Wednesday, 01 May 2024
  1.  Home/
  2. Blog/
  3. Azhar Hussain Bhatti/
  4. Aap Karobar Hargiz Shuru Na Karen Agar

Aap Karobar Hargiz Shuru Na Karen Agar

آپ کاروبار ہرگز شروع نہ کریں اگر

دنیا میں ہر انسان کامیاب ہونا چاہتا ہے۔ کاروبار کرنا چاہتا ہے۔ نوکری کرنا کسی کو بھی پسند نہیں ہے۔ ہر انسان خواہش کرتا ہے کہ اس کا اپنا کاروبار ہو، وہ مرضی سے کام کرے۔ دن دگنی رات چگنی ترقی کرے۔ ہر طرف اس کی شہرت کے ڈنکے بجیں۔ تو اگر آپ بھی کوئی کاروبار کرنا چاہتے ہیں تو مندرجہ ذیل عادات پڑھ لیں۔ ان میں سے اگر کوئی بھی ایک بھی عادت آپ میں موجود ہے تو کاروبار کرنے سے باز رہیں۔

1۔ محنتی

نوکری اگر آٹھ گھنٹے کی محنت ہے تو کاروبار 24 گھنٹے کی محنت ہے۔ اگر آپ محنتی نہیں ہیں تو خدارا کاروبار کرنے سے گریز کریں۔ کیونکہ بزنس کرنے کے لیے سب سے پہلی شرط سخت محنت ہے اور اگر آپ محنتی نہیں ہیں تو آپ کا سارا پیسہ ضائع ہو جائے گا۔

2۔ صبر نہیں ہے۔

صبر ایک ایسی عادت ہے جسے میں کاروبار کی ریڑھ کی ہڈی کہتا ہوں۔ کاروبار کرنے کے لیے آپ میں صبر کا ہونا بڑا ضروری ہوتا ہے کیونکہ بزنس اتار چڑھاؤ کا نام ہے۔ اونچ نیچ کے اس کھیل میں صبر کرنے والا ہی جیتتا ہے۔ بےصبرے انسان کاروبار سے مات کھا جاتے ہیں۔ جلدی کام شیطان کا اور صبر کا کام بزنس مین کا ہوتا ہے۔

3۔ غصہ کرنا۔

ایک کہاوت ہے کہ چہرے پر مسکراہٹ رکھنے والا انسان جلدی کامیاب ہوتا ہے۔ اگر آپ اپنے چہرے پر مسکراہٹ نہیں رکھ سکتے تو آپ دکان مت کھولیں۔ کاروبار میں غصہ نہیں چلتا۔ ڈپلومیٹک ہونا پڑتا ہے۔ دنیا میں کوئی بھی تیز غصے والا انسان کبھی اچھا بزنس مین نہیں بن سکا۔ غصے والا انسان کاروبار کر ہی نہیں سکتا اور اگر کوئی انسان کاروبار کر رہا ہے اور غصے والا بھی ہے تو یاد رکھیں وہ آنے والے وقتوں میں اپنے کاروبار سے ہاتھ دھو بیٹھے گا۔

4۔ صرف نفع پر نظر رکھنا۔

یاد رکھیں کہ کاروبار نفع اور نقصان دو چیزوں کا نام ہے۔ آپ کو اس میں نفع بھی ملے گا اور نقصان بھی اُٹھانا پڑ سکتا ہے۔ آپ کو حالات کے پیش نظر کبھی نقصان بھی برداشت کرنا پڑتا ہے لیکن جو انسان صرف نفع ذہن میں رکھے اور نقصان بالکل بھی نہ ہونے دے وہ اچھا کاروباری انسان نہیں ہو سکتا۔ کئی کلائنٹس کو کبھی نقصان پر بھی پراڈکٹس فراہم کرنا پڑتی ہیں لیکن بعد میں ملنے والا پرافٹ اس چیز کی خوب بھرپائی بھی کر لیتا ہے۔

5۔ ایمانداری۔

کاروبار ہو یا روزمرہ کی زندگی، ایمانداری بڑی شے ہے۔ بےایمان شخص نہ تو زندگی میں کامیاب ہوتا ہے اور نہ ہی کاروبار میں۔ ایمانداری آپ کے کسٹمرز کو آپ کا مستقل کسٹمر بنانے میں بڑا اہم کردار ادا کرتی ہے جبکہ بےایمانی آپ کے کاروباری کشتی میں ہونے والا وہ سوراخ ہے جو پوری کشتی کو ہی ڈبو دیتا ہے۔

6۔ جو وعدہ کریں، اُسے پورا کریں۔

بزنس میں کمٹمنٹس پر پورا اُترنا آپ کو بہت آگے لیکر جاتا ہے۔ آپ اپنے کلائنٹس یا کسٹمرز کے ساتھ کسی بھی حوالے سے جو بھی کمٹمنٹ کریں، اُسے کبھی مت بھولیں، لاپرواہی کی نذر نہ کریں بلکہ ہر حال میں اس وعدے کو پایہِ تکمیل تک پہنچائیں۔ ایسا کرنا آپ کو میچور بزنس مین ثابت کرتا ہے۔ کاروبار کھڑا ہی کمٹمنٹس کی بنیاد پر ہوتا ہے۔ اگر آپ وقت پر چیزیں نہیں کرتے، آؤ بھاؤ اور بہانے بازی سے کام لیتے ہیں تو ایسا کرنے سے آپ اپنا اعتبار کھو بیٹھتے ہیں کیونکہ کاروبار زبان کے بل بوتے پر پھلتا پھولتا ہے۔

اگر یہ عادات آپ میں موجود ہیں تو آپ بلا جھجھک کاروبار شروع کر سکتے ہیں۔

Check Also

Inam Rana, Marrakech Aur Shame On You

By Syed Mehdi Bukhari