Saturday, 23 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Azhar Hussain Bhatti
  4. Khali Dabbay Da Pataka Marna Aye

Khali Dabbay Da Pataka Marna Aye

خالی ڈبے دا پٹاکہ مارنا اے

پاکستانی قوم دنیا کی ویلی ترین اور شغلی قوم ہے۔ یہ ریلوے ٹریک پہ اِس لیے نہیں رکتی کہ کچھ وقت بچ جائے گا اور بندر تماشے پہ دو گھنٹے اِس لیے ضائع کر دیتی ہے کہ گھر جا کے وی کی کرنا اے؟

یہ وہ قوم ہے جو کیا کام کرتے ہو کا جواب پان کی پیک پھینک کر دیتی ہے کہ وڈے پائین دبئی ہوندے نے۔ اِس قوم کو کسی بھی طرح کی کوئی پریشانی نہیں ہے۔ یہ چِل ماحول بندے ہیں۔

یہ وہ قوم ہے کہ جس نے زندگی کو آج تک سنجیدگی سے نہیں لیا۔ ہاں اگر اِس قوم کے پاس کچھ ہے تو وہ گلے شکوے ہیں، اگر مگر کاش ہے۔ فلاں کے پاس وسائل ہیں، فلاں بڑا شاطر ہے، اور فلاں آدمی اِس وجہ سے امیر ہے کہ اُس کے پاس خاندانی زمینیں ہیں اور جانے کیا کیا؟

یہ قوم اتنی بھولی ہے کہ ہر کچھ عرصے بعد یہاں مہنگائی اور پانی کے سیلاب آتے ہیں۔ پاکستان جب سے آزاد ہوا ہے ہماری مہنگائی کم نہیں ہوئی۔ یہ مہنگائی پہلے دن سے آج تک صرف بڑھی ہے، جو ہمارے بچوں، ماؤں، بہنوں، باپ اور کئی بھائیوں کو نگل رہی ہے۔ کہنے کو تو یہ قوم زندہ دل کہلاتی ہے۔ مگر ہے مردار، نِری مردہ دل۔

یہ ہاتھ پھیلا لیں گے، اپنوں کو مرتا دیکھ لیں گے مگر ہمت کرکے بدلاؤ نہیں لائیں گے۔ یکجا نہیں ہوں گے۔ احتجاج نہیں کریں گے۔ انقلاب نہیں لائیں گے۔ جبکہ جتنی لاشیں یہ مہنگائی گرا چکی ہے اُس سے کم میں ہی انقلاب اِن کا مقدر بن سکتا تھا۔ مگر یہ قوم انتہائی شغلی قوم ہے۔

اِس قوم نے اپنی ایک مشہور عادت سے بھی کوئی سبق نہیں سیکھا۔ جب کہ یہ شروع دن سے جوس کے خالی ڈبوں کے پٹاکے مارتی آ رہی ہے۔ ٹھاہ ٹھاہ ٹھاہ!

اِنہیں اس چیز سے ہی جان جانا چاہیے تھا کہ جو چیز خالی ہوتی ہے لوگ اُسی چیز کا پٹاکہ مارتے ہیں۔ اِنہیں سمجھ جانا چاہیے کہ یہ لوگ بھی جوس کا خالی ڈبہ بن چکے ہوئے ہیں، جن کے پٹاکے مارے جا رہے ہیں۔ اور ہم بھی تماشائیوں میں شامل دیکھ دیکھ کر ہنس رہے ہیں۔ اِس چیز سے بالکل انجان کہ اگلا پٹاکہ ہمارا بھی بج سکتا ہے۔

یہی موقع ہے ایک ہونے کا، کچھ کر دکھانے کا۔ سوچ بدلنے کا، نمائندے بدلنے کا اور اپنی قسمت بدلنے کا۔ تو دل کلیجہ بڑا کریں اور اب کی بار عہد کریں کہ یہ مہنگائی ہمارے گھروں میں دوبارہ داخل نہیں ہوگی۔ یہ ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکے گی۔ دماغ کی بتی جلائیں اور اِس بدعنوانی، کرپشن اور نا اہلی کے آگے ہمت، جوش اور جذبے کا ایسا بندھ باندھ دیں کہ آئندہ کوئی صاحبِ اختیار ہم سے ہمارے اپنے نہ چھین سکے۔

Check Also

Ye Roshni Fareb Hai

By Farhat Abbas Shah