Saturday, 23 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Azhar Hussain Bhatti
  4. Body Language Par Dheyan Dain

Body Language Par Dheyan Dain

باڈی لینگوئج پر دھیان دیں

بھئی یہ جو باڈی لینگوئج ہے نا یہ دنیا کی تمام زبانوں میں سب سے پہلے نمبر پر آتی ہے۔ آپ یہ چھوڑ دو کہ دنیا میں کتنی زبانیں بولی جاتیں ہیں، سب کے بولنے اور اِس کے بولنے میں بڑا فرق ہے۔ بھئی اصل زبان تو ہے ہی یہی، یعنی باڈی لینگوئج۔

اب فرض کرو کہ آپ باہر کے کسی ملک گھومنے گئے ہیں اور آپ کو وہاں کی زبان کی بالکل سمجھ بوجھ نہیں ہے، اور آپ کو بہت زور کا واش روم آ گیا ہے تو تب آپ کیا کرو گے؟ سیدھی سی بات ہے چھوٹی انگلی ہی کھڑی کرکے اپنی حاجت کی بابت بتاؤ گے ناں اور اگلا سمجھ بھی جائے گا۔ اور اگر فرض کریں کہ وہ چیچی کی زبان نہ سمجھ سکے تو پھر آپ باجامہ اتارنے کی نقل کرتے ہوئے بیٹھ کر اگلے کو سمجھا ہی لو گے کہ پیارے مجھے واش روم جانا ہے۔ اوہ بھئی یہی ہے اصل بین الاقوامی زبان، جسے سب سمجھتے ہیں۔

کیا ہوا اگر آپ کو انگلش نہیں آتی، پشتو، عربی یا ترکش نہیں آتی تو اِس میں گھبرانے یا پریشان ہونے کی بالکل بھی ضرورت نہیں ہے کیونکہ آپ کے پاس اپنی باڈی ہے اور یہی سب سے بہترین لینگوئج ہے جس سے اگلا انکار کر ہی نہیں سکتا کہ اُسے سمجھ نہیں آرہی۔

اَرے یہ واقعی دنیا کہ سب سے بڑی زبان ہے۔ یقین نہیں آ رہا؟ یار تم نے دیکھا نہیں کہ مسڑ بین اور چارلی چیپلن نے اِسی باڈی لینگوئج سے ہی ساری دنیا کو اپنا دیوانہ بنایا تھا۔ لوگ آج بھی اُن کے فین ہیں۔ آخر کیا وجہ تھی جو لوگ اس قدر پسند کرتے تھے اُن کو۔ دیکھ لو اِسی زبان کے استعمال سے انہوں نے کروڑوں لوگوں کے دلوں پر راج کیا اور ابھی تک کر رہے ہیں۔

چھوٹا بچہ جو کچھ بول نہیں پاتا وہ بھی باڈی لینگوئج کی مدد سے ہی اپنے گولز تک پہنچتا ہے اور ماں باپ کو آسانی ہو جاتی ہے بچے کی بات کو سمجھنے میں۔ بچے کی مٹھی بند ہے تو وہ بھوکا ہے، کھلی ہے تو اسے بھوک نہیں ہے۔ زور سے چیختا ہے تو کسی درد کی وجہ سے وہ ایسا کر رہا ہے۔ یہ سب باڈی لینگوئج ہی تو ہے جس کی وجہ سے ہم ایک نوزائیدہ بچے تک کو سمجھ لیتے ہیں۔

آنکھوں آنکھوں میں ہی اگلے کو بتا دیتے ہیں کہ ہمیں محبت ہوگئی ہے۔ ہونٹوں کی مسکراہٹ سے دل موہ لیتے ہیں۔ دو چار قدم چلتے ہیں تو سیدھا اگلے کے دل میں داخل ہو جاتے ہیں۔ ہم اپنی باڈی سے ہی اگلے کو وہ سب سمجھا دیتے ہیں جو اسے سمجھانا چاہ رہے ہوتے ہیں۔

جہاں دوسری زبانوں میں بھی نفرت کے لیے بہت کچھ بولا اور سنا جاتا ہے بالکل ویسے ہی اِس زبان یعنی باڈی لینگوئج میں بھی نفرت کے نمایاں آثار پائے جاتے ہیں۔ جہاں اگلے کو باڈی لینگوئج سے محبت جتا دی جاتی ہے وہیں نفرت کا بتانے میں بھی زرا دیر نہیں لگاتے ہم لوگ۔

ویسے ایک بات بتاؤں۔ یار باڈی لینگوئج نہیں بلکہ محبت سب سے بڑی زبان ہے۔ اگر ہم محبت بولنا اور جتانا شروع کر دیں تو دنیا کی ہر زبان بڑی پیاری اور آسان ہو جائے گی۔ دنیا جنت ہو جائے گی۔

Check Also

Adab

By Idrees Azad