Yaqeen
یقین
ہر ناکامی کے پیچھے خوف اور ہر کامیابی کے پیچھے یقین ہوتا ہے۔ جس انسان کے پاس یقین ہے وہ کبھی اکیلا نہیں ہو سکتا، وہ کبھی بے بس نہیں ہو سکتا، کبھی مجبور نہیں ہو سکتا، یقین ایک ایسی طاقت ہے جو انسان کو بہت مضبوط بنا دیتی ہے اور اتنا طاقتور کر دیتی ہے کہ کوئی اس کو ہلا نہیں سکتا اپنی جگہ سے۔ یقین انسان کو اتنا طاقتور بنا دیتا ہے کہ کوئی بھی چیز پھر اس کو کمزور نہیں کر سکتی۔
اسی لیے ہمارے مذہب میں یقین پر بہت زور دیا گیا ہے اور اللہ پر پختہ یقین کا حکم دیا گیا ہے۔ اللہ پر یقین رکھنے والے کبھی زندگی میں ناکام نہیں ہوتے۔ اللہ پر یقین کبھی انسان کو مایوس نہیں ہونے دیتا، کبھی اکیلا نہیں ہونے دیتا، کبھی کمزور نہیں پڑنے دیتا ہے بحیثیت قوم ہمیں اپنی زندگی میں یقین کی عادت اپنانے کی عادت ڈالنی چاہیے۔
پرانے دور کی نسل کے پاس یقین کی دولت تھی اسی لیے وہ اپنی ذات میں مکمل، مضبوط اور باہمت لوگ تھے، موجودہ دور میں یقین نہیں رہا اس لیے موجودہ دور کی نسل بے معنویت اور خالی پن کا شکار ہے۔ یقین کے بغیر انسان کی شخصیت خالی گھڑے کی مانند ہے جس میں خالی پن کے سوا کچھ نہیں۔ زندگی میں بے معنویت اور خالی پن تب آتا ہے جب انسان یقین سے بہت دور چلا جاتا ہے اور بے یقینی کی کیفیت میں ڈوب جاتا ہے۔
وہ اللہ سے اچھا گمان رکھنا چھوڑ دیتا ہے اور اس پر یقین رکھنا چھوڑ دیتا ہے اسی لئے ہمیں اللہ سے اچھا گمان رکھنے کا کہا گیا ہے۔ ہمارے معاشرے میں بے یقینی بہت زیادہ بڑھ گئی ہے۔ بے یقینی مایوسی اور ناامیدی کو جنم دیتی ہے اور مایوسی، ناامیدی انسان کو بوجھل کر دیتی ہے دماغ ماؤف ہو جاتا ہے کہ انسان کچھ کرنے کے قابل نہیں رہتا۔ انسان کو کوئی راہ دکھائی نہیں دیتی۔ موجودہ دور میں ذہنی سکون نہ ہونے کی ایک وجہ بے یقینی بھی ہے۔
لہٰذا اپنی زندگی میں یقین رکھیے۔
یقین کی طاقت انسان کو بہت مضبوط بنا دیتی ہے دنیا میں آج تک جتنے بھی لوگوں نے کامیابی حاصل کی ہے وہ یقین کی بنیاد پر ہی کی ہے۔ یقین رکھیں اللہ کی ذات پر، اپنے آپ پر، اپنی قابلیت پر اور ان لوگوں سے دور رہیں جو مایوسی و ناامیدی اور بے یقینی پھیلاتے ہیں۔ مثبت سوچ اور اچھا گمان رکھنے والے ہمیشہ پختہ یقین رکھتے ہیں اور ہمیشہ مضبوط رہتے ہیں۔ یقین رکھیے کہ زندگی میں سب اچھا ہو گا، یقین رکھیے اس ذات پر جو آپکے یقین کی لاج رکھتا آیا ہے، اللہ پر یقین اور اچھا گمان زندگی میں آپ کو کبھی مایوس اور ناکام نہیں ہونے دے گا۔