Toota Hua Tara: Aik Mushahida
ٹوٹا ہوا تارا: ایک مشاہدہ

وہ ملک جو آج بنگلہ دیش کہلاتا ہے، کبھی مشرقی پاکستان ہوا کرتا تھا۔ اس خطے کے لوگوں کو سمجھنا آج بھی آسان نہیں اور شاید اسی لیے ان کے سیاسی رویوں، اجتماعی نفسیات اور ردعمل کو جاننے کی ضرورت پہلے سے زیادہ محسوس ہوتی ہے۔ ان سوالات کے جواب تلاش کرنے کے لیے جناب الطاف حسن قریشی نے ساٹھ کی دہائی میں اس خطے کا بار بار سفر کیا، گلی کوچوں میں گھومے، عام لوگوں سے ملے اور ان کے مزاج کو قریب سے سمجھنے کی کوشش کی۔ ان کے مشاہدات اور تجربات بالآخر ان کی معروف کتاب "مشرقی پاکستان ٹوٹا ہوا تارا" میں محفوظ ہو گئے، جو آج بھی اس خطے کی نفسیات کو سمجھنے کے لیے ایک اہم حوالہ ہے۔
اگر ہم حالیہ حالات کو دیکھیں، خاص طور پر شیخ حسینہ کے خلاف ابھرنے والی عوامی تحریک یا شیخ مجیب الرحمٰن کے مجسموں کا گرایا جانا، تو ان واقعات کو سمجھنے کے لیے محض سیاسی بحث کافی نہیں۔ اس کے پیچھے ایک مخصوص اجتماعی مزاج کارفرما ہے، جسے سمجھے بغیر کوئی بھی رائے ادھوری رہتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس موضوع پر بات کرتے ہوئے کتابی علم کے ساتھ ساتھ ذاتی تجربات بھی اہم ہو جاتے ہیں، کیونکہ اصل تصویر وہی دکھاتے ہیں جو ہم اپنی آنکھوں سے دیکھتے اور روزمرہ زندگی میں محسوس کرتے ہیں۔
مجھے خود پچھلے پندرہ برسوں سے خلیج کے ایک ملک میں بنگالیوں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا ہے اور جو کچھ میں نے دیکھا، وہ میرے لیے کسی کتابی تاثر سے مختلف بلکہ کہیں زیادہ واضح اور سخت تھا۔ میرے محدود علم اور انسانی نفسیات کی کم فہمی کے باوجود، میں اور میرے چند ساتھی اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ ہماری تاریخ میں اگر کوئی ایک فیصلہ بہتر ثابت ہوا تو وہ یہی "ٹوٹا ہوا تارا" تھا۔ میرے مشاہدے کے مطابق، بنگالی مزاج انتہائی اڑیل اور ضدی نوعیت کا ہے۔ یہ لوگ کسی کی بات سننے، سمجھنے اور ماننے کے لیے آمادہ نہیں ہوتے اور آپ ان سے کہہ کر کوئی کام نہیں کروا سکتے۔ بطور ماتحت، یہ رویہ انہیں غیر مؤثر بنا دیتا ہے، کیونکہ کسی بھی نظام میں ہم آہنگی اور اطاعت بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
اسی طرح میں نے ان میں ایک شدید قسم کی انا پرستی بھی دیکھی ہے۔ چاہے بات درست ہو یا غلط، یہ اپنی رائے پر اڑے رہتے ہیں اور پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ہوتے۔ یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ ہمارے ہاں بعض اہلِ قلم نے بنگال کے تعلیمی اداروں اور علمی فضا کی بہت تعریف کی، لیکن عملی زندگی میں جو کچھ میں نے دیکھا، اس سے یہ تاثر مضبوط نہیں ہوتا کہ وہ ایک پڑھی لکھی قوم ہیں۔ میں اکثر حیران ہوتا ہوں کہ ہمارے دانشور آخر ان میں ایسی کون سی خصوصیات دیکھتے ہیں کہ ان کی تعریفوں کے پل باندھتے ہیں اور ماضی کی مثبت یادوں میں کھو جاتے ہیں۔ کبھی کبھی یوں محسوس ہوتا ہے کہ ہم مغربی پاکستانیوں کو خود کو اچھا ثابت کرنے اور اپنی تعریف سننے کا بھی ایک غیر ضروری شوق ہے، جو ہمیں حقیقت سے دور لے جاتا ہے۔
