Friday, 17 April 2026
  1.  Home
  2. Blog
  3. Asif Masood
  4. Arthashastra

Arthashastra

ارتھ شاستر

انسانی تاریخ کے صفحات میں کچھ ایسی کتابیں رقم ہوئی ہیں جنہوں نے محض زمانۂ حال یا مستقبل کو متاثر نہیں کیا، بلکہ خود ماضی کو بھی ایک نئی آنکھ سے دیکھنے پر مجبور کر دیا۔ یہ کتابیں صرف لفظوں کا مجموعہ نہیں بلکہ فکر، حکمت اور عمل کی وہ تجلیاں ہیں جو قوموں کی تقدیر بدل دیتی ہیں۔ ان ہی میں سے ایک ہے ارتھ شاستر، جسے کوٹیلیہ، چانکیہ یا وشنو گپت کے نام سے جانے جانے والے اس برہمن فلسفی و سیاست دان نے لکھا، جس نے چندرگپت موریہ جیسے جری نوجوان کو ہندوستان کی سب سے بڑی سلطنت کا حکمران بنایا۔ اگر چندرگپت موریہ موریہ سلطنت کا جسم تھا، تو ارتھ شاستر اس کی روح تھی اور اگر چانکیہ سیاسی دماغ تھا تو ارتھ شاستر اس کی عقل کی مکمل تصویر تھی۔

ارتھ شاستر کا ترجمہ اگر براہ راست کیا جائے تو اس کے معنی ہیں: "معاشی سائنس" یا "ریاستی معیشت کا علم"۔ لیکن اس کتاب کی وسعت اس نام سے کہیں آگے ہے۔ یہ محض معیشت کی کتاب نہیں، بلکہ ایک مکمل ریاستی نظام کا منشور ہے۔ سیاست، انتظام، فوج، قانون، عدالت، خفیہ ایجنسیاں، سفارت کاری، ٹیکس، تجارت، تعلیم، اخلاقیات اور حتیٰ کہ دشمنوں کو ختم کرنے کی تدبیریں، سب کچھ اس میں نہایت ترتیب، گہرائی اور صراحت کے ساتھ بیان کیا گیا ہے۔ ایک جدید ریاست کے جتنے ادارے آج ہمیں نظر آتے ہیں، ان کی جھلک اس قدیم سنسکرت متن میں چودہ صدیوں پہلے موجود ملتی ہے۔

یہ کتاب اس وقت لکھی گئی جب ہندوستان مختلف چھوٹی چھوٹی ریاستوں میں بٹا ہوا تھا۔ سکندر اعظم کی مداخلت نے بھی زمین کو ہلا دیا تھا۔ ایک ایسا وقت جب سیاسی انتشار، طاقت کی لوٹ مار اور داخلی کمزوریوں نے قوموں کو کھوکھلا کر دیا تھا۔ ایسے میں چانکیہ نے یہ سوچا کہ اگر ہندوستان کو ایک مضبوط وحدت میں ڈھالنا ہے تو محض جذبات سے نہیں، بلکہ تدبیر، دانائی اور منظم اصولوں سے کام لینا ہوگا اور یہی اصول ارتھ شاستر کی شکل میں سامنے آئے۔ کہا جاتا ہے کہ چانکیہ نے یہ کتاب نالندہ یا ٹکسلا جیسے کسی علمی مرکز میں بیٹھ کر لکھی، لیکن اس کے صفحات میدانِ سیاست کی عملی خاک چھاننے کے بعد سیاہ ہوئے تھے۔

