Friday, 29 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Amer Abbas
  4. Mian Kadu Aave Ga?

Mian Kadu Aave Ga?

میاں کدوں آوے گا؟

آج ہر جانب یہ چہ میگوئیاں ہو رہی ہیں کہ میاں نواز شریف وطن واپس آئیں گے یا نہیں۔ یہ ایک ملین ڈالر سوال ہے آئیں اس پر بات کرتے ہیں اور یہ بھی دیکھتے ہیں کہ اگر بالفرض میاں نواز شریف وطن واپس آ گئے تو پھر کیا ہوگا۔

دیکھیں جو اس وقت ملکی حالات ہیں غربت اور مہنگائی نے عوام کو پاگل کر رکھا ہے بجلی بلوں کی وجہ سے عوام میں شدید غصہ پایا جاتا ہے اور وہ اس سب کا ذمہ دار پی ڈی ایم کی حکومت کو ٹھہرا رہے ہیں۔ ملکی معیشت کا خانہ خراب ہو چکا ہے۔ تمام اقسام کے جانبدار اور غیرجانبدار سرویز بھی اس بات پر مہر تصدیق ثبت کر رہے ہیں کہ مسلم لیگ ن کی مقبولیت میں بہت حد تک کمی ہو چکی ہے۔ تمام تجزیہ نگار بھی اس بات پر متفق نظر آتے ہیں کہ لاہور جو کسی وقت میں مسلم لیگ ن کا گڑھ ہوا کرتا تھا اب وہ پہلے والی بات نہیں رہی۔ بےشک گزشتہ سولہ ماہ کی حکومت پی ڈی ایم کی تھی مگر اسے لیڈ میاں شہباز شریف کر رہے تھے جن کو بہرحال میاں نواز شریف کی آشیرباد حاصل تھی۔

عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے جس کا مظاہرہ گزشتہ چند روز میں آپ نے دیکھ بھی لیا ہے۔ اس ساری صورتحال اور زمینی حقائق کو اگر میں مدنظر رکھوں تو مجھے یہ کہنے میں کوئی امر مانع نہیں ہے کہ اکیس اکتوبر کے اعلان کے باوجود میاں نواز شریف کے وطن واپس آنے کے امکانات محض دس فیصد سے بھی کم ہیں جو کہ نہ ہونے کے برابر ہے کیونکہ تاحال مسلم لیگ ن ایسا بیانیہ نہیں بنا سکی جو میاں نواز شریف ساتھ لے کر آئیں اور پارٹی کی ساکھ میں نئی روح پھونک سکے۔

دوسرا اہم نکتہ یہ کہ میاں صاحب کو آج بھی شدید تحفظات ہیں کہ اگر بالفرض وہ وطن واپس پہنچ گئے تو انھیں ویلکم کرنے کیلئے کتنے لوگ موجود ہونگے کیونکہ الیکشن کا مومینٹم بنانے کیلئے یہ بہت ہہت ضروری ہے۔ اگرچہ بہت کم ہے بلکہ نہ ہونے کے برابر ہے مگر یہ امکان بہرحال موجود ہے کہ میاں نواز شریف کو کچھ عرصہ کیلئے شاید جیل بھی جانا پڑے۔ میاں صاحب کچھ عرصہ جیل میں رہنے سے اتنے خائف نہیں ہیں کیونکہ اس سے پہلے بھی وہ جیل میں رہ چکے ہیں۔

اصل خوف اس بات کا ہے کہ عمران خان گزشتہ کچھ عرصے کے دوران ایسے فیصلے کر چکے ہیں کہ وہ اچانک شطرنج کی پوری بساط بھی الٹا سکتے ہیں۔ وہ ایک گیمر ہے شاید میاں نواز شریف کو یہ خدشہ بھی ہے کہ عین وقت پر عمران خان گیم پلٹ کر جیل سے باہر آ جائیں اور میاں نواز شریف کیلئے جیل عذاب بن جائے۔ ویسے بھی طاقتور حلقے میاں نواز شریف کے بجائے میاں شہباز شریف پر زیادہ اعتماد کرتے ہیں۔ ان ساری باتوں کو دیکھتے ہوئے مجھے یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ عین وقت پر میاں نواز شریف کا اپنی پاکستان آمد ملتوی کرنے اور نئی تاریخ دینے کا قوی امکان موجود ہے۔۔

Check Also

Extramarital Affairs

By Amer Abbas