Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Amer Abbas
  4. Begmat Ka Khof

Begmat Ka Khof

بیگمات کا خوف

تاریخ اگر سچ لکھے اور مرد اگر سچ بولیں تو دنیا کے کامیاب ترین مردوں کی کامیابی کے پیچھے اگر کسی کا سب سے زیادہ حصہ ہے تو وہ ہے: "بیوی کا ڈر! "

جی ہاں، وہی بیوی جو فون پر صرف "کہاں ہو؟" پوچھتی ہے اور شوہر کو ایسے ہانپنے پر مجبور کر دیتی ہے جیسے کسی خفیہ ایجنسی نے پکڑ لیا ہو۔

وہی بیوی جو "ایک بات پوچھوں؟" کہہ کر شوہر کے سارے خواب، سارے منصوبے اور بچپن کی غلطیاں تک یاد دلا دیتی ہے۔

دنیا کے عظیم لیڈرز، بزنس ٹائیکونز حتیٰ کہ سائنسدان بھی۔۔ اگر کبھی قسم اٹھوا کر ان سے پوچھا جائے تو بتائیں گے کہ انہیں نیوٹن کے کششِ ثقل سے زیادہ بیوی کی کششِ نظر کا خوف تھا۔ بیوی کی "خاموشی" اکثر اس دھماکے سے زیادہ خوفناک ہوتی ہے جس نے بگ بینگ کو جنم دیا تھا۔

کامیاب مرد عام طور پر وقت کے پابند، نظم و ضبط کے پکے، بجٹ کے پابند اور حد سے زیادہ محتاط ہوتے ہیں۔ اب یہ خوبیاں کہاں سے آئیں؟

ظاہر ہے بیوی کے ڈر سے!

ذرا سوچیے۔

وہ شوہر جو دفتر وقت پر پہنچتا ہے، مقررہ وقت پر کھاتا ہے، کسی خاتون کولیگ سے نظر بھی ملاتے ہوئے شرماتا ہے، پارٹیوں سے گریز کرتا ہے اور "کالز" کا ریکارڈ خود صاف کرتا ہے، آخر یہ سب کیوں؟

کیونکہ وہ کامیاب ہے؟

نہیں!

کیونکہ وہ "سمجھدار" ہے، یعنی بیوی سے ڈرتا ہے!

کچھ شوہر اس حقیقت کو ماننے میں شرم محسوس کرتے ہیں۔ مگر وہ نہیں جانتے کہ بیوی سے ڈرنا نہ صرف عقلمندی ہے بلکہ معاشرتی سلامتی، جذباتی استحکام اور دماغی صحت کے لیے بھی ازحد ضروری ہے۔

ایک تحقیق (جو شاید کسی شوہر نے چھپ کر کروائی ہو) یہ بتاتی ہے کہ جن مردوں کی بیویاں سخت مزاج ہوتی ہیں، وہ دل کے امراض سے کم مرتے ہیں، کیونکہ ان کے دل میں پہلے ہی بیوی کا ڈر بیٹھا ہوتا ہے اور دوسرا دل کے لیے جگہ ہی نہیں بچتی۔

ایک کامیاب مرد میں جو خوبیاں ہوتی ہیں: صبر، برداشت، خاموشی میں حکمت، چہرے پر مسکراہٹ، دل میں طوفان اور وقت پر "جی جان" کہنے کی عادت۔

یہ سب کہاں سے آتی ہیں؟

بیوی کی تربیت سے!

یہ وہ ڈر ہے جو شوہر کو انسان سے مشین بناتا ہے وقت پر جاگنے والی، خاموشی سے سننے والی، دل میں سوچنے اور بیوی کے سامنے نہ بولنے والی مشین!

یاد رکھیں، کامیاب مرد وہ نہیں جو دنیا کو جیتے، کامیاب مرد وہ ہے جو بیوی کو ناراض کیے بغیر دنیا کو جیت لیتا ہے۔

بیوی کا ڈر وہ خفیہ انرجی ہے جو مرد کو فضول دوستیوں، لاابالی خرچوں، غیر ضروری سیر سپاٹے اور جذباتی فیصلوں سے بچاتا ہے اور یہی وہ احتیاطیں ہیں جو اسے کامیاب بناتی ہیں۔

تو اگر آپ بھی کامیاب ہونا چاہتے ہیں، تو بس ایک کام کریں، بیوی سے ڈریے۔ شروع شروع میں لوگ آپ کو باتیں کریں گے مگر کچھ ہی عرصے میں آپ انشاءاللہ عادی ہو جائیں گے۔

Check Also

Muhammad Yaqoob Quraishi (3)

By Babar Ali