Friday, 29 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Amer Abbas
  4. Aapka Vote Aapki Taqat

Aapka Vote Aapki Taqat

آپکا ووٹ آپکی طاقت

دھاندلی ہوگی، دھاندلی نہیں ہوگی۔ پی ٹی آئی جیتے گی، نہیں ہار جائے گی۔ نون لیگ جیتے گی۔ نہیں شکست کھائے گی۔ یہ سب وہ باتیں ہیں جو الیکشن سے قبل پروپیگنڈا کی شکل اختیار کر چکی ہیں۔

آپ ان باتوں پر ہرگز کان مت دھریں۔ آج سے ٹھیک دس دن بعد 8 فروری کو پاکستان بھر میں الیکشن ہو رہا ہے۔ گزشتہ تمام انتخابات کی نسبت یہ ایک منفرد الیکشن ہے جو مستقبل قریب میں ہونے والی سیاسی تبدیلیوں کی سمت متعین کرے گا۔

آپ کو جو پارٹی بہتر لگتی ہے اسے ووٹ دیجئے۔ میں آپ سے کسی پارٹی کیلئے ووٹ مانگنے نہیں آیا۔ آپکا ووٹ آپکی زاتی رائے ہے۔ میری پاکستان بھر میں بسنے والے تمام دوستوں، بھائیوں، بزرگوں، بہنوں سے درخواست ہے کہ آپ 8 فروری کو گھر میں ہرگز مت بیٹھیں۔ ہاتھ پر ہاتھ دھر کر گھر بیٹھے رہنے سے آپ کا مقدر ہرگز نہیں بدلے گا۔ تمام قیاس آرائیوں اور افواہوں کو پس پشت ڈال کر آپ نے گھر سے نکلنا ہے اور اپنا ووٹ کاسٹ ضرور کرنا ہے چاہے کسی بھی سیاسی جماعت کو دیں کیونکہ ووٹ ملک و قوم کا آپ پر قرض ہے جو آپ نے ادا لازمی کرنا ہے۔

گزشتہ برس سترہ جولائی کے ضمنی انتخابات میں بھی اسی طرح کی قیاس آرائیاں تھی مگر آپ نے دیکھا کہ تمام خدشات غلط نکلے وہ انتخابات کتنے شفاف اور منصفانہ ہوئے تھے۔

کئی لوگ اس نتیجے پر نہیں پہنچ پا رہے کہ ہم ووٹ کس سیاسی جماعت کو دیں۔ میں آپ کو ایک آسان سا حل بتاتا ہوں۔ ایک سادہ کاغذ لیجئے۔ بال پوائنٹ سے اس پر تین کالم بنائیں۔ پہلے کالم میں مسلم لیگ ن لکھیں، دوسرے میں پیپلز پارٹی اور تیسرے میں پی ٹی آئی لکھیں۔ اس کے بعد سوچ سمجھ کر ہر ایک نام کے نیچے اس شخص اور جماعت کی ملک و قوم کیلئے کارکردگی، دیانتداری، ملک کیساتھ کمٹمنٹ، خوبیاں اور خامیاں لکھیں۔ جب آپ اسے مکمل کر چکیں تو اس چارٹ کو بار بار پڑھیں۔ کچھ ہی وقت میں آپ انشاءاللہ کسی نہ کسی نتیجہ پر ضرور پہنچ جائیں گے کہ آپ نے کس جماعت کو ووٹ دینا ہے۔

آپ نے کسی شخص کو ووٹ نہیں دینا لہٰذا حلقے کی شخصیت کو ذہن میں مت رکھیں بلکہ آپ کا ووٹ مسلم لیگ ن، پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کا ووٹ ہی شمار کیا جائے گا۔

میں پھر عرض کر رہا ہوں آپ نے کسی بھی قسم کی افواہوں پر کان نہیں دھرنا اور گھر نہیں بیٹھنا۔ آپ جس جماعت کو چاہیں ووٹ دیں مگر آپ نے اپنا ووٹ ضرور کاسٹ کرنا ہے۔ آپکا ووٹ آپکی طاقت ہے۔ نظام چاہے جیسا بھی ہے مگر ہم اسی نظام میں رہ کر اپنے ووٹ کی طاقت سے ہی اس نظام کو بدل سکتے ہیں اس کے علاوہ ہمارے پاس کوئی چارہ نہیں ہے لہذا آپ نے ووٹ ضرور کاسٹ کرنا ہے یہ آپکے پاس ریاست کی امانت ہے اگر آپ ووٹ کاسٹ نہیں کریں گے تو آپ امانت میں خیانت کر رہے ہوں گے ویسے بھی آپ کا ووٹ غلط استعمال ہو سکتا ہے۔

اپنے والدین، چچا چچی، ماموں ممانی، دادا دادی نانا نانی غرضیکہ تمام رشتے داروں اور عزیز و اقارب کو بھی ووٹ کاسٹ کرنے پر قائل کیجئے اور 8 فروری کو انھیں پولنگ اسٹیشن پر ہر صورت پہنچائیں۔ 8 فروری کو آپ نے گھر سے نکلتے وقت کوئی نعرے بازی نہیں کرنی کوئی ہلڑ بازی نہیں کرنی۔ اللہ پر توکل کرتے ہوئے آرام سے ووٹ کاسٹ کرکے گھر واپس آئیں اور اپنا کام کاج کیجئے۔

Check Also

Zar e Mubadala Bhejne Ka Sila

By Khalid Mahmood Faisal