Monday, 14 July 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Amer Abbas
  4. Modi Ke Ander Sulagti Aag

Modi Ke Ander Sulagti Aag

مودی کے اندر سلگتی آگ

پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی ختم ضرور ہوئی مگر دشمن کے دلوں میں لگی آگ اب بھی سلگ رہی ہے۔ بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی آج اپنے تینوں سروسز چیفس کے ساتھ ایک انتہائی اہم اور ہنگامی ملاقات کر رہا ہے، جس کا واحد مقصد اس ذلت آمیز شکست کا ازالہ ہے جو حالیہ جنگ میں بھارتی افواج کے حصے میں آئی۔ ہمارا ازلی دشمن اب اپنے زخم چاٹ رہا ہے۔

پاکستان نے نہ صرف اپنی عسکری برتری کو ثابت کیا بلکہ بھارتی میڈیا کی چیختی چنگھاڑتی زبانیں بھی خاموش کر دیں۔ بھارتی اینکر جو دن رات پاکستان کو صفحۂ ہستی سے مٹانے کی بڑھکیں مارا کرتے تھے، آج خود اپنے وزیرِاعظم پر لعنتیں بھیج رہے ہیں۔ جنرل بخشی جو کبھی ٹی وی پر بیٹھ کر اپنی مونچھوں کو تان کر بھارت کی "شان" بیان کیا کرتے تھے، اب منہ سے جھاگ اڑا اڑا کر چیخ رہے ہیں جیسے ان کا ذاتی خاندانی بدلہ رہ گیا ہو۔

مگر یہ معاملہ صرف نفسیاتی زخم تک محدود نہیں۔ مودی کا ماضی، اس کا مزاج اور اس کی سیاست سبھی ہمیں خبردار کر رہے ہیں کہ یہ شخص چین سے نہیں بیٹھے گا۔ یہ پہلا موقع نہیں کہ بھارت کو پاکستان کے ہاتھوں منہ کی کھانی پڑی ہو۔ 1965 کی جنگ میں جب پاکستانی جوان لاہور بارڈر پر دشمن کو روکنے کے لیے اپنی جانیں نچھاور کر رہے تھے، تب بھارت نے بھی یہی سوچا تھا کہ "سرپرائز" دے گا مگر خود سرپرائز ہوگیا۔

1971 میں سیاسی ناعاقبت اندیشی کے نتیجے میں پاکستان کو نقصان ضرور اٹھانا پڑا، لیکن عسکری اعتبار سے بھارتی افواج کا رویہ ہمیشہ موقع پرستی اور دروغ گوئی پر مبنی رہا ہے۔ 2019 میں بالاکوٹ حملے کے بعد جب پاکستان نے اگلے ہی روز دن دہاڑے بھارت کے دو جہاز گرائے اور ایک پائلٹ کو زندہ پکڑ کر چائے پلا دی، تب بھی یہی مودی تھا جو اپنا منہ چھپاتا پھر رہا تھا۔

اب جبکہ بھارت کو پھر ایک عبرتناک شکست ہوئی اور پاکستان نے اپنے دفاع میں نہ صرف عسکری حکمتِ عملی کا مظاہرہ کیا بلکہ سائبر وار، میڈیا وار اور قومی اتحاد کی بے مثال جھلک پیش کی، مودی کے لیے اپنی ساکھ بچانا اب زندگی اور موت کا مسئلہ بن چکا ہے۔

اس پر بھارتی عوام کا غصہ الگ جو مہنگائی، بےروزگاری اور فوجی لاشوں کے بوجھ تلے مودی سرکار کو آڑے ہاتھوں لے رہی ہے۔ اپوزیشن پارٹیاں مودی کو "چائے والا سے چائے پلانے والا" قرار دے رہی ہیں۔ ایسے میں مودی اپنی کرسی بچانے کے لیے کوئی غیر روایتی، خفیہ یا دہشت گردانہ اقدام کر سکتا ہے۔

یہ سمجھنا نادانی ہوگی کہ دشمن خاموش ہوگیا ہے۔ بھارت ایک مکار، موقع پرست اور چالاک دشمن ہے جو ہمیشہ چھپ کر وار کرتا ہے چاہے وہ سرحد پر ہو یا اندرونِ ملک۔ بلوچستان میں دہشت گردی ہو، کراچی میں لسانی کشیدگی ہو یا سوشل میڈیا پر جھوٹا پراپیگنڈا، ہر جگہ اس کی موجودگی کے شواہد موجود ہیں۔

یہ وقت ہے کہ پاکستانی قوم اپنی صفوں کو درست کرے۔ سیاسی اختلافات، ذاتی عناد اور مذہبی تقسیم سے بالاتر ہو کر ہمیں ایک قوم بن کر سوچنا ہوگا۔ یہ وقت ہے "پاکستان سب سے پہلے" کے اصول پر کاربند رہنے کا۔

ہمیں اپنے سوشل میڈیا پر بھی ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ دشمن آج کی جنگ صرف بارود سے نہیں بلکہ "بیانیے" سے بھی لڑ رہا ہے۔ ہمیں ان عناصر کی شناخت کرنی ہوگی جو دانستہ یا نادانستہ دشمن کے ایجنڈے کو تقویت دے رہے ہیں جو افواجِ پاکستان کے خلاف زہر اگل کر یا اس قوم کو کسی مخصوص سیاسی جماعت کیخلاف اکسا کر درپردہ قومی وحدت میں دراڑ ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں۔

خلاصہ یہ ہے کہ مودی کے ارادے ناپاک ہیں، اس کی سیاست جھوٹ پر مبنی ہے اور اس کی شکست کا زخم ابھی تازہ ہے۔ ہمیں ہر سطح پر تیار رہنا ہوگا ذہنی، عسکری، سفارتی اور سائبر میدان میں۔ کیونکہ یہ جنگ صرف بارود کی نہیں، بیانیے کی بھی ہے اور اس بار بھی ان شاء اللہ یہ قوم بنیان المرصوص ہے اور فتح صرف پاکستان کی ہوگی۔

Check Also

Heart Attack Ka Khof

By Najeeb ur Rehman