Friday, 10 January 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Azhar Hussain Bhatti
  4. Kal Kya Karna Hai? Ye Aaj He Tay Kar Lain

Kal Kya Karna Hai? Ye Aaj He Tay Kar Lain

کل کیا کرنا ہے؟ یہ آج ہی طے کر لیں

یہ کائنات، یہ دنیا یہ جہان بنا اور اِسے انسانوں سے بھر دیا گیا۔ کہیں انسان، کہیں جِن اور کہیں کچھ بھی نہیں، لیکن جب یہ سب کچھ بنا تو یہ تب ہی طے ہوگیا کہ آگے کیا کرنا ہے؟ انسانوں کے لیے جنت اور جہنم بنا دی گئی اور دنیا میں زندہ رہنے کے لیے زندگی اور اعمال کو ایک امتحان کی صورت بنایا گیا اور یہ بھی بتا دیا گیا کہ اگر اچھے اور نیک کام کرو گے تو جنت میں جاؤ گے اور اگر ظلم کرو گے، گناہ کرو گے تو بدلے میں دوزخ ملے گی۔

جاپان ایک طاقتور مالک ہے، جو کہ معاشی لحاظ سے دنیا کے ٹاپ ملکوں میں شمار ہوتا ہے۔ جس کے برانڈز دنیا بھر میں استعمال ہوتے ہیں۔ ٹیکنالوجی کی دنیا میں وہ بہت آگے نکل چکا ہے۔ اگر اُس کی کامیابی کی وجہ جاننے کی کوشش کریں گے تو پتہ چلے گا کہ ان کے پاس کل کیا کرنا ہے؟ اُس کی لسٹ آج ان کے پاس ہوتی ہے۔ وہ کل کے لیے پہلے سے ہی پلان تیار کرکے رکھتے ہیں۔ کل کیا کرنا ہے یہ پہلے سے طے کرنے کی عادت نے اُنہیں بےپناہ کامیابیوں سے ہمکنار کیا ہے۔

ہمارے ہاں ایسا کرنے کی کوئی عادت نہیں پائی جاتی اور نہ ہی ایسا کرنے کی کوئی ترغیب دی جاتی ہے۔ ہمارے ہاں بس ایک ہی شے بولی جاتی ہے اور وہ ہے

"ویکھی جاوے گی"

اِس ایک لائن اور مفروضے نے ہمیں انفرادی اور ملکی سطح دونوں پر دیوالیہ کرا کے رکھ دیا ہے۔ نہ کچھ کرنا ہے اور نہ ہی کچھ کرنے دینا ہے۔ نہ کھیڈاں گے تے نہ کھیڈن دیاں گے۔ دن رات بس اِسی صورتِ حال سے ہم دو چار رہتے ہیں۔ جو وقت گزر گیا اُسے بھول جائیں، آئیں اور عہد کریں کہ آج سے اور ابھی سے اِس عادت کو اپنانے کی پوری کوشش کریں گے۔ کل کیا کرنا ہے، یہ آج سے ہی طے کریں گے۔ یاد رکھیں کہ اچانک کچھ نہیں ہوتا۔

ہر شے اور واقعہ کے پیچھے پلاننگ ہوا کرتی ہے۔ دن مہینے اور سالوں کی بھرپور محنت ہی زندگی گزارنے کے پہلوؤں میں بہتری لایا کرتی ہے۔ اچانک والے کام اچانک ختم بھی ہو جاتے ہیں۔ جبکہ پلاننگ سے کیے گئے کام دیر پا اثر رکھتے ہیں۔ کسی لاٹری، بانڈ، جگاڑ یا اتفاقات کی دنیا سے باہر نکل آئیں اور محنت کرنا شروع کر دیں۔ یاد رکھیں کہ من پسند نتائج حاصل کرنے کے لیے کل کیا کرنا ہے، کی پوری فہرست آپ کے پاس ہونی چاہیے۔

روزانہ کرنے والے کاموں کی لسٹ ہمہ وقت آپ کی جیب یا آپ کے دماغ میں ضرور ہو۔ جب پتہ ہوگا کہ کرنا کیا ہے تو زندگی بھی آپ کو آپ کے من چاہے نتائج دینا شروع ہو جاتی ہے۔ اِسی لیے خوب محنت کریں اور آج کا کام کل پر مت چھوڑیں اور کل کیا کرنا ہے، اُس کی فہرست آج ہی بنا کر اپنے پاس رکھ لیں۔

Check Also

Bulbul To Chehke Hai

By Abu Nasr