Khud Ka Mavazna Karna Shuru Karen
خود کا موازنہ کرنا شروع کریں
ہم اکثر یہ بات سنتے ہیں کہ خود کا کبھی کسی سے موازنہ نہ کریں۔ خود کو ہرگز کسی کی برابری کے ساتھ ترازو میں مت تولیں لیکن میں کہتا ہوں کہ آپ موازنہ کریں۔ خود کو دوسروں کے ساتھ میچ کریں، ان کی کامیابیوں کو دیکھیں پرکھیں، تاکہ آپ کو اندازہ ہو سکے کہ اگلا کتنا کامیاب ہے۔ جیسے دشمنی انسان کو ہر وقت خبردار رکھتی ہے بالکل ویسے ہی موازنہ بھی آپ کے اندر کو ٹھنڈا نہیں رہنے دیتا بلکہ محنت اور آگے بڑھنے کی لگن کو زندہ رکھتا ہے۔ آپ کے سینے میں ہدف کو حاصل کرنے کی آگ کو ہوا دیتا ہے۔
موازنہ ایک طرح کا آئینہ ہوتا ہے جس میں آپ خود کی ویلیو کو دیکھتے ہیں۔ آپ کو اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ آپ کے ساتھ رہنے والا آپ سے آگے چلا گیا ہے۔ موازنہ کرنا آپ کے لیے موٹیویشن کا کام کرتا ہے۔ مجھے تو یہ لائن بھی خود کو دھوکے میں رکھنے کے مترادف لگتی ہے جو اللہ جانے کس نے ایجاد کی تھی کہ "کبھی بھی کسی کے ساتھ موازنہ نہ کریں"۔ اگر اس بات پر عمل کیا جائے تو پھر اہداف کہاں سے بنیں گے؟ نمبر دو پر آنے والا انسان نمبر ون پوزیشن کو حاصل کرنے کی کوشش کیوں کرے گا؟
ہاں آپ یہ کہہ سکتے ہیں کہ کسی بھی انسان کو اپنے سے دوسری کسی فیلڈ والے انسان سے موازنہ نہیں کرنا چاہیۓ۔ بھئی اگر اپنی ہی فیلڈ کے لوگوں کی طاقت سے خود کو نہیں تولو گے تو کامیاب کیسے بنو گے؟ جیتنے والے سے کب جیتو گے؟ یہاں موازنہ کرنا بڑا ضروری ہوتا ہے۔ جب تک نمبر تین یا نمبر چار والا نمبر ایک والے سے خود کو compare نہیں کرے گا، تب تک وہ نمبر ون کی پوزیشن کے لیے خود کو تیار کیسے کرے گا۔
اگر موازنہ کرنا غلط یا منع ہو جائے تو دنیا میں نشوونما رک جائے۔ خاص طور پر ایک ہی فیلڈ کے لوگ ایوریج اوسط کے حساب سے آگے بڑھنے لگیں گے۔ جبکہ موازنہ کرنا اُن کے اندر کو تازہ رکھے گا، اور اچھی تیاری کرنے کے لیے اُکسائے گا۔ یاد رکھیں کہ کامیابیوں کے لیے موازنہ کرنا بھی ضروری ہوتا ہے۔ موازنہ آپ کے اہداف کا شیڈول ہوتا ہے۔ آپ کو احساس ہوتا ہے کہ اگر اگلا انسان یہ پوزیشن حاصل کر سکتا ہے تو آپ بھی محنت، لگن اور مستقل مزاجی کی سیڑھی چڑھتے ہوئے خود میں کئی تبدیلیاں لا سکتے ہیں۔ اپنے اہداف کو حاصل کر سکتے ہیں۔
موازنہ کرنا اور ہلکی پھلکی جلن رکھنا اچھا ہوتا ہے۔ اس سے آپ کا اندر سست روی سے دور رہتا ہے۔ آپ کا فوکس بڑھتا ہے۔ آپ زیادہ محنت کرنے لگتے ہیں۔ پریکٹس پر زیادہ دھیان دیتے ہیں اور اِسی مشق کے بل بوتے پر آپ اپنی چھوٹی کامیابیوں سے ہوتے ہوئے بڑی کامیابیوں تک رسائی حاصل کرتے ہیں۔ تو یہ یاد رکھیں کہ موازنہ کرنا بالکل غلط نہیں ہوتا بلکہ یہ کسی بھی کھیل، یا ہدف کو پا لینے کا سب سے بہترین طریقہ ہوتا ہے۔