Saturday, 11 January 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Azhar Hussain Bhatti
  4. Aap Ne Hi Karna Hai

Aap Ne Hi Karna Hai

آپ نے ہی کرنا ہے

فرض کریں کہ آپ کی شادی ہوگئی ہے اور کمرے میں بیٹھی سجی سنوری دلہن آپ کا انتظار کر رہی ہے تو کیا آپ کمرے میں خود جائیں گے یا کسی اور کو بھیجیں گے؟ یقیناّ خود جائیں گے اور کسی اور کو بھیجنے کا تو خیال بھی دل میں نہیں آسکتا کیونکہ وہ دلہن آپ کی ہے کسی اور کی نہیں۔

ایک ماں تب ماں نہیں بنتی کہ جب وہ بچہ پیدا کرتی ہے بلکہ وہ تب ماں بنتی ہے جب اُس کی کوکھ میں خون کا ایک لوتھڑا بنتا ہے۔ وہ نو ماہ تک بچے کے ساتھ جیتی ہے اور جب وہ دنیا میں آجاتا ہے تو اُس کی پرورش کرنا، اُسے پالنا پوسنا شروع کرتی ہے۔ بچہ بولنے یا سننے کے قابل نہیں ہوتا مگر پھر بھی ماں روزانہ اُس سے ڈھیروں باتیں کرتی ہیں۔ لاڈیاں دکھاتی ہے۔ بچہ جتنا مرضی تنگ کرنے والا ہو، ضدی ہو بُرا ہو، چور ہو، ڈاکو ہو مگر ایک ماں پھر بھی اپنے بچے سے بےپناہ پیار کرتی ہے۔ کیونکہ بچے کو پیار صرف ماں ہی کر سکتی ہے۔

دنیا میں کچھ کام ایسے ہوتے ہیں کہ جو صرف آپ نے ہی کرنے ہوتے ہیں، کیونکہ کوئی اور آ کے وہ کام نہیں کر سکتا۔ وہ صرف آپ کی ذمہ داری بنتی ہے۔

بالکل اِسی طرح آپ کو کامیاب بھی صرف آپ نے خود ہی کرنا ہوتا ہے۔ کوئی دوسرا قطعاََ یہ کام نہیں کر سکتا۔ آپ نے کیا بننا ہے اور کیا نہیں یہ فیصلہ آپ کا اپنا ہوتا ہے۔ آپ کے بچوں نے اسکول گاڑی میں جانا ہے، سائیکل پر یا موٹر بائیک پر یہ سوچنا آپ کا کام ہے۔

زندگی میں کبھی کسی پر انحصار مت کریں۔ کبھی کسی کی باتوں میں مت آئیں۔ بڑے بڑے خواب دکھانے والوں کے چنگل میں مت پھنسیں کیونکہ خواب، اولاد اور بیوی صرف اپنی اپنی ہی ہوا کرتی ہے۔ آپ کو کامیاب ہونا ہے تو اپنے الگ سے خواب دیکھیں کیونکہ دوسروں کے خوابوں سے کبھی ترقی نہیں ہوا کرتی۔

ویسے کتنے مزے کی بات ہے نا کہ ہم لوگ کامیاب تو صرف اپنی وجہ سے ہوتے ہیں لیکن لوگ ہماری عزت کرنے لگتے ہیں۔ جب کہ ہم نے کسی کو بھی اپنا پیسہ یا گھر نہیں دینا ہوتا مگر پھر بھی لوگ ہماری عزت کرتے ہیں کیونکہ ہم اپنی زندگی میں ایک کامیاب انسان بنے ہوتے ہیں۔

آپ کو کامیاب صرف آپ نے ہی کرنا ہوتا ہے تو اِسی لیے کسی دوسرے پہ انحصار کرنے کی بجائے خود کے زورِ بازو پر بھروسہ کرنا سیکھیں اور خوب محنت کرتے رہیں کیونکہ محنت ہی وہ جال ہے کہ جس میں کامیابی نے پھنسنا ہی پھنسنا ہوتا ہے۔

Check Also

Westa Ki Pujaran

By Khalid Isran