Friday, 10 January 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Azhar Hussain Bhatti
  4. Khwab Dekhne Hoon To Shor Se Door Rahein

Khwab Dekhne Hoon To Shor Se Door Rahein

خواب دیکھنے ہوں تو شور سے دور رہیں

انسان سب سے زیادہ سکون کب حاصل کرتا ہے؟ یقیناً سوتے وقت۔ ہم روزمرہ کی زندگی میں بہت کام کرتے ہیں جس کی وجہ سے تھکاوٹ محسوس ہوتی ہے اور ہمیں آرام کے لیے پرسکون نیند کی ضرورت پڑتی ہے۔ ہر انسان روزانہ سوتا ہے تاکہ وہ ایک بہتر زندگی جی سکے۔ اچھی صحت پانے کے لیے اچھی نیند چاہیے ہوتی ہے۔

جہاں نیند کی بات ہو تو وہاں خراٹوں کی بات بھی ضرور ہوتی ہے۔ ہمارے ہاں اکثر لوگ جب سوتے ہیں تو خراٹے لیتے ہیں۔ کچھ اس قدر زیادہ خراٹے مارتے ہیں کہ ساتھ لیٹے ہوؤں کی نیند کو بھی اچھا خاصا خراب کر دیتے ہیں۔ پاس سوئے لوگ خراٹوں کی وجہ سے پرسکون نیند نہیں لے پاتے۔ بعض اوقات خراٹے مارنے والا انسان خود بھی اپنے شور سے خلل کا شکار ہو جاتا ہے۔

کیا آپ کو پتہ ہے کہ جب کوئی انسان خراٹے مار رہا ہوتا ہے تو تب وہ خواب دیکھنے سے قاصر ہوتا ہے؟ جی ہاں بالکل، خواب دیکھنے کے لیے آپ کے دماغ کو سکون چاہیے ہوتا ہے۔ ہم خواب تب ہی دیکھتے ہیں جب ہم بہت گہری نیند سوتے ہیں۔ ہم سکون کی نیند میں ہی خواب دیکھتے ہیں اور خراٹوں کے شور میں دماغ سکون محسوس نہیں کرتا اور یوں ہم خواب نہیں دیکھ پاتے۔ اِسی لیے تو خراٹوں والا انسان ذرا سے شور پر اٹھ جاتا ہے یا اُسے بلانے پر وہ خراٹے لینا بند کر دیتا ہے۔

بات سو کر خواب دیکھنے کی ہو یا جاگ کر، دونوں حالتوں میں شور کا ہونا ٹھیک بات نہیں ہوتی۔ ہم اپنی زندگی کو بہتر سے بہترین بنانے کے لیے بہت سوچتے ہیں، منصوبے بناتے ہیں، مستقبل کے لیے مختلف تدابیر اختیار کرتے ہیں تاکہ ایک اچھی زندگی گزار سکیں۔ لیکن ہم مستقبل یا بہترین زندگی کے لیے سوچنا یا خواب دیکھنا تب بند کر دیتے ہیں جب ویلے اور نکموں کی صحبت میں بیٹھنے لگتے ہیں۔ ہم تب ناکام ہوتے ہیں جب لوگوں کی تنقید، یا طنز کے شور میں پھنس جاتے ہیں۔

رشتہ داروں، دوست احباب یا ایسے تمام لوگ جن کے پاس مستقبل کا کوئی پلان نہیں ہوتا اور وہ جو خالی برتن کی طرح بس باتوں کا شور لیے پھرتے ہیں، ایسے تمام لوگوں کی صحبت اور شور سے خود کو دور رکھیں۔ کیونکہ شور آپ کی توجہ میں رکاوٹیں کھڑی کر دیتا ہے۔ آپ کو آپ کے ہدف سے دور رکھنے لگتا ہے۔ شور میں آپ بھول جاتے ہیں کہ آپ نے کرنا کیا ہے؟

یاد رکھیں کہ خواب دیکھنے کے لیے شور سے دور رہنا پڑتا ہے۔ پھر چاہے وہ نیند میں خراٹوں کا شور ہو یا جاگتے میں لوگوں کی فضول باتوں کا۔ نقصان سراسر خواب دیکھنے والوں کا ہوتا ہے۔ تو اگر کچھ کرنا ہے تو شور والوں سے دور رہیں۔ کامیابی خود ہی آپ کے قریب آ جائے گی۔

Check Also

Tehreek e Insaf Ko Aik Baar Phir Adliya Se Insaf Ki Umeed

By Nusrat Javed