Joint Family, Nemat Ya Azmaish?
جوائنٹ فیملی، نعمت یا آزمائش؟

ہمارے معاشرے میں جوائنٹ فیملی صرف ایک رہن سہن کا انداز نہیں بلکہ ایک مکمل نظامِ زندگی ہے۔ ایک ہی چھت کے نیچے کئی رشتوں کا جُڑنا، ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں شریک ہونا، یہ سب سننے میں بہت خوبصورت لگتا ہے۔ لیکن حقیقت کی زمین پر قدم رکھیں تو یہی خوبصورتی کبھی کبھی آزمائش میں بھی بدل جاتی ہے۔
اگر اس نظام کے خوبصورت پہلو کو دیکھا جائے تو جوائنٹ فیملی واقعی ایک نعمت محسوس ہوتی ہے۔ بزرگوں کی موجودگی اللہ کی خاص رحمت ہوتی ہے۔ ان کے تجربات، دعائیں اور شفقت گھر کے ماحول کو سکون بخشتی ہیں۔ اسلام بھی ہمیں رشتے جوڑنے اور ان کا خیال رکھنے کی تعلیم دیتا ہے۔
اللہ تعالیٰ قرآنِ پاک میں فرماتے ہیں: "اور رشتہ داروں کے ساتھ حسنِ سلوک کرو" (سورۃ النساء: 36)
اسی طرح بچوں کی تربیت میں بھی جوائنٹ فیملی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ بچے صرف کتابوں سے نہیں بلکہ ماحول سے سیکھتے ہیں۔ جب وہ بڑوں کی عزت، صبر اور محبت دیکھتے ہیں تو یہی خوبیاں ان کی شخصیت کا حصہ بن جاتی ہیں۔
لیکن ہر تصویر کا ایک دوسرا رخ بھی ہوتا ہے۔
جوائنٹ فیملی میں سب سے زیادہ مسائل اُس وقت پیدا ہوتے ہیں جب ہم حقوق سے زیادہ اختیارات استعمال کرنے لگتے ہیں۔ اسلام ہمیں صرف رشتے نبھانے کا حکم نہیں دیتا بلکہ انصاف، نرمی اور برداشت کا بھی درس دیتا ہے۔
نبی کریم ﷺ نے فرمایا: "تم میں بہترین وہ ہے جو اپنے گھر والوں کے لیے بہترین ہو"۔
یہ حدیث ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ اصل اچھائی صرف باہر کے لوگوں کے ساتھ حسنِ سلوک میں نہیں بلکہ گھر کے اندر اپنے رویے میں بھی ہونی چاہیے۔
جوائنٹ فیملی میں اکثر جھگڑوں کی وجہ چھوٹی چھوٹی باتیں ہوتی ہیں، بات کرنے کا انداز، کسی کی مداخلت، یا فیصلوں پر اختلاف۔ یہ چھوٹی باتیں جب انا کا مسئلہ بن جائیں تو بڑے اختلافات میں بدل جاتی ہیں۔ پرائیویسی کی کمی، آزادی کا محدود ہونا اور ہر وقت جوابدہی کا احساس انسان کے اندر ایک خاموش دباؤ پیدا کرتا ہے۔
اصل مسئلہ جوائنٹ فیملی نہیں بلکہ ہمارا رویہ ہے۔ اگر ہم ایک دوسرے کی حدود کا احترام کریں، نیتوں کو اچھا سمجھیں اور اپنی انا کو قابو میں رکھیں تو یہی نظام سکون کا ذریعہ بن سکتا ہے۔
اسلام ہمیں اعتدال کا درس دیتا ہے، نہ حد سے زیادہ سختی، نہ حد سے زیادہ نرمی بلکہ توازن۔ اگر جوائنٹ فیملی میں رہتے ہوئے ہم ایک دوسرے کو سمجھنا سیکھ جائیں تو یہ گھر صرف اینٹوں کا ڈھانچہ نہیں بلکہ محبتوں کا گہوارہ بن جاتا ہے۔ میں خود جوائنٹ فیملی سے بلانگ کرتی ہوں۔
جوائنٹ فیملی ایک امتحان بھی ہے اور ایک موقع بھی امتحان ہمارے صبر کا اور موقع ہمارے کردار کو بہتر بنانے کا۔ اگر ہم نے اسے صحیح طریقے سے نبھا لیا تو یہی نظام دنیا میں جنت کا ایک خوبصورت منظر بن سکتا ہے۔
میری اللہ سے دعا ہے اللہ تعالی ہمیں ایسے نظام بنانے اور انہیں انصاف کے ساتھ چلانے اور انسانیت کے لیے ایک مثال بننے کی توفیق عطا فرمائے۔ میری اللہ تعالی سے دعا ہے۔
یا اللہ! ہمارے گھروں کو محبت، سکون اور برکت کا گہوارہ بنا دے۔ ہمارے دلوں میں ایک دوسرے کے لیے نرمی، برداشت اور خلوص پیدا فرما۔ رشتوں میں محبت اور سمجھ بوجھ عطا فرما اور ہمارے گھروں کو ہر قسم کے اختلاف، لڑائی جھگڑے اور بدگمانی سے محفوظ رکھ۔
یا اللہ! جوائنٹ فیملی نظام کو ہمارے لیے آزمائش کے بجائے رحمت اور سکون کا ذریعہ بنا دے۔

