Monday, 29 April 2024
  1.  Home/
  2. Blog/
  3. Azhar Hussain Bhatti/
  4. Baaten Aur Amal Kabhi Barabar Nahi Ho Sakte

Baaten Aur Amal Kabhi Barabar Nahi Ho Sakte

باتیں اور عمل کبھی برابر نہیں ہو سکتے

زندگی خدا کی دی ہوئی بڑی پیاری نعمت ہے۔ یہ بہت سے عناصر، اجزاء اور جذبات وغیرہ سے ملکر بنتی ہے۔ کہیں دکھ آڑے آ جاتے ہیں تو کبھی خوشیاں دامن تھام لیتی ہیں۔ کسی سے محبت بےپناہ ہو جاتی ہے تو کسی سے نفرت کی آگ ٹھنڈی نہیں ہو پاتی۔

کوئی کامیاب زندگی گزار رہا ہوتا ہے تو کسی کا ناکامیاں پیچھا نہیں چھوڑ رہی ہوتیں۔ انسانی زندگی عجب طرز کے سائیکل میں گزرتی ہے۔ یہاں ہر انسان دوسروں کی زندگی میں ٹوہ لینے کے چکر میں رہتا ہے۔ کوئی کیسی زندگی گزار رہا ہے یا کسی کا کسی سے کیا لینا دینا چل رہا ہے، ہر انسان اسی تجسس کے ہاتھوں بس یہی کچھ جاننے میں لگا رہتا ہے۔

ہمارے ہاں عملی زندگی کی بجائے باتیں کرنے پر زیادہ زور دیا جاتا ہے۔ آپ کسی بھی انسان سے کوئی بھی بات کرکے دیکھ لیں، آپ کو ہر انسان ہر کام میں ماہر نظر آئے گا۔ آپ گاڑی کا پوچھ لیں، گھر یا کسی بیماری کا۔ یہاں سب آپ کو اپنے قیمتی مشوروں سے نوازتے نظر آتے ہیں۔ جبکہ یہ چیز سراسر غلط ہے اور یہی عمل ہماری تنزلی کی سب سے بنیادی اور بڑی وجہ ہے۔

ہم بغیر عمل کے کسی بھی بات پر اپنی رائے کیسے دے سکتے ہیں؟ ہم یہ بات کیوں نہیں سمجھتے کہ تھیوری اور عمل میں زمین آسمان کا فرق ہوتا ہے۔

مثال کے طور پر آپ کسی کلاس کے بچوں کو اگر یہ پڑھاتے ہیں کہ کھیتوں میں گاجر کو زمین سے کیسے باہر نکالا جاتا ہے یا یہ کہ دھان کی فصل درانتی سے کیسے کاٹی جاتی ہے اور یہی چیز اگر آپ ان بچوں سے عملی طور پر کروانے کے لیے کھیتوں میں لیکر جائیں تو سوچیں کہ پڑھانے میں اور عمل کرنے میں کتنا زیادہ فرق آ جائے گا۔

کسی کی امی کے مرنے پر اس کو صبر کا کہہ دینا اور خود صبر کا کرنا دونوں آپس میں بہت مختلف ہیں کیونکہ زبان سے کچھ کہہ دینا اور اُس کام کا عملی طور پر ہو جانا ہمیشہ سے مختلف اور متضاد رہا ہے۔ یہ بھی ایک یونیورسل حقیقت ہے جسے جھٹلایا نہیں جا سکتا، اِسی لیے یاد رکھیں کہ باتیں کرنے والے، کبھی عمل کرنے والوں کے برابر نہیں ہو سکتے۔

آپ خود بھی ہر اس مشورے کو دینے اور لینے سے باز رہیں کہ جس میں عملی کام کا تجربہ شامل نہ ہو۔ متعلقہ مشورہ، نصیحت یا حکم تب ہی دیں جب خود اس کام میں عملی تجربہ رکھتے ہوں وگرنہ خاموش رہا کریں۔ اپنی زندگی بھی آسان بنائیں اور دوسروں کی بھی۔

Check Also

Melay Ki Kahani

By Rauf Klasra