Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Arooge Fatima
  4. Dastan e Karbala Darsgah e Insaniat Hai

Dastan e Karbala Darsgah e Insaniat Hai

داستانِ کربلا درسگاہِ انسانیت ہے

محرم الحرام اسلامی کیلنڈر کا پہلا مہینہ ہے۔ محرم کے لغوی معنی حرمت والا، لائقِ احترام اور عزت و تکریم کے ہیں۔ اس ماہِ مبارک میں بہت سے تاریخی واقعات منسوب ہیں بشمول حضرت آدمؑ کا ظہور، حضرت نوحؑ کو اپنی قوم سے نجات، حضرت موسیٰؑ کی اپنی قوم سے خلاصی اور سن ساٹھ ہجری میں پیش آنے والا سانحہ کربلا جس نے محرم الحرام کی اہمیت میں مزید روح پھونک دی۔

بلاشبہ داستانِ کربلا بمعہ تمام واقعات و جزئیات امتِ مسلمہ کو ازل سے ازبر ہے مگر اسلامی تاریخ میں پیش آنے والی یہ حق و باطل کی جنگ نہ صرف عالمِ اسلام بلکہ تمام انسانیت کے لئے رہتی دنیا تک بہترین درسگاہ ہے۔ تو گویا ہر سال محرم الحرام میں سانحہ کربلا سے اعزاداریِ اہلِ بیتؑ کے ساتھ ساتھ تجدیدِ عہد اور اپنی کردار سازی کا پیغام بھی ملتا ہے۔

اپنی سوچ اور فکر میں بذریعہ تدبر اپنے اندر حسینیؑ اوصاف اجاگر کر کے زندگیوں میں ارتقاء لانے کا نام ہے۔ کربلا کے شہداء سے شجاعت، دلیری، عفو و درگزر، مال و متاع سے بے نیازی، دینِ حق کی سر بلندی اور استقامت جیسی خصوصیات مستعار لینے کا نام ہے۔ خانوادہِ رسول ﷺ کی امہات المومنین کے نقشِ قدم پر چلتے ہوۓ اپنے بچوں میں ایثار و قربانی کا جزبہ اجاگر کرنا ہے۔ بقول شاعر؎

جان دی دی ہوئی اسی کی تھی

حق تو یہ ہے کہ حق ادا نہ ہو

سخاوت کے اس درجے کو پانا ہے کہ جب حضرت حُسینؑ سے حُر کے لشکر نے پانی طلب کیا مباداً آپ اپنے قافلے کے لئے پانی بچا کے رکھتے، آپ نے پانی سے مخالفین کے لشکر کو خوب سیراب کیا۔ اپنے گرد و نواح میں اہلِ کوفہ کا لبادہ اوڑھے ہوئے لوگوں کی جانچ پڑتال کرنا ہے اور منافقین سے بعض رہنے کا پیغام ہے۔ فی زمانہ یزیدیت کے چراغوں کو گل کر کے حسینیؑ دیے سے جہالت کے اندھیرے مٹا کر دینِ اسلام کو روشن کرنے کا نام ہے اور سب سے بڑھ کر تقویٰ و پرہیزگاری کا وہ معیار قائم کرنا ہے، جو حضرت حُسینؑ نے میدانِ کربلا میں نیزے کی نوک پر ربِ کریم کے سامنے سر بہ سجدہ ہو کر کیا۔ بقول شاعر؎

وہ ایک سجدہ جسے تو گراں سمجھتا ہے

ہزار سجدوں سے دیتا ہے آدمی کو نجات

About Arooge Fatima

Arooge Fatima is from faisalabad and Ph.D. Scholar at University of Agriculture.

Check Also

Naye Meesaq Ki Zaroorat Hai

By Syed Mehdi Bukhari