Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Amer Abbas
  4. Ache Waqt Ka Intezar

Ache Waqt Ka Intezar

اچھے وقت کا انتظار

ماہرین نفسیات کے مطابق اس روئے زمین پر پایا جانے والا ہر عاقل و بالغ انسان زندگی کے کسی نہ کسی موڑ پر شدید ڈپریشن اور وقتاً فوقتاً اینگزائٹی کا شکار ضرور ہوتا ہے۔ ویسے تو ڈپریشن، اضطراب اور پریشانی کی کئی وجوہات ہیں مگر فکر معاش اور اردگرد کے لوگوں کے رویے اسے بڑھاوا دینے میں سر فہرست ہیں۔

جب ہم پریشان ہوتے ہیں تو ہماری سوچ ایک ہی نکتے پر محدود ہو کر رہ جاتی ہے۔ دراصل اس وقت ہم یہ سوچ رہے ہوتے ہیں کہ اب یہ پریشانی ہمیشہ ساتھ چلنی ہے اور یہی سوچ سوچ کر ہم ہلکان ہو رہے ہوتے ہیں۔ حالانکہ اس سوچ کا حقیقت سے دور کا واسطہ بھی نہیں ہے۔ دنیا کی ہر شے جب پیدا ہوتی ہے تو وہ چھوٹی ہوتی ہے پھر وقت کیساتھ ساتھ بڑھتی جاتی ہے سوائے پریشانی کے۔ پریشانی جب پیدا ہوتی ہے تو بہت بڑی ہوتی ہے مگر وقت کیساتھ ساتھ گھٹتی یعنی کم ہوتی جاتی ہے۔

وقت ہمیشہ ایک سا نہیں رہتا یہ بدلتا رہتا ہے اور پلٹ پلٹ کر آتا ہے۔ میں آپ کو ایک چھوٹی سی مثال دے کر سمجھاتا ہوں۔ آپ ایک کاغذ قلم ہاتھ میں لیجئے اور اپنی زندگی کے گزشتہ صرف پانچ سال پر نظر دوڑائیں تو آپ دیکھیں گے کہ آپ پر بہت سی پریشانیاں آئیں اور وقت کیساتھ ساتھ وہ پریشانیاں یا تو خود بخود ختم ہوگئیں یا آپ نے ان کیساتھ بہترین طریقے سے مینج کرنا سیکھ لیا۔ کتنے اچھے برے وقت آئے اور گزر گئے۔ گزشتہ پانچ سال کے دوران آپ کو اگر کچھ معاشی چیلنجز آئے تو یہ بھی دیکھیں کہ اسی عرصے کے دوران آپ بہت سے معاشی بحرانوں سے سرخرو ہو کر نکلے۔

اسی طرح اگر گزشتہ پانچ سال کے دوران آپ کو کسی قریبی دوست یا رشتہ دار نے تنگ کیا یا کسی قریبی نے آپکی زندگی میں بلاوجہ مشکلات لانے کی کوشش کی تو یا اس کو اللہ پاک نے ہدایت دے دی یا وہ رب کی طرف سے ویسے ہی اٹھا لیا گیا۔ آپ دیکھیں کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران آپ کے کتنے اچھے اور برے رشتےدار قبرستان کی زینت بن گئے۔ ایسے ایسے لوگ قبرستان میں پڑے ہیں جو خود کو اس دنیا کیلئے ناگزیر سمجھتے تھے اور انھیں یہ گمان تک نہ تھا کہ وہ کبھی مریں گے۔

یہ سب کہنے کا مقصد یہ تھا کہ گزشتہ پانچ سال کو دیکھ کر آپ خود اندازہ کر لیجئے کہ مستقبل کے پانچ برس کیسے ہونگے۔ آپ کی پریشانیاں اور خوشیاں عارضی ہیں وقت بدلتے دیر نہیں لگتی۔ آج کے حاکم کل کے محکوم اور کل کے حاکم آج کے محکوم ہیں۔ آج اگر برا وقت چل رہا ہے تو اچھے وقت کا انتظار کیجئے۔ یقین مانیں آپکا وقت بھی ضرور آئے گا۔

Check Also

J Dot Ka Nara

By Qamar Naqeeb Khan