Ache Joggers
اچھے جوگرز
ایک سال پہلے دسمبر کے اوآخر میں میرا دائیاں پاؤں اچانک فولڈ ہوگیا جس کے باعث شدید درد اٹھا۔ پین کلر وغیرہ لی مالش کی کچھ افاقہ ہوا مگر اگلے ہی روز اس میں شدید سوجن ہوگئی چلنے پھرنے سے قاصر تھا۔ ایکسرے کروانے پر معلوم پڑا کہ پاؤں کی ایک ہڈی فریکچر ہو چکی ہے۔ پریشانی میں لاہور کے ایک آرتھوپیڈک سرجن کو کال کرکے ایکسرے واٹس ایپ کیا اس نے کہا فوری لاہور آنا پڑے گا پلستر لگے گا۔
پلستر کا نام سنتے ہی پریشانی بڑھ گئی کیونکہ پلستر لگوا تو لیتے ہیں مگر پلستر اترنے کے بعد کی صورتحال بہت تکلیف دہ ہوتی ہے۔ برادر عزیز آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر جہانگیر اقبال سے اسی دن رابطہ کی کوشش کی کہ شاید پاکستان میں ہی ہوں مگر بوجوہ بات نہ ہو سکی۔ اسی اثناء میں ڈاکٹر عاطف صاحب کا ذہن میں آیا ان سے پوچھتا ہوں کہ کوئی اچھے سے آرتھوپیڈک سرجن کا بتا دیجئے جب انھیں کال کرکے کہا کہ بھائی یہ معاملہ ہے کسی اچھے سے آرتھوپیڈک سرجن کی طرف رہنمائی کر دیں تاکہ آج ہی چیک اپ کیلئے لاہور روانہ ہو جاؤں کیونکہ آفس سے دسمبر چھٹیوں کی وجہ سے گھر پر ہی تھا۔ وہ پہلے تو پورے دھیان سے میری بات سنتے رہے پھر کہنے لگے "اگر مجھ پر یقین ہے تو میں بھی ایف سی پی ایس آرتھوپیڈک ہی ہوں"۔
مجھے خوشگوار حیرت ہوئی۔ خیر انھوں نے مجھے ایکسرے کیساتھ پاؤں کی ویڈیو بنا کر بھیجنے کیلئے کہا۔ ویڈیو اور ایکسرے دیکھنے کے بعد انھوں نے کال کرکے کہا کہ باہر والی سائیڈ سے فریکچر ہوا ہے۔ انشاءاللہ پلستر کے بغیر ہی ہڈی جڑ جائے گی۔ انھوں نے مجھے ایک دوا تجویز کرنے کیساتھ مسلسل دیڑھ ماہ تک پابندی سے ایک خاص قسم کے جوگرز پہننے کیلئے بھی تجویز کیا۔
پہلے پاؤں پر سے سوجن ختم نہیں ہو رہی تھی مگر یہ جوگر پہننے کے بعد میں نے چلنا پھرنا شروع کر دیا اور دو روز میں ہی پاؤں کی سوجن بھی ختم ہوگئی۔ اسی دوران ڈاکٹر جہانگیر اقبال صاحب کی کال آئی۔ انھیں ساری رام کہانی سنائی تو انھوں نے کہا کہ بیماری کے حساب سے ڈاکٹر عاطف عزیز نے بہترین ٹریٹمنٹ دے دیا ہے وہی جاری رکھیں۔ ایک ہفتے بعد میری درد مکمل طور پر ختم ہوگئی۔ ڈاکٹر عاطف عزیز کیساتھ رابطے میں رہا۔ الحمد للہ ڈیڑھ ماہ بعد ہڈی مکمل طور پر جڑ چکی تھی۔ ڈاکٹر عاطف عزیز کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے مجھے پلستر جیسی اذیت سے بچا لیا۔ اس کے بعد میں نے جوگرز پہننے کو معمول بنا لیا آج تک پہن رہا ہوں۔
انھی دنوں ایک اور حیرت انگیز واقعہ ہوا۔ مجھے گیارہ سال سے کمر درد کا مسئلہ تھا جو ہر سردی کے موسم میں زیادہ ہوتا تھا مگر گزشتہ برس مجھے کمر درد بھی بہت کم ہوا۔ حالیہ موسم میں بھی جس شدت کی سردی پڑ رہی ہے الحمد للہ میں کمر درد بچا رہا ہوں بس آجکل ہی زرا زیادہ شروع ہوا ہے فزیوتھراپی کرنے سے کافی بہتر ہو جاتا ہے۔
شوز کی اہمیت پر ایک آرٹیکل میری نظر سے گزرا جس کا لب لباب یہ تھا کہ پٹھوں کی مختلف دردوں سے ریلیف میں سب سے بڑا رول آپکے جوتے کا ہوتا ہے۔ گھٹنوں کے درد کی سب سے بڑی وجہ اونچی نیچی ایڑیوں والے فینسی قسم کے جوتے ہیں جن کے سول کمفرٹیبل نہیں ہوتے جس سے چلنے پھرنے میں بھی شدید دشواری رہتی ہے۔ کمر درد کی بالواسطہ وجہ جوتے بھی ہو سکتے ہیں۔
اس آرٹیکل میں اچھی برانڈ کے جوگرز بارے زور دیا گیا تھا کہ اگر کسی بہترین برانڈ کے جوگرز پہن لئے جائیں تو کمر درد اور گھٹنوں کی تکلیف سے نہ صرف بچا جا سکتا ہے بلکہ جن کو پہلے سے تکلیف ہے اگر وہ اپنا وزن کنٹرول کیساتھ اعلیٰ کوالٹی جوگرز پہننا شروع کر دیں تو درد میں بھی کافی آفاقہ ہوتا ہے۔ وہ الگ بات ہے کہ اچھی برانڈ کے جوگرز کچھ مہنگے ملتے ہیں مگر سالہا سال چلتے ہیں۔