کتاب کا پہلا حصہ بادشاہ کے کردار پر مرکوز ہے۔ چانکیہ کے نزدیک ایک بادشاہ کو صرف تلوار چلانے والا نہیں، بلکہ علم، انصاف، ضبط، خود احتسابی اور تدبر کا مجسمہ ہونا چاہیے۔ وہ کہتا ہے کہ بادشاہ کو صبح کے وقت تعلیم حاصل کرنی چاہیے، دوپہر میں عدالت لگانی چاہیے، شام کو فوجی مشقوں میں وقت گزارنا چاہیے اور رات کو تجزیہ کرنا چاہیے کہ دن بھر کیا ہوا۔ وہ تنبیہ کرتا ہے کہ اگر بادشاہ آرام طلب، عیش پرست یا خود غرض ہو جائے تو سلطنت ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جائے گی۔ یہ اصول آج بھی قائدین اور حکمرانوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں، مگر افسوس کہ شاید سب نے یہ کتاب پڑھی نہیں۔

ارتھ شاستر فوجی نظام پر خاص زور دیتی ہے۔ چانکیہ کے نزدیک ایک کامیاب سلطنت کے لیے مضبوط، منظم اور ہمہ وقت چوکنا لشکر ناگزیر ہے۔ وہ فوج کی اقسام، کمانڈروں کی صفات، دفاعی قلعوں، اسلحے کی تقسیم اور حتیٰ کہ ہاتھیوں، گھوڑوں اور جاسوسوں کے کردار کو بھی باریک بینی سے بیان کرتا ہے۔ اس کی نظریں صرف اندرونی انتظام پر نہیں، بلکہ بیرونی خطرات اور دشمنوں کی چالوں پر بھی رہتی ہیں۔ اس لیے ارتھ شاستر میں "مِتر" (دوست)، "شترُ" (دشمن) اور "مدھیم" (غیر جانب دار) جیسے الفاظ بار بار آتے ہیں، جن کے تعلقات، معاہدے اور فریب کاری کی حکمت عملی وضاحت سے بیان کی گئی ہے۔ یہاں ہمیں یہ سبق بھی ملتا ہے کہ دوستی بھی ایک تدبیر ہوتی ہے، دشمنی بھی ایک ہنر ہے اور غیر جانب داری بھی ایک موقع ہوتا ہے۔

چانکیہ ریاست کے مالیاتی نظام کو بھی بہت اہمیت دیتا ہے۔ وہ ٹیکس کے اصول، کسانوں کی فلاح، صنعت کاری، تجارت، بازاری نرخ، وزیروں کی تنخواہ اور مالی چوری کے خلاف سخت سزائیں تجویز کرتا ہے۔ وہ کہتا ہے کہ اگر ریاست کا خزانہ کمزور ہو، تو کوئی بھی بڑا منصوبہ کامیاب نہیں ہو سکتا۔ مگر ساتھ ہی وہ یہ اصول بھی دیتا ہے کہ عوام سے ٹیکس اس طرح لیا جائے جیسے مکھی کے پر سے شہد نکالا جائے، نہ مکھی مرے، نہ شہد ضائع ہو۔ یہ ایک زبردست تمثیل ہے، جو ریاست اور عوام کے باہمی توازن کو بیان کرتی ہے۔

ارتھ شاستر کے سب سے متنازع اور دلچسپ پہلو اس کے "خفیہ نظام" سے متعلق ہیں۔ چانکیہ نے ایک مکمل جاسوسی نیٹ ورک کا خاکہ پیش کیا ہے۔ وہ کہتا ہے کہ ہر وزیر، ہر سپاہی اور یہاں تک کہ ہر عوامی رہنما پر بھی خفیہ نظر رکھی جائے۔ اس کا ماننا ہے کہ دشمن صرف سرحد کے پار نہیں ہوتے، اکثر دشمن آپ کی دربار میں بھی موجود ہوتے ہیں۔ اس لیے چانکیہ نے "وش کنیاؤں" (زہر سے تربیت یافتہ حسین خواتین)، جھوٹے درویش، بھیس بدلے ہوئے جاسوس اور مختلف خفیہ اشاروں کا تفصیلی ذکر کیا ہے۔ بظاہر یہ سب کچھ غیر انسانی یا سخت لگتا ہے، مگر اس کا بنیادی مقصد ریاست کے استحکام اور دشمنوں کے عزائم کو ناکام بنانا تھا۔ چانکیہ کے نزدیک اخلاقیات تبھی تک کارآمد ہیں جب دشمن اخلاقی ہو، ورنہ تدبیر میں دیر کرنا حماقت ہے۔