کرکٹ کے میدان میں بھی یہ تضاد نمایاں نظر آتا ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ بنگلہ دیش کی بھرپور حمایت کی، چاہے بین الاقوامی مقابلوں میں ان کی پشت پناہی ہو، دو طرفہ مقابلوں کے مواقع فراہم کرنا ہوں یا ان کے کھیل کے فروغ کے لیے تعاون ہو۔ مشکل حالات میں بھی پاکستان نے آگے بڑھ کر تعلقات کو بہتر بنانے کی کوشش کی اور کھیل کے ذریعے قربت پیدا کرنے کا راستہ اختیار کیا۔ لیکن اس کے باوجود جب دو ماہ پہلے بنگلہ دیش کی نئی قیادت سامنے آئی تو ان کے بیانات میں تلخی اور ماضی کے منفی واقعات کا ذکر کافی نمایاں نظر آیا۔ یہ رویہ اس بات کو مزید تقویت دیتا ہے کہ وہاں ماضی کے دکھوں کو زندہ رکھنے کا رجحان زیادہ مضبوط ہے، جبکہ مثبت پہلو پس منظر میں چلے جاتے ہیں۔
دوسری طرف، بنگالی معاشرے میں ماضی کے حوالے سے ایک خاص رجحان نمایاں نظر آتا ہے۔ وہ اپنے تاریخی واقعات، خاص طور پر منفی پہلوؤں کو شدت سے یاد رکھتے ہیں اور بار بار دہراتے ہیں۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ دکھ، شکایت اور ماتم کے ذریعے داخلی تسکین حاصل کرتے ہیں۔ حالانکہ تقسیم سے پہلے وہاں مغربی حصے سے کہیں زیادہ کئی مثبت اور ترقیاتی کام ہوئے اور آج بھی علیحدہ ہو جانے کے باوجود مختلف شعبوں میں پاکستان کی جانب سے سرمایہ کاری موجود ہے، لیکن یہ پہلو ان کی نظر میں زیادہ اہمیت نہیں رکھتے۔ وہ چند تلخ واقعات کو یاد رکھ کر اپنی سوچ کو اسی دائرے میں محدود رکھتے ہیں اور شاید اسی میں انہیں ایک طرح کا اطمینان ملتا ہے۔
حالیہ سیاسی بیانات بھی اسی سوچ کی عکاسی کرتے ہیں، جہاں اقتدار میں آنے والی قیادت نے ماضی کے منفی پہلوؤں کو اجاگر کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ ہمیں یہ توقع تھی کہ تعلقات میں بہتری آئے گی، خاص طور پر جب ہم نے ہر موقع پر ان کی حمایت کی، لیکن اس کے برعکس ہمیں سخت اور تلخ باتیں سننے کو ملیں۔ اس سارے پس منظر میں میرا ذاتی تجربہ اور مشاہدہ یہی کہتا ہے کہ بنگالی معاشرہ ایک مخصوص نفسیاتی ساخت رکھتا ہے، جہاں ضد، انا اور ماضی کی تلخ یادیں ان کے رویوں کو تشکیل دیتی ہیں۔ یہ رائے ایک طویل عملی مشاہدے کا نچوڑ ہے، جس سے اختلاف کیا جا سکتا ہے، لیکن جسے نظرانداز کرنا شاید حقیقت سے آنکھیں بند کرنے کے مترادف ہوگا۔

