Friday, 29 March 2024
  1.  Home/
  2. Blog/
  3. Azhar Hussain Bhatti/
  4. Kaam Ko Waqt Dain, Kaam Aap Ko Kamyabi De Ga

Kaam Ko Waqt Dain, Kaam Aap Ko Kamyabi De Ga

کام کو وقت دیں، کام آپ کو کامیابی دے گا

گوگل کے سی ای او، سندر پچھائی کو تو آپ جانتے ہی ہونگے۔ ایک دفعہ اُنہوں نے اپنی بیوی کے ساتھ کسی دعوت پہ جانا تھا۔ چونکہ یہ ابھی آفس تھے تو بیوی الگ سے دعوت والے گھر چلی گئی۔ یہ جب دفتر سے نکلے تو مطلوبہ گھر کا پتہ پوچھتے پوچھتے بڑی دیر سے وہاں پہنچے۔ جب وہاں گئے تو پتہ چلا کہ اُن کی بیوی اکیلے ہی دعوت نوش فرما کر گھر چلی گئی ہیں۔ یہ جب اپنے گھر پہچنے تو اِن کی بیوی بہت سخت ناراض ہوئی اور یہ اِسی چپقلش کی وجہ سے وہاں سے دفتر آ گئے۔

پھر دفتر پہنچ کے ساری رات یہ سوچتے رہے کہ آج گھر کا پتہ نہ ہونے کی وجہ سے وہ کتنے کھجل خوار ہوئے اور دنیا میں جانے اور کتنے ہی لوگ روزانہ کی بنیاد پر ایسے ہی اپنی مطلوبہ جگہوں پر دیر سے پہنچتے ہونگے۔ وہ اِس بات پر بہت غور و فکر کرنے لگے اور صبح ہی اپنی ٹیم سے اِس مسئلے کے حل کے لیے بات شروع کر دی اور یوں اُن کی سوچ اور محنت کی وجہ سے گوگل میپ وجود میں آیا۔ جس کا استعمال آج ہر کوئی کر رہا ہے۔

اِسی طرح ایک دفعہ شلپا شیٹھی نے کپل شرما شو میں اپنے شوہر کے متعلق یہ بتایا کہ یہ دفتر بہت وقت گزارتے ہیں، کبھی کبھی تو رات بھر گھر نہیں آتے۔ دن رات محنت کرتے ہیں اور زندگی کا بیشتر وقت اپنے کاروبار کو دیتے ہیں۔

آپ کسی بھی بڑی کمپنی، برانڈ یا بڑے آدمی کی شہرت یا کامیابی کی وجہ پتہ لگائیں گے تو معلوم پڑے گا کہ ان لوگوں نے محنت کرتے وقت، گھنٹوں منٹوں کا حساب نہیں لگایا ہوتا۔ اپنے کام، کاروبار، برانڈ یا کمپنی کو بیش بہا وقت دیا ہوتا ہے۔ یاد رکھیں کامیابی تبھی ملتی ہے جب آپ ٹائم زون سے باہر چلے جاتے ہیں۔ بےحد کامیابی کے لیے بےحد وقت دینا پڑتا ہے۔ ترجیحات پر سمجھوتے، کامیابی کا راستہ روک لیتے ہیں۔

اگر کوئی انسان کامیاب نہیں ہو پا رہا ہوتا تو وہ اپنے کام کو دیے گئے وقت کا حساب نوٹ کرے۔ دیکھے، پرکھے کہ آیا کہاں غلطی ہو رہی ہے۔ کیا وہ اپنا سب سے زیادہ وقت اپنے ہدف، ٹارگٹ یا کام کو دے پا رہا ہے۔ کیا اُسے یہ سننے کو مل رہا ہے کہ میاں، آج کل کہاں غائب رہتے ہو؟ کیا خاندان والے بھی کم وقت دینے کی شکایت کرتے دکھائی دیتے ہیں؟ اگر ان سوالوں کا جواب ہاں میں ہے تو یہ یقین کر لیں کہ آپ کامیابی کے رَستے پر گامزن ہیں۔

کامیابی، وقت کا خراج مانگتی ہے اور جب تک وقت کی دولت اپنے کام کے لیے خرچ نہ کی جائے کامیابی نہیں ملا کرتی۔ خود کو کام کے لیے وقف کر دیں، کامیابی خود آپ کی جھولی میں آ گرتی ہے۔ دن رات ایک کر دیں اور پھر جب کامیاب ہو جائیں تو دوسروں میں آسانیاں بانٹنی شروع کر دیں۔ جو سیکھا ہے آگے بتانے لگ جائیں، غلطیوں سے خبردار کریں اور اپنی کامیابی کو اپنے تجربات کی مدد سے مضبوطی سے تھامے رکھیں تاکہ آپ کو دوبارہ کبھی ناکامی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Check Also

Agar Kuch Karna Hai To Shor Walon Se Door Rahen

By Azhar Hussain Bhatti