قانون کا نظام بھی چانکیہ کے لیے نہایت اہم تھا۔ وہ کہتا ہے کہ قانون محض انصاف کا ذریعہ نہیں بلکہ نظم و ضبط کی ضمانت ہے۔ اس لیے وہ جرم کی نوعیت کے مطابق سزائیں تجویز کرتا ہے اور عدالتی نظام میں دیانت، رفتار اور عوامی فلاح کو بنیادی اصول مانتا ہے۔ وہ قاضیوں کے انتخاب کے لیے بھی خاص شرائط بیان کرتا ہے اور بدعنوان عدالتی اہلکاروں کے لیے سخت سزائیں تجویز کرتا ہے۔

چانکیہ مذہب کے بارے میں عملی اور حقیقت پسندانہ رویہ رکھتا ہے۔ ارتھ شاستر میں کسی ایک مذہب کی برتری کا دعویٰ نہیں، بلکہ وہ مذہب کو ریاستی نظم کے ایک جزو کے طور پر دیکھتا ہے۔ اس کے نزدیک مذہب کا مقصد انسان کو نظم، اخلاق اور خدمت پر آمادہ کرنا ہے اور اگر کوئی مذہبی طبقہ ریاستی نظام میں خلل پیدا کرے تو اس کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے۔ یہ تصور آج کے سیکولر اصولوں سے بہت قریب ہے، جہاں ریاست مذہب کا احترام تو کرتی ہے، مگر اس کے تابع نہیں ہوتی۔

ارتھ شاستر محض ایک کتاب نہیں، بلکہ ایک مکمل "ریاستی فلسفہ" ہے۔ یہ ان قوموں کے لیے خاص طور پر سبق آموز ہے جو سیاسی انتشار، بدانتظامی اور اندرونی خلفشار کا شکار ہیں۔ چانکیہ کی فکر ہمیں یہ بتاتی ہے کہ کسی بھی سلطنت کی بقا اس کے رہنما کے کردار، اداروں کی مضبوطی، معیشت کی صحت اور معلومات کی مکمل گرفت میں ہے۔ اگر ان میں سے کوئی ایک پہلو کمزور ہو جائے، تو دشمن کے لیے داخلہ آسان ہو جاتا ہے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ جب دنیا کے کئی مورخین یہ سوال اٹھاتے ہیں کہ ہندوستان سکندر کے بعد دوبارہ متحد کیوں ہوا، تو جواب آتا ہے: کیونکہ چانکیہ نے ارتھ شاستر لکھ دی تھی اور چندرگپت نے اس پر عمل کر لیا تھا۔

آج جب ہم اپنے اردگرد ریاستی بحران، بدعنوانی اور قیادت کی کمزوری دیکھتے ہیں، تو دل چاہتا ہے کہ ارتھ شاستر کو ایک بار پھر پڑھا جائے۔ نہ صرف بطورِ تاریخ بلکہ بطورِ تدبیر، بطورِ رہنمائی۔ یہ کتاب ہمیں بتاتی ہے کہ محض نعروں، جذبات، یا شخصی مقبولیت سے ریاستیں نہیں بنتیں، ریاستیں بنتی ہیں فکر، اصول اور مسلسل نگرانی سے۔ شاید ہمیں بھی آج کسی "نئے چانکیہ" کی ضرورت ہے، جو ایک نئے ارتھ شاستر کے ذریعے اس بکھری ہوئی دنیا کو ایک نیا نقشہ دے۔

Check Also

Digital Yaadein Aur Bhoolta Hua Insan

By Nouman Ali Bhatti