1.  Home/
  2. Blog/
  3. Aown Muhammad Shah/
  4. Kya Is Mulk Par Fakhar Karne Ke Liye Itna Kafi Nahi?

Kya Is Mulk Par Fakhar Karne Ke Liye Itna Kafi Nahi?

کیا اس ملک پر فخر کرنے کیلئے اتنا کافی نہیں؟

کیا اس ملک پر فخر کرنے کیلئے اتنا کافی نہیں کہ جہاں جوتے خریدنے کے بھی پیسے نہ ہوں اور کوئی ہاشم خان سکواش کے میدان میں جھنڈا گاڑھ دے اور پھر اگلے باون برس تک اس کا خاندان یہ جھنڈا نہ گرنے دے۔

جہاں کروڑوں خواتین ابھی صرف خواب میں ہی محوِ پرواز ہونے کی مہم جوئی کر سکیں اور کوئی شکریہ خانم جہاز اڑانے لگے اور وہ بھی آج سے تریپن برس پہلے۔

جہاں جمنازیم جانے کے لیے بس کا پورا کرایہ بھی نہ ہو اور کوئی نسیم حمید جنوبی ایشیا کی تیز رفتار ترین لڑکی قرار پا جائے۔

جہاں ملک کے اڑتیس فیصد بچے پہلی جماعت بھی مکمل کیے بغیر سکول سے ڈراپ آؤٹ ہو جائیں اور کوئی علی معین نوازش ایک ہی برس میں اکیس مضامین میں اے لیول لینے کا عالمی ریکارڈ قائم کر دے۔

جہاں ولید امجد ملک اقوامِ متحدہ کے تحت انسانی حقوق پر مضمون نگاری کے عالمی مقابلے میں اول آ جائے۔

جہاں نو سالہ ارفع کریم دنیا کی کم عمر ترین مائیکرو سوفٹ کمپیوٹر انجینئیر کے طور پر ابھر آئے۔

جہاں نابیناؤں کے لیے تعلیم کی ضمانت ہو اور نہ ہی روزگار کی وہاں کے نابیناؤں کی کرکٹ ٹیم ایک نہیں دو ورلڈ کپ جیت جائے۔

جہاں ایک بچے کا بچپن ٹانگوں کے عارضے کی وجہ سے کرب میں گزرا ہو پھر اُسی بچے نے شعیب اختر کی شکل میں دنیا کا تیز ترین باؤلر بننے کا اعزاز حاصل کیا ہو۔

جہاں کے پہاڑی لوگ غیر ملکی کوہ پیماؤں کے قلی بن کر گھر کا چولہا جلنے پر خوش ہو جائیں اور ان میں سے کوئی نذیر صابر اور پھر کوئی حسن صدپارہ ماؤنٹ ایورسٹ سر کر لے۔

جہاں ایم ایم عالم نامی ایک پائیلٹ ایک پرانے فائیٹر جہاز سے صرف ایک منٹ میں دشمنوں کے پانچ طیارے گرا کر دنیا کی ہوائی جنگ میں نہ ٹوٹنے والا ریکارڈ بنا دے۔

جہاں ایک ایسا کرکٹر جو باؤلنگ ایکشن کی وجہ سے ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا ہو پھر آگے چل کر وہی عمران خان کپتان بن کر اس ملک کو ورلڈ کپ جتوا دے۔

جہاں ایک ایپی لیپسی جیسے مرض میں مبتلا ایک عام انسان عبدالستار ایدھی دنیا کی سب سے بڑی رضارکار ایمبولینس سروس بناتا ہے جسے گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ تک میں جگہ ملتی ہے۔

جہاں بدترین دہشت گردی کا مقابلہ کرتے ایک سپہ سالار، ایک جرنیل راحیل شریف اور انٹیلی جنس ادارے آئی ایس آئی جن کی خدمات اور صلاحیتیں عالمی دفاعی جریدوں کو پوری دنیا میں انہیں نمبر ون کا درجہ دینے پر مجبور کر دیتی ہیں۔

جہاں اوپر سے نیچے تک کچھ لے دیئے بغیر سرمایہ کاری کا تصور ہی محال ہو وہاں کا کوئی اسد جمال فوربس میگزین کی ٹاپ ہنڈرڈ گلوبل وینچر کیپٹلسٹ لسٹ میں آٹھویں نمبر پر آ جائے۔

جہاں ایسے حالات میں بھی لوگ ایسے کارنامے سر انجام دے رہے ہوں کہ سر فخر سے بلند ہو جائے تو اگر حالات سازگار ہو جائیں تو یہ ملک بلاشبہ دنیا کا بہترین ملک بن جائے۔

یہ ہے میرا وطن، میرا فخر، میری پہچان، میرا پیارا پاکستان۔

About Aown Muhammad Shah

Aown Muhammad Shah is a columnist, Aown's content and columns are based on current affairs and social issues. He is working as Managing Director Shaheen Public School Multan.

Aown teeets on @ImAownShah.

Check Also

Badla

By Dr. Ijaz Ahmad