Thursday, 07 May 2026

Announcement!

اب اپ ہمارے یوٹیوب چینل کا حصہ بن سکتے ہیں۔ اب آپ کی تحریر کے ساتھ آپ کی آواز اور تصویر بھی دنیا تک پہنچے گی۔ اپنی تحریر کو اپنے موبائل سے بصورت ویڈیو ریکارڈ کریں اور ہمیں ارسال کر دیں۔

مزید تفصیلات کے لئے ہم سے رابطہ کریں۔۔

  1.  Home
  2. Blog
  3. Ayesha Batool
  4. Muhabbat Ki Shadi Karne Ke Baad Ab Aage Kya?

Muhabbat Ki Shadi Karne Ke Baad Ab Aage Kya?

محبت کی شادی کرنے کے بعد اب آگے کیا؟

پسند کی شادی اکثر نوجوانوں کے لیے ایک خواب جیسی محسوس ہوتی ہے۔ انہیں لگتا ہے کہ اب زندگی صرف محبت، خوشیوں اور خوبصورت لمحوں سے بھری ہوگی۔ ہر دن پہلے سے زیادہ حسین ہوگا اور صرف جذبات ہی زندگی کو آسان بنا دیں گے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ شادی صرف محبت کے خوبصورت لفظوں کا نام نہیں، بلکہ یہ دو مختلف زندگیوں، عادتوں، سوچوں اور ذمہ داریوں کو ایک ساتھ نبھانے کا نام ہے۔

شروع شروع میں سب کچھ بہت خوبصورت لگتا ہے۔ لمبی باتیں، ایک دوسرے کی فکر، ہر لمحہ خاص محسوس ہوتا ہے۔ مگر وقت گزرنے کے ساتھ زندگی اپنی اصل شکل دکھانا شروع کر دیتی ہے۔

گھر کے اخراجات، ذمہ داریاں، مزاج کا فرق، تھکن، وقت کی کمی اور روزمرہ کی چھوٹی چھوٹی باتیں کبھی کبھی بڑے اختلافات میں بدلنے لگتی ہیں۔ یہی وہ مرحلہ ہوتا ہے جہاں اکثر لوگ یہ بھول جاتے ہیں کہ محبت صرف احساس نہیں بلکہ ایک مسلسل کوشش بھی ہے۔

نفسیات یہ کہتی ہے کہ انسان اُن لوگوں سے سب سے زیادہ توقعات رکھتا ہے جن سے وہ سب سے زیادہ محبت کرتا ہے اور جب توقعات پوری نہ ہوں تو دل میں خاموش شکوے جمع ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔ یہی خاموشیاں آہستہ آہستہ فاصلے پیدا کرتی ہیں۔

اسی لیے کامیاب رشتے وہ نہیں ہوتے جہاں کبھی اختلاف نہ ہو، بلکہ وہ ہوتے ہیں جہاں اختلاف کے باوجود ایک دوسرے کو چھوڑنے کے بجائے سمجھنے کی کوشش کی جائے۔

خاص طور پر وہ جوڑے جو خاندان کی رضا مندی کے بغیر شادی کرتے ہیں، انہیں صرف ایک دوسرے کا ساتھ ہی سہارا دیتا ہے۔ ایسے میں اگر دونوں ایک دوسرے کے زخم سمجھنے کے بجائے ایک دوسرے کو ہی قصوروار ٹھہرانا شروع کر دیں تو رشتہ کمزور ہونے لگتا ہے۔

یاد رکھیں، جب دو لوگ پوری دنیا کے خلاف جا کر ایک دوسرے کا انتخاب کرتے ہیں، تو پھر انہیں دنیا سے زیادہ ایک دوسرے کا ساتھ دینا چاہیے۔ اکثر رشتے بڑی غلطیوں سے نہیں بلکہ چھوٹی چھوٹی بےحسیوں سے ٹوٹتے ہیں۔

کبھی ایک سخت لہجہ، کبھی نظرانداز کر دینا، کبھی وقت نہ دینا اور کبھی صرف یہ محسوس کروانا کہ "تم اہم نہیں رہے"۔ یہ چیزیں دل کو خاموشی سے توڑتی رہتی ہیں۔ جبکہ محبت کی اصل طاقت یہی ہے کہ انسان اپنے لفظوں، لہجے اور رویّے سے دوسرے کو سکون دے۔

یہ بھی حقیقت ہے کہ محبت کی شادی آسانی سے حاصل نہیں ہوتی۔ اس کے پیچھے صبر، قربانیاں، دعائیں اور کبھی کبھی آنسو بھی شامل ہوتے ہیں۔ تو پھر ایسے رشتے کو انا، ضد، غلط فہمی یا لوگوں کی باتوں کی وجہ سے کمزور کیوں ہونے دیا جائے؟

اگر دو لوگ ایک دوسرے کے لیے اتنا سب کچھ برداشت کر سکتے ہیں، تو وہ ایک دوسرے کو سمجھنے کے لیے تھوڑا صبر بھی کر سکتے ہیں۔

شادی صرف "میں تم سے محبت کرتا ہوں " کہنے کا نام نہیں، بلکہ یہ "میں تمہیں سمجھنے کی کوشش کروں گا" کا وعدہ بھی ہے۔

یہ برداشت، احترام، صبر، معافی اور احساس کا سفر ہے۔ جو لوگ یہ راز سمجھ لیتے ہیں، ان کے رشتے وقت کے ساتھ کمزور نہیں بلکہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہوتے جاتے ہیں۔ شادی کے بعد اکثر لڑائیاں بڑی باتوں پر نہیں بلکہ بہت چھوٹی چیزوں پر ہوتی ہیں۔ جیسے چائے یا کافی کی پسند کا خیال رکھا، وقت دینا، یا کسی بات کو نظرانداز کر دینا۔ لیکن ذہین اور سمجھدار جوڑے وہ ہوتے ہیں جو "جیتنے" کے بجائے "رشتہ بچانے" کو اہمیت دیتے ہیں۔

کبھی کبھی صرف ایک نرم لہجہ، ایک معذرت، یا ایک چھوٹا سا خیال دوسرے کے دل کو دوبارہ سکون دے دیتا ہے۔ اپنے شریکِ حیات کی پسند، جذبات اور تھکن کو محسوس کرنا سیکھیں۔ کیونکہ انسان وہاں سب سے زیادہ سکون محسوس کرتا ہے جہاں اسے سمجھا جائے۔ کسی تیسرے شخص، رشتے دار یا معاشرتی دباؤ کو اپنے تعلق پر حاوی نہ ہونے دیں۔

یاد رکھیں، لوگ صرف مشورے دیتے ہیں، مگر زندگی آپ دونوں نے گزارنی ہوتی ہے۔ اس لیے ایک دوسرے کے خلاف شکایتیں جمع کرنے کے بجائے، ایک دوسرے کے حق میں کھڑا ہونا سیکھیں۔ کیونکہ محبت صرف حاصل کرنے کا نہیں بلکہ نبھانے کا نام ہے۔

محبت کی شادی کرنے والوں کے لیے میری دل سے یہ دعا ہے۔ "اے اللہ! ہمارے گھروں میں محبت، سکون اور برکت عطا فرما۔ میاں بیوی کے دلوں میں ایک دوسرے کے لیے احترام، نرمی اور سمجھ پیدا فرما۔ ہر رشتے کو غلط فہمیوں، انا اور نفرت سے محفوظ فرما اور ہر شادی شدہ جوڑے کو صبر، حکمت اور خوشیوں بھری زندگی عطا فرما۔ آمین"۔

Check Also

Do Qisam Ke Log

By Rauf Klasra