھے ہے۔ ہم تخریبی کاموں میں حصہ لینا زیادہ پسند کرتے ہیں۔ ہماری اِس سوسائٹی میں کسی کا حوصلہ بننا، داد یا تسلی دینا ناپید ہو چکا ہے۔ اگر کوئی کسی کام کو کرنا شروع کرتا ہے تو آس پاس کے لوگ شاباشی نہیں دیتے، خاموش نہیں رہتے بلکہ باتیں کرتے ہیں، ہمت توڑتے ہیں اور طرح طرح کے طنز مارتے دکھائی دیتے ہیں۔

ایسے لوگوں کا کوئی علاج نہیں ہے۔ یہ کینسر کی طرح لاعلاج ہوتے ہیں۔ اِن کا حل یہ ہے کہ آپ اِنہیں نظر انداز کریں اور اپنا فوکس صرف اپنے کام پر رکھیں۔ آپ اپنا کام کریں یہ لوگ اپنا کام کرتے رہیں گے یعنی وہی نکتہ چینی، کیڑے نکالنا، طعنے دینا اور آوازیں کسنا۔

ایسے لوگوں کی زبان آج تک نہیں رُکی اور شاید تاقیامت ایسے ہی رہے گی تو اسی لیے بنا کسی جھجھک اور شرم کے اپنا کام کرتے رہیں، کیونکہ جب آپ کامیابی کی طرف قدم بڑھانے لگتے ہیں تو یہی لوگ زبان پہ چینی لے کر آپ کے آگے پیچھے رہنے لگتے ہیں۔ آپ کی تعریفیں کرنے میں لگ جاتے ہیں۔ لوگوں کو آپ کی مثالیں دینا شروع کر دیتے ہیں۔

میرے ایک جاننے والے ہیں، اُنہوں نے نیا نیا شوبز کو جوائن کرنا شروع کیا تو لوگوں کی تنقید کا خوب سامنا کرنے لگے۔ کوئی میراثیوں کے کام کے طعنے دیتا تو کوئی غیرت کے نام پر طنز کے نشتر چلاتا۔ لیکن وہ انسان مسلسل اپنے کام میں لگے رہے اور پھر وہ وقت بھی آیا کہ جو لوگ گالیاں دیتے تھے۔ پیٹھ پیچھے برائیاں کرتے تھے وہی لوگ اُس شخص کے آس پاس منڈلانے لگے اور درخواستیں کرتے تھے کہ یار فلاں سٹار سے ایک سیلفی ہی دلوا دو، فلاں ایکٹر سے سلام دعا ہی کروا دو۔ یعنی مسلسل کام کرنے سے ملنے والی کامیابی نے لوگوں کی سوچ، اور سلوک دونوں کو بدل کے رکھ دیا۔

لوگوں کی زبانیں اگر کوئی چیز کسی حد تک روک سکتی ہے تو وہ آپ کی کامیابی ہے۔

"کسی حد تک" اس لیے کہہ رہا ہوں کہ پھر لوگ منہ پر تو میٹھے بن جاتے ہیں، لیکن اگر آپ اُن کا کام نہیں کرتے تو پیٹھ پیچھے برائیاں کرتے نہیں تھکتے۔ ان کی زبانیں نہیں رک سکتیں۔ آپ جو مرضی کر لیں۔

مگر ایک بات جو مجھے بہت زیادہ مزہ دیتی ہے وہ یہ کہ کامیاب آپ اپنی وجہ سے ہوتے ہیں، ترقی کی طرف سفر آپ اپنی وجہ سے کرتے ہیں، لیکن لوگ آپ کی عزت کرنے لگتے ہیں۔ زندگی آپ کی تبدیل ہوتی ہے، آسانیاں آپ کی زندگی میں آتی ہیں لیکن لوگوں میں آپ کا رتبہ بڑھ جاتا ہے۔ آپ کی شان اونچی ہو جاتی ہے۔ لوگ آپ کو سلام کرنے لگتے ہیں۔

یہاں ایک بات اور بتاتا چلوں کہ کامیابی کو مستقل رکھ پانے کا فن صرف عاجزی ہے۔ غصہ یا تکبر آپ کو واپس زمیں پہ لا پھینکتا ہے تو یاد رکھیں کہ اگر آپ کامیاب ہوتے ہیں تو عاجزی کو اپناۂے رکھیں، دوسروں میں آسانیاں بانٹنے میں لگ جائیں کیونکہ اِس سے آپ کی عزت اور شہرت ہمیشہ قائم و دائم رہے گی۔

Check Also

Holocaust

By Mubashir Ali Zaidi