Thursday, 02 May 2024
  1.  Home/
  2. Blog/
  3. Amer Abbas/
  4. Ab Mareez Kya Kare

Ab Mareez Kya Kare

اب مریض کیا کرے

چند ہفتے پہلے معدہ کی ایک ملٹی نیشنل کمپنی کی دوا لینے دوست کی فارمیسی پر گیا وہاں دوا نہ ملی تو ایک دوسری فارمیسی والے کے پاس چلا گیا۔ دوسری فارمیسی والے بھائی صاحب نے اسی سالٹ میں ایک تھرڈ کلاس کمپنی کی نسبتاً مہنگی دوا میرے سامنے رکھتے ہوئے اسکی تعریفوں کے پل باندھنا شروع کر دئیے۔ اسے غالباً پتہ نہیں تھا کہ فارمیسی کی الف ب مجھے بھی آتی ہے۔ میں اسکی اچھی خاصی کلاس لے کر فارمیسی سے نکلتے ہوئے سوچ رہا تھا یار یہ سادہ لوح عوام کی چمڑی کیسے شرمناک اور افسوسناک طریقہ سے ادھیڑنے ہیں۔

تین برس قبل ایک نوٹیفکیشن جاری ہوا کہ ڈاکٹر اپنے نسخہ پر صرف جنیرک مطلب سالٹ کا نام لکھیں گے، مریض میڈیکل سٹور سے اپنی مرضی کی کمپنی کی ادویات خریدے گا مگر بعدازاں اس نوٹیفکیشن پر عملدرآمد شاید روک دیا گیا تھا۔ اس وقت آج ہی کے دن میں نے لکھا تھا کہ برانڈ نیم کے بجائے سالٹ کا نام لکھنا ایک لحاظ سے اچھا فیصلہ بھی ہے اور اس کے کچھ مضمرات بھی ہیں۔

اچھا فیصلہ اس وجہ سے ہے کہ اب مریض کی مرضی ہوگی کہ وہ فارماسسٹ سے اپنی مرضی کی دوا لے گا۔ ایسے ڈاکٹرز جو فارماسیوٹیکل کمپنیوں سے کمیشن لے کر اس کمپنی کی دوا لکھتے ہیں اس فیصلے سے انکی حوصلہ شکنی ہوئی ہے لہذا یہ ایک اچھا فیصلہ ہے۔ مضمرات یہ ہیں کہ اب میڈیکل ریپ کا جھکاؤ ڈاکٹرز کی بجائے فارماسسٹ یعنی میڈیکل سٹور والے کی طرف ہوگا اور انھیں کمیشن دیں گے، بالفاظ دیگر اب ڈاکٹر کی بجائے فارماسسٹ یعنی میڈیکل سٹور والے میڈیکل ریپ کی آنکھ کا تارا ہوں گے"۔

دوست نے متفکر ہو کر پوچھا کہ ہمیں کیسے پتہ کہ اچھی کمپنی کونسی ہے؟" یہ واقعی بہت بڑا مسئلہ ہے۔ اس کا سادہ سا حل یہی ہو سکتا ہے کہ کسٹمر کو پتہ ہو کہ معیاری ادویات کس کمپنی کی ہیں۔ پاکستان میں جہاں بےتحاشا غیر معیاری کمپنیوں کی ادویات ہیں وہاں درجنوں بہترین کمپنیوں کی ادویات بھی مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔ میں مفاد عامہ کیلئے اپنے علم و یقین کے مطابق چند ایک کمپنیوں کے نام نیچے دے رہا ہوں۔ آپ اپنا ڈاکٹری نسخہ لے کر کسی بھی اچھے میڈیکل سٹور پر جا کر پورے اطمینان کیساتھ ان کمپنیوں میں سے کسی بھی کمپنی کی دوا طلب کر سکتے ہیں۔

HILTON, SAMI, GETZ, BARRETT HADGSON, ABBOT, BOSCH, GLAXO SMITH KLlEN, SEARLE, MERCK, MARTIN DAW.

میرے ذاتی تجربہ کے مطابق مندرجہ بالا کمپنیوں کی ادویات معیاری اور رینج بہت وسیع ہے۔ امید ہے کہ آپکی پچانوے فیصد ادویات انھی کمپنیز میں دستیاب ہو جائیں گی۔ ان تمام کمپنیوں کی ادویات ہر اچھے میڈیکل سٹور پر دستیاب ہیں۔ یہ پوسٹ صرف اور صرف رہنمائی، خدمت خلق اور مفاد عامہ کیلئے شیئر کی گئی ہے اور یہ میری ذاتی رائے ہے، میں اپنی فیملی کیلئے بھی انھی کمپنیوں کی ادویات استعمال کو ترجیح دیتا ہوں۔ میرے محدود سے علم میں جو بہترین کمپنیاں ہیں وہ میں نے بتا دیا ہے۔ انکے علاوہ بھی معیاری ادویات بنانے والی درجنوں بہترین فارماسیوٹیکل کمپنیاں ہیں جن کے بارے میں آپ کو کوئی دیانتدار فارماسسٹ بہترین گائیڈ کر سکتا ہے۔

Check Also

Jogi Aur Nehru

By Rauf Klasra