Monday, 31 March 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Aroob Siddiqui
  4. Achi Sehat Aik Nemat Hai, Aik Khazana Hai

Achi Sehat Aik Nemat Hai, Aik Khazana Hai

اچھی صحت ایک نعمت ہے، ایک خزانہ ہے

دورِ حاضر میں جو مسائل سب سے زیادہ تیزی سے بڑھتے جا رہے ہیں ان میں سے ایک مسئلہ صحت کا مسئلہ بھی ہے اور صحت کے مسائل میں سب سے زیادہ امراض، معدے کے امراض ہیں۔ معدے کے امراض بہت تیزی سے بڑھتے جا رہے ہیں اس کی بنیادی وجہ چٹ پٹے کھانے، جنک فوڈ اور مرچ مصالحوں کا تیز استعمال ہے۔ سادی غذائیں نہ کھانا، فروٹس اور سبزیوں کا کم استعمال ان امراض کی وجہ بن رہا ہے۔

معدے کا مرض ایسا مرض ہے کہ جس کا علاج ادویات سے زیادہ سادہ خوراک کھانے اور پر سکون رہنے میں ہے۔ یہ مرض دوسرے امراض کی وجہ بھی بنتا ہے۔ جن میں نفسیاتی مسائل سر فہرست ہیں۔ سب سے پہلے اس مرض کی تشخیص نہیں ہو پاتی ہے مریض کبھی ایک ڈاکٹر کے پاس جاتا ہے اور کبھی دوسرے ڈاکٹر کے پاس کیونکہ اس مرض کی علامات دوسرے امراض سے ملتی جلتی ہیں۔

معدے کے امراض میں علاج کے ساتھ ساتھ پرہیز کی ضرورت بھی ہوتی ہے۔ معدے کے امراض میں اگر زیادہ سے زیادہ پھلوں کا استعمال کیا جائے، پھلوں کا جوس پیا جائے، سبزیوں کا استعمال کیا جائے اور کم مصالحہ، کم آئل اور کم مرچوں کے کھانے کھائے جائیں تو مرض کی شد٘ت کم ہو جاتی ہے اور زیادہ سے زیادہ پرہیز کیا جائے اگر علاج کے ساتھ ساتھ پرہیزی کھانے اور مرچ مصالحوں کا کم استعمال کیا جائے تب زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔

پھلوں میں یہ دو پھل سب سے زیادہ فائدہ پہنچاتے ہیں۔

خربوزہ دل کو تقویت پہنچاتا ہے اور کینو کا جوس مدافعت بڑھاتا ہے۔

پرہیزی کھانے دل و دماغ کو پُرسکون رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

روزانہ واک کرنے سے اور پانی زیادہ پینے سے بھی بہت افاقہ ہوتا ہے۔ واک کرنے سے مائنڈ فریش ہو جاتا ہے اور ذہن ترو تازہ ہو جانے سے نیند صحیح آتی ہے اور نیند صحیح آنے سے نظام انہضام صحیح کام کرتا ہے اور نظام انہضام کے صحیح کام کرنے سے گھبراہٹ، تیزابیت اور قبض کی شکایت دور ہو جاتی ہے۔ پانی زیادہ پینے سے قبض، تیزابیت اور معدے کی گیس کی شکایت دور ہو جاتی ہے۔

معدے کے امراض میں دودھ اور دہی کا استعمال بہت فائدہ مند ہوتا ہے۔ ہر کھانے کے بعد دہی کھانے اور روزانہ ٹھنڈا دودھ پینے سے معدے کی گرمی اور تیزابیت کم ہو جاتی ہے۔ دودھ اور دہی کا استعمال معدے کی گرمی اور تیزابیت کو کم کر دیتا ہے۔ لہٰذا یہ کہا جا سکتا ہے کہ معدے کے مسائل کا حل پھل اور سبزیاں کھانے میں ہے۔ ہمیں اپنی روزمرّہ کی غذا میں پھلوں، سبزیوں، دودھ اور دہی کو شامل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہم صحت مند اور پُرسکون زندگی گزار سکیں۔

متوازن غذا صحت مند اور پُرسکون زندگی کی علامت ہے۔

Check Also

Kharmang Ke Aasar e Qadeema (2)

By Mumtaz Hussain