Wednesday, 13 May 2026

Announcement!

اب اپ ہمارے یوٹیوب چینل کا حصہ بن سکتے ہیں۔ اب آپ کی تحریر کے ساتھ آپ کی آواز اور تصویر بھی دنیا تک پہنچے گی۔ اپنی تحریر کو اپنے موبائل سے بصورت ویڈیو ریکارڈ کریں اور ہمیں ارسال کر دیں۔

مزید تفصیلات کے لئے ہم سے رابطہ کریں۔۔

  1.  Home
  2. Blog
  3. Ayesha Batool
  4. Maa, Aisa Rishta Jo Kabhi Purana Nahi Hota

Maa, Aisa Rishta Jo Kabhi Purana Nahi Hota

ماں، ایسا رشتہ جو کبھی پرانا نہیں ہوتا

دنیا میں اگر کوئی رشتہ بے غرض محبت، خالص دعا اور بے مثال قربانی کی پہچان ہے تو وہ ماں کا رشتہ ہے۔ ماں وہ ہستی ہے جو اپنی نیند، اپنی خواہشات اور اپنی راحت قربان کرکے اپنے بچوں کی خوشیوں کو ترجیح دیتی ہے۔ انسان زندگی میں جتنا بھی بڑا ہو جائے، ماں کے سامنے ہمیشہ ایک بچے جیسا ہی رہتا ہے۔ اسی محبت اور قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ہر سال "مدرز ڈے" منایا جاتا ہے۔

ہر سال مئی کے مہینے میں دنیا کے کئی ممالک میں مدرز ڈے منایا جاتا ہے۔ موجودہ سال یہ دن 11 مئی کو منایا گیا۔ اس دن کا مقصد ماں کی محبت، قربانیوں اور اس کے کردار کو سراہنا ہوتا ہے۔ لوگ اپنی ماؤں کو تحفے دیتے ہیں، ان کے ساتھ وقت گزارتے ہیں اور انہیں خاص محسوس کروانے کی کوشش کرتے ہیں۔ اگرچہ ماں کی محبت صرف ایک دن کی محتاج نہیں، لیکن یہ دن انسان کو یاد دلاتا ہے کہ وہ اپنی ماں کی قدر کرے اور اس کا شکریہ ادا کرے۔

مدرز ڈے کا آغاز سب سے پہلے امریکہ میں ہوا۔ اس دن کو منانے کا باقاعدہ آغاز ایک خاتون Anna Jarvis نے کیا۔ انہوں نے اپنی والدہ کی محبت اور خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے یہ دن منانے کی مہم شروع کی۔ بعد میں سن 1914 میں Woodrow Wilson نے مدرز ڈے کو سرکاری طور پر تسلیم کیا۔ اس کے بعد یہ دن دنیا کے مختلف ممالک میں منایا جانے لگا۔

لیکن حقیقت یہ ہے کہ اسلام نے ماں کو جو مقام دیا ہے وہ کسی ایک دن تک محدود نہیں۔ ہمارے دین میں ماں کے قدموں تلے جنت رکھی گئی ہے۔ اسلام ہمیں صرف ماں کا احترام ہی نہیں سکھاتا بلکہ اس کی خدمت، فرمانبرداری اور اس کے ساتھ نرمی سے پیش آنے کی بھی تعلیم دیتا ہے۔ ایک ماں صرف بچوں کی پرورش نہیں کرتی بلکہ ان کی شخصیت، سوچ اور مستقبل بھی سنوارتی ہے۔ وہ اولاد کے ہر دکھ میں تڑپتی ہے اور ہر خوشی میں مسکراتی ہے۔

آج کے مصروف دور میں اکثر لوگ اپنی زندگیوں میں اتنے الجھ جاتے ہیں کہ ماں باپ کے لیے وقت نکالنا بھول جاتے ہیں۔ حالانکہ ماں باپ کی دعائیں انسان کی زندگی کا سب سے بڑا سرمایہ ہوتی ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ صرف مدرز ڈے پر نہیں بلکہ ہر دن اپنی ماں اور باپ کی عزت کریں، ان سے محبت سے بات کریں، ان کی خدمت کریں اور انہیں یہ احساس دلائیں کہ وہ ہماری زندگی کی سب سے قیمتی نعمت ہے۔

یا اللہ! ہماری ماں اور باپ کو صحت، سکون، خوشیاں اور لمبی عمر عطا فرما۔ جو والدین اس دنیا سے جا چکے ہیں ان کی مغفرت فرما، ان کی قبروں کو جنت کے باغوں میں سے ایک باغ بنا دے۔ ہمیں اپنے والدین کی عزت، خدمت اور فرمانبرداری کرنے والا بنا دے اور ان کی دعاؤں کا سایہ ہمیشہ ہمارے سروں پر قائم رکھ۔ جن بچوں ماں کو مدر ڈے مبارک باد اور اس دن کو منایا اللہ ان کے دلوں میں اس جذبے کو ہمیشہ قائم رکھے اور جو اس کو نہیں منا سکے۔ انہیں برا محسوس کرنے کی ضرورت نہیں۔ کیونکہ آپ کے والدین کو آپ کے تحفوں سے زیادہ آپ کی اچھے رویوں کی ضرورت ہے۔

ضروری نہیں ہے آپ بھی دوسرے لوگوں کی طرح اپنے والدین کو مہنگے مہنگے تحفے دیں۔ آپ ان کو ایک اچھی عادت سکھائیں یا ان سے اچھی عادات سیکھیں اور ان کو اپنی زندگی میں شامل کریں اپنے لیے اسانی اور ان کے لیے خوشی کا باعث بنے۔ یہی ان کا سب سے بہترین تحفہ ہے۔ اللہ تعالی ہم سب کے والدین کو ہمارے سر پر سلامت رکھیں۔

Check Also

Hamari Zimmedari Kya Hai? (1)

By Aftab Alam